Inquilab Logo

ہندوستانی بلے بازوں نے محمد سمیع اور جسپریت بمراہ کی محنت پرپانی پھیر دیا

Updated: March 02, 2020, 10:11 AM IST | Agency | Christchurch

سمیع اور بمراہ نے نیوزی لینڈ ٹیم کو پہلی اننگز میں ۲۳۵؍ رن پر پویلین بھیج دیا لیکن ہندوستانی بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور ۹۰؍رن پر ۶؍کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ سمیع کو ۴؍وکٹ ملے

محمد سمیع ۔ تصویر : آئی این این
محمد سمیع ۔ تصویر : آئی این این

 کرائسٹ چرچ : تیز گیند بازوں محمد سمیع نے ۴؍ اور جسپريت بمراه نے ۳؍وکٹ لے کر ہندوستان کیلئے  امیدیں روشن کی تھیں لیکن بلے بازوں نے دوسری اننگز میں ایک بار پھر مایوس کیا۔ ہندوستانی بلے بازوں نے نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ کے سامنے دوسری اننگز میں گھٹنے ٹیک دیئے  اور دنیا کی نمبر وَن  ٹیم ہندوستان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن اتوار کو دوسری اننگز میں ۶؍ وکٹ صرف۹۰؍ رن پر گنوا کر گہرے بحران میں پھنس گئی ہے۔بولٹ نے ۱۲؍رن پر ۳؍ وکٹ لے کر ہندوستان کو دوسری اننگز میں جھنجھوڑ دیا۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں ۷؍ رن کی برتری ملی تھی اور اس کے پاس کل ۹۷؍ رن کی برتری ہو گئی ہے۔ ہندوستان کو اس میچ میں اگر کوئی امید کرنی ہے تو اس  کے باقی بلے بازوں کو اس برتری کو۱۵۰؍رن  کے پار لے جانا ہوگا تاکہ بولر تیز گیند بازی کی مددگار اس پچ پر کوئی موقع بنا سکیں۔
 کرائسٹ چرچ کی ہریالی پچ بلے بازوں کیلئے قبرستان ثابت ہو رہی ہے اور ۲؍ دن کے کھیل میں۲۶؍ وکٹ گر چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے صبح بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۶۳؍رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ہندوستانی تیز گیند بازوں نے میزبان ٹیم کو۲۳۵؍ رن پر سمیٹ کر پہلی اننگز میں ۷؍ رن کی برتری حاصل کی۔سمیع نے۲۳ء۱؍اوور میں۸۱؍رن دے کر۴؍ وکٹ، بمراه نے۲۲؍ اوور میں۶۲؍ رن پر ۳؍ وکٹ، امیش یادو نے۱۸؍ اوور میں۴۶؍ رن پر ایک وکٹ اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجا نے ۱۰؍اوور میں۲۲؍ رن پر ۲؍ وکٹ لئے۔ ہندوستانی بلے بازوں نے دوسری اننگز میں بھی مایوس کن مظاہرہ کیا اور اسٹمپ تک اپنے  ۶؍ وکٹ ۹۰؍ رن پرگنو ادئیے ۔ بولٹ نے ۹؍ اوور کی خطرناک گیند بازی میں۱۲؍ رن دے کر ۳؍وکٹ لئے۔ مینک اگروال ۳، پرتھوی شا ۱۴؍ رن ، کپتان وراٹ کوہلی۱۴؍رن ، اجنکیا رہانے ۹؍رن، چتیشور پجارا۲۴؍رن  اور نائٹ واچ مین امیش یادو ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔اسٹمپس کے وقت هنوما وهاري ۵؍ اور رشبھ پنت ایک رن بنا کر کریز پر تھے۔
 ہندوستان نے پہلی اننگز میں۲۴۲؍رن بنائے تھے لیکن دوسری اننگز میں بلے بازوں نے وکٹ پر ٹکنے کا کوئی جذبہ نہیں دکھایا۔ ہندوستان نے ۳۶؍ اوور کے کھیل میں اپنے ۶؍ وکٹ گنوائے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے جو موقع بنایا تھا اس پر بلے بازوں نے پانی پھیرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔مینک کو بولٹ نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ مینک نے ڈی آر ایس کا سہارا لیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ پرتھوی کو ٹم ساؤدی نے شارٹ پچ گیند سے اپنا شکار بنایا۔ پرتھوی اس گیند پر هڑبڑا کر کیچ  دے  بیٹھے اور ٹام لاتھم نے آسان کیچ لے لیا۔ پرتھوی نے۲۴؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں کی مدد سے۱۴؍ رن بنائے۔کپتان وراٹ کوہلی نے میدان پر اترنے کے بعد ۳؍ چوکے لگائے لیکن کریز پر وہ فارم میں نہیں نظر آئے اور کولن ڈی گرینڈہوم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ وراٹ نے ۳۰؍گیندوں پر۱۴؍ رن میں ۳؍چوکے لگائے۔ وراٹ پہلی اننگز میں ساؤدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے تھے۔ وراٹ نے اس طرح یہ مایوس کن دورہ مایوس کن کارکردگی کے ساتھ ختم کیا۔ اس پورے دورے میں وراٹ کے بلے سے صرف ایک نصف سنچری بنی ہے  جو انہوں نے پہلے ون ڈے میں بنائی تھی۔
  بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نیل ویگنر نے رہانے کو بولڈ کیا۔ رہانے اندر آتی گیند کو قطعی سمجھ نہیں پائے اور پویلین لوٹ گئے۔ رہانے نے ۴۳؍ گیند کھیل کر ۹؍رن میں ایک چوکا لگایا۔ بولٹ نے پجارا کو بولڈ کر کے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دے دیا۔ پجارا نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے۸۸؍ گیندیں کھیل کر ۲۴؍رن میں ۲؍چوکے لگائے۔امیش یادو کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا گیا لیکن بولٹ نے راؤنڈ دی وکٹ گیند کرتے ہوئے یادو کو ان سوئنگر پر بولڈ کر دیا۔ اسٹمپ پر هنوما۵؍اور پنت ایک رن بنا کر کریز پر تھے۔
 اس سے پہلے ہندوستانی گیند بازوں نے اپنی شہرت کے مطابق  مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کو ۷۳ء۱؍  اوور میں۲۳۵؍ رن پر سمیٹ دیا۔ نیوزی لینڈ نے صبح بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۶۳؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹام لاتھم نے ۲۷؍رن  اور ٹام بلینڈیل نے۲۹؍ رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔
 یادو نے بلینڈیل کو ایل بی ڈبلیو کر کے  ہندوستان کو صبح پہلی کامیابی دلائی۔ بلینڈیل نے ۳۰؍رن بنائے اور نیوزی لینڈ کا پہلا وکٹ ۶۶؍رن  کے اسکور پر گرا۔ اس کے ۳؍ رن بعد ہی بمراه نے کیوی کپتان کین ولیمسن کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ ولیمسن ۳؍ رن ہی بنا سکے۔روس ٹیلر ۳۷؍ گیندوں میں ۱۵؍  رن بنا کر جڈیجہ کا شکار بنے۔ ٹیلر کا کیچ یادو نے لیا۔ اپنی نصف سنچری مکمل کر چکے اوپنر لاتھم کو سمیع نے راؤنڈ دی وکٹ آتے ہوئے بولڈ کر دیا۔ سمیع کی گیند پر لاتھم نے ہوا میں بلہ اٹھا دیا لیکن گیند اسٹمپ میں گھس گئی۔ لاتھم نے۱۲۲؍ گیندوں پر۵۲؍ رن میں ۵؍ چوکے لگائے۔
 ہنری نکولس نے سمیع کی گیند پر سلپ میں وراٹ کو کیچ دیا۔ نکولس۱۴؍ رن ہی بنا سکے۔ بي جے واٹلنگ کھاتہ کھولے بغیر بمراه کی گیند پر جڈیجا کو کیچ دے بیٹھے۔ بمراه نے اسی اوور میں ٹم ساؤدی کو بھی آؤٹ کر دیا۔ ساؤدی کا بھی اکاؤنٹ نہیں کھلا۔ گرینڈہوم ۲۶؍ رن بنانے کے بعد جڈیجا کا شکار بنے۔ گرینڈہوم کا وکٹ ۱۷۷؍رن  کے اسکور پر گرا۔ نیوزی لینڈ ۸؍ وکٹ گنوا چکا تھا لیکن اس کے بعد کے لوور آرڈر بلے بازوں نے آخری ۲؍ وکٹ کیلئے اہم۵۸؍ رن جوڑ ڈالے۔میزبان کی اننگز۲۰۰؍رن  کے اندر سمٹ سکتی تھی لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے انہیں ۲۳۵؍رن تک پہنچنے دیا۔ اپنا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے والےکائل جمیسن نے۶۳؍ گیندوں پر ۴۹؍ رن میں ۷؍ چوکے لگائے۔ نیل ویگنر نے ۴۱؍گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے۲۱؍ رن بنائے۔ سمیع نے ویگنر اور جمیسن کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے اسکور میں ۲۴؍ اضافی رن کا بھی تعاون رہا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK