Inquilab Logo

اولمپک میں ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کافاتحانہ آغاز، نیوزی لینڈ کو۲۔۳؍ سےشکست دےدی

Updated: July 25, 2021, 9:48 AM IST | tokyo

گول کیپر شری جیش نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار اداکیا۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ نے ۲؍گول کئے اور ٹیم کو برتری دلائی تھی

The Indian hockey player can be seen in action against New Zealand.Picture:PTI
ہندوستانی ہاکی کھلاڑی کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایکشن میں دیکھا جاسکتاہے تصویرپی ٹی آئی

اولمپک کھیلوں میں۴۱؍ سال کی خشک سالی کوختم کرنے کی پورے ملک کی توقعات پر کھرے اترتے ہوئے ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم ٹوکیواولمپک میں اپنے گروپ اسٹیج مہم میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں۲۔۳؍ سے  فاتح رہی۔
 کانٹے کے اس مقابلے میں ہندوستان نے جارحانہ آغازکیا، مندیپ سنگھ نے نیل کانت شرماکی مددسے تیسرے منٹ میں ہندوستان کے لئے  پہلا  پنالٹی کارنر حاصل کیا، حالانکہ وہ اسے گول میں تبدیل نہ کرسکے۔ اس درمیان نیوزی لینڈ نے ۵؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنرحاصل کیا اورکین رسیل نے اسے گول میں تبدیل کیا، لیکن ہندوستان زیادہ دیرتک پیچھے نہ رہا اورروپندرپال سنگھ نے ۱۰؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کاکھاتہ کھول دیا، جبکہ ہرمن پریت سنگھ نے ۲۶؍ ویں اور ۳۳؍ ویں منٹ میں گول  کر کے  برتری میں اضافہ کردیا لیکن یہ تجربہ کارگول کیپر پی آرشری جیش تھے جنہوں نے میچ کے آخری لمحات میں نیوزی لینڈ کوبرابری سے روکنے کے لئے گول پوسٹ میں بہت عمدہ کام کیا اورٹیم کی برتری قائم رکھنے میں مددکی، جس سے میچ ٹیم کے حق میں  رہا۔
 پہلے کوارٹرمیں دونوں ٹیموں کے درمیان زور دارٹکرہوئی، نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے پنالٹی کارنر ڈفینس کومصروف رکھا، کوارٹر کے آخر میں نیوزی لینڈ کو۴؍پنالٹی کارنرملے لیکن تجربہ کار گول کیپر پی آرشری جیش نے شاندار ڈفینس سے نیوزی لینڈ کواسکورکرنے سے روکا۔ابتدائی جھٹکے سےابھرتے ہوئے دوسرے کوارٹر میں ہندوستان زیادہ خطرناک نظر آیا۔ ٹیم نے گول کرنے کے لئے دو ابتدائی  مواقع بنائے اور۲۶؍ ویں منٹ تک ہندوستان نے۱۔۲؍کی برتری قائم کرلی۔ ٹیم کے ایک اچھے ریفرل نے ایک پنالٹی کارنر دلایا، جسے شاندار طریقے سے گول میں تبدیل کیا گیا۔
 اس کے بعد ہندوستان نے تیسرے کوارٹر میں کچھ ابتدائی مواقع بناتے ہوئے مضبوط مقابلہ کیا۔ فارورڈ مندیپ سنگھ اور دل پریت سنگھ نے گول کے امکانات پیدا کرنے کے لئے فرنٹ لائن میں اچھا کام کیا۔ جارح انداز نے ہندوستان کو ایک اور پنالٹی کارنردلایا اور نیوزی لینڈ کا دفاع ہرمنپریت کی شاندار فلک کو روک نہیں پایا اور۳۳ ؍ویں منٹ میں ہندوستان نے اپنی برتری کوایک۔۳؍ کرلیا۔
 ہندوستان کو۳۶؍ ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن نیوزی لینڈ کے گول کیپر لیون ہیورڈ نے عمدہ دفاع کیاحالانکہ۴۳؍ ویں منٹ میں ہندوستان کے  دفاع میں چوک سے نیوزی لینڈ کے اسٹیفن جینیس نل ولسن کی مدد سے گول داغنے میں کامیاب رہے۔ ٹوکیو میں۳۳؍ ڈگری درجہ حرارت کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان آخری کوارٹر تناؤسے پُررہا۔ اس دوران نیوزی لینڈ نے عمدہ دفاع کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK