Inquilab Logo

عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ میں ہندوستانی ٹیم کی پہلی شکست

Updated: February 25, 2020, 10:10 AM IST | Agency | Wellington

دنیا کی نمبر وَن ٹیسٹ ٹیم انڈیا کو اپنے بلے بازوں کی شرمناک کارکردگی کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے ہی دن پیر کو۱۰؍ وکٹ سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ویلنگٹن میں شکست کے بعد  مایوس ہندوستانی ٹیم ۔ تصاویر : پی ٹی آئی
ویلنگٹن میں شکست کے بعد مایوس ہندوستانی ٹیم ۔ تصاویر : پی ٹی آئی

 ویلنگٹن : دنیا کی نمبر وَن ٹیسٹ ٹیم انڈیا کو اپنے بلے بازوں کی  شرمناک   کارکردگی کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے ہی دن پیر کو۱۰؍ وکٹ سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میزبان نیوزی لینڈ نے اپنی تاریخ کی ۱۰۰؍ ویں ٹیسٹ کامیابی حاصل کی اور۲؍میچوں کی سیریز میں صفر۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔ہندوستان  نے ۴؍ وکٹ پر۱۴۴؍ رن  سے اپنی اننگز کو آگے بڑھا یا لیکن اس کے بلے باز وکٹ پر ٹکنے کا کوئی جذبہ نہیں دکھا سکے اور اس کی دوسری اننگز محض۱۹۱؍ رن پر سمٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کو ۹؍ رن کا ہدف ملاجو اس نے۱ء۴؍ اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کو اس جیت سے آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ میں ۶۰؍ پوائنٹس ملے جبکہ ہندوستان کو چمپئن شپ میں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں ہندوستانی ٹیم کی یہ پہلی شکست ہے۔ 
 تیز گیند باز ٹم ساؤدی نے۶۱؍ رن پر۵؍ وکٹ اور ٹرینٹ بولٹ نے۳۹؍ رن پر۴؍ وکٹ لے کر ہندوستانی اننگز کو تہس نہس کر دیا۔ ہندوستان  نے چوتھے دن اپنے باقی ۶؍ وکٹ صرف۴۷؍ رن جوڑ کر گنوا دئیے۔ میچ میں کل ۹؍ وکٹ لینے والے  ساؤدی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
 نیوزی لینڈنے اس طرح  ہندوستان کے خلاف تیسری بار ٹیسٹ میچ میں۱۰؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے اس سے پہلے ۹۰۔۱۹۸۹ء میں کرائسٹ چرچ میں اور ۰۳۔۲۰۰۲ءمیں ویلنگٹن میں  ہندوستان کو ۱۰؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
  ہندوستان  نے۴؍ وکٹ پر۱۴۴؍رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور امید تھی کہ ناٹ آؤٹ بلے باز اور نائب کپتان اجنکیا رہانے اور هنوما وهاري کچھ جدوجہد کریں گے لیکن ٹاپ آرڈر کی طرح انہوں نے بھی مایوس کیا۔ رہانے نے ۲۵؍رن  اور هنوما وهاري نے ۱۵؍ رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔
  ہندوستان کے اسکور  میں ابھی ۴؍ رن جوڑے ہی  گئے  تھے کہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند بازبولٹ نے رہانے کو وکٹ کیپر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ کرواکر ہندوستان کو ۵؍واں جھٹکا دیا۔ رہانے نے ۷۵؍ گیندوں میں ۵؍چوکوں کی مدد سے ۲۹؍رن بنائے۔ هنوما اپنے اتوار کے اسکور میں کوئی اضافہ نہیں کر سکے اور ساؤدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ هنوما نے ۷۹؍گیندوں پر۲؍ چوکوں کی مدد سے ۱۵؍ رن بنائے۔ آف اسپنر روی چندرن اشون ۴؍ رن بنا کر ساؤدی  کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ہندوستان نے۱۴؍ رن  کے وقفے میں ۳؍وکٹ گنوا دئیے اور اس کا اسکور ۷؍ وکٹ پر۱۶۲؍ رن ہو گیا۔
 وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ایشانت شرما کے ساتھ ۸؍ویں وکٹ کیلئے۲۶؍ رن جوڑے لیکن اس کے بعد ۳؍ رن کے اندر  ہندوستان  کے باقی ۳؍وکٹ بھی نکل گئے اور ہندوستان کی اننگز ۱۹۱؍ رن پر سمٹ گئی۔ کولن ڈی گرینڈ ہوم نے ایشانت کو ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ ساؤدی  نے اننگز کے۸۱؍ ویں اوور میں رشبھ  پنت اور جسپريت بمراه کا وکٹ نکال کر ہندوستان کو شرمناک شکست کی  جانب  دھکیل دیا۔پنت نے۴۱؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں کی مدد سے۲۵؍ رن اور ایشانت نے ۲۱؍ گیندوں میں ۲؍چوکوں کی مدد سے ۱۲؍رن بنائے۔ ساؤدی نے۲۱؍ اوور میں۶۱؍ رن پر۵؍ وکٹ، بولٹ نے۲۲؍  اوور میں۳۹؍  رن پر۴؍ اور گرینڈ ہوم نے۱۶؍ اوور میں۲۸؍ رن پر ایک وکٹ لئے۔
 نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے محض ۹؍رن کا ہدف ملا جو انہوں نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۱۴؍ اوورمیں حاصل کرلیا۔ ٹام لاتھم ۷؍ اور ٹام بلینڈیل نے ناٹ آؤٹ ۲؍رن بنائے۔ ایشانت اور بمراہ نے ایک ایک اوور پھینکا لیکن وکٹ لینے میں ناکام رہے۔نیوزی لینڈنے اس طرح اپنے ٹیسٹ تاریخ کی  ۱۰۰؍ویں جیت۴۱؍  ویں ٹیسٹ میں حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ ٹیسٹ میں ۱۰۰؍ ویں کامیابی حاصل کرنے والا ۷؍واں ملک بن گیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے  ہندوستان سے ٹی ۲۰؍ سیریز صفر۔۵؍سے ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور ون ڈے سیریزصفر۔۳؍سے کلین سویپ کرنے کے بعد پہلا ٹیسٹ۱۰؍ وکٹ سے جیت لیا۔
 وراٹ کوہلی کی کپتانی میں یہ دوسرا موقع ہے جب ہندوستان نے پہلے بلے بازی کی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل ہندوستان ۲۰۱۸ء میں انگلینڈکے خلاف لارڈس میں  ایک اننگز اور۱۵۹؍ رن سے ہارا تھا۔ 
 دیکھا جائے تو میچ ۳؍ دنوں میں ہی ختم ہوگیا، میزبان ٹیم نے چوتھے دن کے پہلے ہی سیشن میں ہندوستانی ٹیم کو آؤٹ کردیا حالانکہ میچ کے پہلے اور دوسرے دن کے آخری سیزن کا کھیل خراب موسم کی وجہ سے متاثر رہا تھا ۔ ہندوستان نے ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے پہلے اپنی گزشتہ ۷؍ ٹیسٹ اننگز یا۲۰۰؍ رن  سے زائد  فرق سے جیتے تھے لیکن ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ نے وراٹ کوہلی اینڈ کمپنی کے شاندار سلسلہ کا خاتمہ کر دیا۔ ہندوستان کو آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ میں ۸؍ میچوں میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا  حالانکہ وہ ۳۶۰؍ پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ نیوزی لینڈ کی ۶؍ میچوںمیں یہ دوسری فتح ہے اور وہ۱۲۰؍ پوائنٹ کے ساتھ ۵؍ویں مقام پر آگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK