Inquilab Logo

ویسٹ انڈیز کو ہراکر انڈین لیجنڈز نے فائنل میں قدم رکھا

Updated: March 19, 2021, 11:25 AM IST | Agency | Raipur

روڈ سیفٹی ورلڈ ٹی۔۲۰؍سیریز کے سیمی فائنل میں سچن تینڈولکر اور یوراج سنگھ کی دھماکہ خیز بلے بازی،ویسٹ انڈیز لیجنڈز کو۱۲؍رنوں سے ہرایا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

  کپتان سچن تینڈولکر اوریوراج سنگھ کی دھماکے دار اننگز کے بعد اپنے گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انڈیا لیجنڈز نے یہاں شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئےان اکیڈمی روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز ٹی ۲۰؍ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز لیجنڈز کو ۱۲؍رنوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا لیجنڈز نے ۳؍ وکٹوں  کے نقصان پر۲۱۸؍ رنوںکا بڑا اسکور بنایا اور پھر ویسٹ انڈیز کو مقررہ ۲۰؍اووروں میں ۶؍ وکٹوں پر ۲۰۶؍رنوں پر روک دیا۔ انڈیا لیجنڈز کا مقابلہ اب اتوار کو سری لنکا لیجنڈزاور جنوبی افریقہ لیجنڈزکے مابین دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔  کپتان سچن تینڈولکر (۶۵) اور یوراج سنگھ (۲۰؍گیندوں میں  ایک چوکے اور ۶؍چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۴۹؍رن) کی دھماکے دار اننگز کی مدد سے انڈیا لیجنڈز نے ۳؍وکٹوں پر ۲۱۸؍رنوںکا بڑا اسکوربنایا اور ونڈیز کومقررہ ۲۰؍ اوور میں ۶؍ وکٹ پر ۲۰۶؍رنوں پر روک دیا۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے  بلے بازی کرنے اتری انڈیا لیجنڈز کو وریندرسہواگ (۳۵) اور تینڈولکر نے پہلے وکٹ کے لئے ۳ء۵؍اوور میں ۵۶؍ رن جوڑ کر دھماکے دار شروعات دی۔ سہواگ کو اپنی ہی گیند پر ٹینو بیسٹ نے کیچ آؤٹ کیا۔ سہواگ نے ۱۷؍گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔  وریندرسہواگ کے پویلین لوٹ جانے کے بعد سچن نے دوسرے وکٹ کے لئے محمد کیف (۲۷) کے ساتھ ۳۸؍ گیندوں پر ۵۳؍رنوں کی شراکت داری کی۔ کیف نے ۲۱؍گیندوں پر ۲؍ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ کیف کوناگامٹو نے آسٹن کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ کپتان سچن نے ایک سرے کو سنبھالے رکھا اور اس سیریز میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ سچن نے ۴۲؍ گیندوں میں۶؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ وہ  ٹینوبیسٹ کی گیند پر کیکی ایڈورڈز کے ہاتھوں باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کیف اور سچن نے تیسرے وکٹ کیلئے ۳۱؍رنوں کی شراکت کی۔
 اس کے بعد یوسف پٹھان نے ۲۰؍گیندوں میں ۲؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست ۳۷؍رن اور یوراج سنگھ نے ۲۰؍گیندوں میں ایک چوکا اور ۶؍چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۴۹؍رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی اور انڈیالیجنڈز کو ۳؍وکٹ پر ۲۱۸؍رن کے بڑے اسکور تک پہنچایا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لئے ۷۸؍رنوں کا اضافہ کیا۔ ویسٹ انڈیزلیجنڈز کے لئے ٹینو بیسٹ نے ۲؍ اور ریان آسٹن نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
 انڈیا لیجنڈز کی جانب سے ملے ۲۱۹؍رنوں کے بڑے اسکور کا تعاقب کرنے اترے ویسٹ انڈیز لیجنڈ کا پہلا وکٹ ۱۹؍ رن کے اسکور پر ہی ولیمس پرکنز(۹) کی شکل میں گرا۔ اس کے بعد ڈوین اسمتھ (۶۳) نے اس سیریز میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور ونڈیز کے اسکور کو ۱۰۰؍کے پار پہنچایا۔اسمتھ نے نرسنگ ڈونرین (۵۹) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے ۹۹؍ رنوں کی شراکت کرکے ویسٹ انڈیز کو جیت کے قریب پہنچانے کی کوشش کی۔ تاہم یہ شراکت جو خطرناک ہوتی جارہی تھی عرفان پٹھان نے اسمتھ کو آؤٹ کرتے ہوئے توڑ دی۔ عرفان نے اسمتھ کو یوسف پٹھان کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اسمتھ نے ۳۶؍گیندوں پر ۹؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔
 اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے بعد پرگیان اوجھا نے اگلے ہی اوور میں کیکی ایڈورڈز کو اسٹمپ کرا دیا۔ ۱۲۰؍رن پر اپنے ۳؍ وکٹ گنوانے کے بعد کپتان برائن لارا بیٹنگ کیلئے میدان میں اترے۔ لارا اور ڈونرین نے چوتھی وکٹ کیلئے ۸۰؍ رنوں کی شراکت کرکے ونڈیز کو میچ میں برقرار رکھا۔ ٹیم کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لئے ۱۷؍ رنبنانے تھے لیکن وہ مقررہ ۲۰؍ اووروں میں ۶؍ وکٹ پر ۲۰۶؍ رن ہی بنا سکی۔ڈونرین نے ۴۴؍گیندوں میں ۵؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ لارا نے ۲۸؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۴۶؍رن بنائے۔ انڈیا لیجنڈز کے لئے ونئے کمار کو ۲؍ اور عرفان پٹھان، منپریت گونی اور پرگیان اوجھا کو ایک ایک وکٹ ملے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK