Inquilab Logo

انڈین پریمیر لیگ فرنچائزیز کا قرنطینہ اور کورونا جانچ عمل کاآغاز

Updated: August 09, 2020, 4:43 PM IST | Agency | New Delhi

ممبئی انڈینس نے اپنے کھلاڑیوں کو ایک ہوٹل میں قرنطین کرنا شروع کردیا ہے اور کورونا وائرس کی باقاعدگی سے جانچ بھی کی جارہی ہے

Mumbai Indian in Dubai
ممبئی انڈینس کے ٹویٹر سے لی گئی تصویر جس میں یواے ای کے اسٹیڈیم میں ٹیم کو دکھایا گیا ہے

نڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائزیز نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) کیلئے روانہ ہونے سے قبل کورونا وائرس (کووڈ۱۹) کے وبا کے مدنظر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانچ اور قرنطین کا عمل شروع کر دیا ہے۔
 آئی پی ایل کا انعقاد۱۹؍ ستمبر سے۱۰؍ نومبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونا ہے اور ٹیمیں  ۲۰؍ اگست کے بعد ہی متحدہ عرب امارات روانہ ہو سکیں گی۔ممبئی انڈینس نے اپنے کھلاڑیوں کو ایک ہوٹل میں قرنطین کرنا شروع کردیا ہے اور کورونا وائرس کی باقاعدگی سے جانچ بھی کی جارہی ہے۔ قرنطینہ کی مدت پوری کرنے والے کھلاڑیوں کو نوی ممبئی میں تربیت دینے کی اجازت ہوگی۔
 راجستھان رائلز نے اپنے کھلاڑیوں اور کھیلوں کے عملے کو دبئی روانگی سے قبل اگلے ۲؍ ہفتوں کے دوران کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ ایک اور فرنچائزی  نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اپنے ہندوستانی کھلاڑیوں کو گھر میں ہی قرنطین کرنے کو کہا ہے۔
 فرنچائزی کے ایک ذرائع نے کہا کہ آؤٹ ڈور ٹریننگ ابھی کوئی سوال ہی نہیں ہے ، ہم محتاط ہیں اور اس بار ایس او پی کے ضوابط کے بارے میں ہر چیز غیر یقینی ہے۔ ہم حتمی فیصلے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے خدشات آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کو بتائے  ہیں امید ہے کہ اس ہفتے کے آخر تک سب کچھ واضح ہوجائے گا تاکہ ہم اپنے آگے کے منصوبوں کو حتمی شکل دے سکیں۔فی الحال آئی پی ایل نے فیصلہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں تربیت شروع کرنے سے قبل کھلاڑیوں اور معاون عملے کو کورونا وائرس سے چار بار جانچ کے ساتھ ساتھ انہیں ایک ہفتے تک مکمل طور پر قرنطین میں رکھا جائے۔
 ابھی تک آئی پی ایل کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن سن رائزرس حیدرآباد کے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور جانی بیریسٹو کو۷؍ روزہ لازمی قرنطین پر عمل کرنا پڑا تو وہ ٹورنامنٹ کے پہلے دو میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ رائل چیلنجرز کے کھلاڑی ایرون فنچ اور معین علی کو بھی اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 توقع کی جارہی ہے کہ یہ چاروں کھلاڑی انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین ٹی ۲۰؍ سیریز ۱۵؍ستمبر کو آئی پی ایل شروع ہونے سے ۴؍ دن قبل ختم ہونے کے بعد براہ راست متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔
 ادھر آئی پی ایل نے بھی اشتہارات کی شوٹنگ اور کھلاڑیوں کی پروموشنل سرگرمیوں سے متعلق سخت قوانین جاری کردیئے ہیں۔ اشتہاری شوٹ اور متحدہ عرب امارات روانگی کے مابین ۱۰؍ دن کا فاصلہ رکھنا کھلاڑیوں کے لئے ضروری ہے۔ اس کے علاوہ سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے صرف ۵؍ستارہ ہوٹل کے بال روم میں ہی اشتہار کی شوٹنگ کی جاسکتی ہے۔
 چنئی سپرکنگز اگست کے دوسرے ہفتے متحدہ عرب امارات پہنچنے کیخواہاںہے لیکن اس منصوبے کو حتمی فہرست کے بغیر ملتوی کرنا پڑسکتا ہے۔ چنئی سپر کنگز نے اپنی ٹیم کے ہندوستانی کھلاڑیوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ قوانین کی حتمی فہرست آنے کے بعد چنئی پہنچنا شروع کردیں۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس ۲۱؍ یا ۲۲؍ اگست تک ابوظہبی پہنچنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کنگز الیون پنجاب متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل اپنی ٹیم کے ہندوستانی کھلاڑیوں کو ساتھ لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK