Inquilab Logo

ہندوستانی ہاکی ٹیم کا ایف آئی ایچ پرو لیگ کے ذریعے اولمپک تیاریوں کا منصوبہ

Updated: January 18, 2020, 9:45 AM IST | Agency | Bhubaneswar

ہندوستانی ہاکی ٹیم سنیچر کوعالمی نمبر۳؍ نیدرلینڈس ٹیم کے خلاف ایف آئی ایچ پرو لیگ میچ کے ذریعے ٹوکیو اولمپکس کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔

انڈین ہاکی ٹیم ۔ تصویر : آئی این این
انڈین ہاکی ٹیم ۔ تصویر : آئی این این

 بھونیشور : ہندوستانی ہاکی ٹیم سنیچر کوعالمی نمبر۳؍ نیدرلینڈس ٹیم کے خلاف ایف آئی ایچ پرو لیگ میچ کے ذریعے ٹوکیو اولمپکس کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔ ہندوستان نے پچھلی پرو لیگ میں شرکت نہیں کی تھی لیکن اس بار اس کی شروعات ۲۰۱۹ء کے  پرو لیگ اور یورپی چمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے ہالینڈ سے ہوگی۔ پہلا میچ سنیچر اور دوسرا اتوار کو کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
  دنیا کی ٹاپ ٹیموں  کی شرکت کی بنیاد پر ہوم اوراوے میچوں کی بنیاد پر کھیلا جانے والا ٹورنامنٹ ہندوستان کی اولمپک تیاریوں کو قوت  بخشے گا۔ نیدرلینڈس کے بعد ہندوستان ۸؍ اور ۹؍ فروری کو ورلڈ چمپئن بلجیم سے کھیلے گا۔ اس کے بعد آسٹریلیا کا مقابلہ ۲۲؍ اور۲۳؍  فروری کو ہو گا ۔ہندوستان کا اگلا مقابلہ جرمنی (۲۵؍ اور ۲۶؍ اپریل) اور برطانیہ (۲؍ اور ۳؍مئی) سے ہوگا۔ وطن لوٹنے پر وہ ۲۳؍ اور۲۴؍ مئی کو نیوزی لینڈ اور پھر۵؍ اور۶؍ جون کو ارجنٹائنا میں کھیلے گا۔ منپریت سنگھ کی زیرقیادت ٹیم پرو اور راؤنڈ رابن مرحلے کاآخری میچ ۱۳؍ اور۱۴؍ جون کو اسپین کے خلاف کھیلے گی۔
  ہندوستان کے ہیڈ کوچ گراہم ریڈ اس ٹورنامنٹ میں درپیش چیلنج سے بخوبی واقف ہیں ۔   نیدر لینڈس  ٹیم کے سابق اسسٹنٹ کوچ ریڈ کو پتہ ہے کہ ڈچ ٹیم کیخلاف کیسا مظاہرہ کرناہے۔ نیدرلینڈس نے۲۰۱۸ء ورلڈ کپ  کے کوارٹر فائنل میں ہندوستان کوایک۔۲؍ سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے مابین آخری ۵؍میچوں میں سے ہندوستان نے ۴؍میں کامیابی حاصل کی اور ایک ڈرا ہوا۔ ریڈ نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کو اولمپک تیاریوں کے آغاز کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ایک مضبوط آغاز ضروری ہے۔ ہمارے پہلے ۳؍ میچ دنیا کی ٹاپ ۳؍ ٹیموں کے خلاف ہیں۔ہم کوشش کریں گے کہ ہم اپنی ٹیم کو بہتر اندازمیں ترتیب دیں۔ کھلاڑی اپنی تکنیک کو بہتر بنائیں گے۔
  کلنگا اسٹیڈیم میں کھیل کر ہندوستان کو فائدہ ہوگا کیوں کہ انہوں نے یہاں ان گنت میچ کھیلے ہیں۔ اسی میدان میں گزشتہ سال نومبر میں ایف آئی ایچ کوالیفائر میں روس کو ہندوستان ۳۔۱۱؍سے ہراکر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کر لیا تھا ۔ نیدرلینڈس کے کوچ میکس کالڈاس نے کہا ’’ہندوستان کیخلاف میچ بہت اہم ہے۔ ہندوستان کے سامنے اس کی سرزمین پر کھیلنا بہت مشکل ہے لیکن ہمیں بھونیشور میں کھیل کر لطف آتا ہے۔ اولمپکس سے پہلے کھلاڑیوں کو آزمانے کا یہ سنہرا موقع ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے مڈفیلڈر چنگلینسنا سنگھ اور سمیت کی واپسی کے ساتھ اپنی پوری قوت اسکواڈ میں میدان میں اترے گا جو انجری کی وجہ سے باہر  ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK