Inquilab Logo

ہندوستانی جانبازوں نے آسٹریلیا کا مضبوط قلعہ فتح کرلیا

Updated: January 20, 2021, 2:17 PM IST | Agency | Brisbane

برسبین ٹیسٹ میں ہندوستان کی ۳؍وکٹ سے یادگار فتح ۔گیندبازوں کے بعد بلے بازوں نے اپنی ذمہ داری نبھائی۔ گل، پنت اور پجارا کی قابل تعریف نصف سنچری۔دورہ ٔ آسٹریلیا کا فتح پر خاتمہ

Team India.Picture :INN
ٹیم انڈیا۔ تصویر:آئی این این

نوجوان سلامی بلے باز شبھمن گل (۹۱؍رن)، چتیشور پجارا (۵۶؍ رن) اور باصلاحیت وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ۸۹؍رن) کی بہترین  بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو برسبین کے گابا میدان  میں  منگل کو کھیلے جانے والے  چوتھے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ  میچ کے ۵؍ویں دن ۳؍ وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ ہندوستان نے پہلی مرتبہ  برسبین میں ٹیسٹ میچ جیت کر  ۴؍ میچوں کی سیریز ۱۔۲؍سے جیت لی۔ ہندوستان کو اس مقابلے کو جیتنے کے لئے  ۳۲۸؍رن  کا ہدف  ملا تھا۔ٹیم انڈیا نے صبح جب بنا کوئی وکٹ گنوائے ۴؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تو کسی کو توقع نہیں تھی کہ ہندوستان چوتھی اننگز میں اتنے مشکل ہدف کو حاصل کرلے گا لیکن ہندوستانی بلے بازوں نے  وہ  کارنامہ انجام دیا  جس کا کروڑوں اہل وطن کو انتظار تھا ۔ ہندوستان  نے۹۷؍ اوور میں۷؍وکٹوں کے نقصان پر ۳۲۹؍ رن بنا کر تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔  ہندوستان کی گابا میدان میں ۷؍ ٹیسٹ  میچوں  میں یہ پہلی جیت ہے۔ ہندوستان نے اس میدان پراپنے گزشتہ  ۶؍ ٹیسٹ میچوں میں ۵؍ ہارے تھے اور ایک ڈرا کھیلا تھا۔ گابا میدان میں ہندوستان کی تاریخی فتح کے ۳؍ بڑے ہیرو تھے۔ گل، پجارا اور پنت نے میچ کے آخری دن ایسی بلے بازی کی جسے طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ شبھمن نے۱۴۶؍ گیندوں میں۸؍ چوکے اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۹۱؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی اورہندوستان کی فتح کی بنیاد رکھی۔ پجارا نے۲۱۱؍ گیندوں میں ۷؍ چوکوں کی مدد سے۵۶؍ رن بنائے۔ پجارا کی  اس اننگز نے ٹیم انڈیا کو مضبوطی فراہم کی  اور پنت نے ۱۳۸؍ گیندوں میں ۹؍ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۸۹؍ رن بنائے اور میچ میں ہندوستان کی فتح پر مہر لگادی۔  کپتان اجنکیا رہانے نے۲۴، مینک اگروال نے ۹؍ اور واشنگٹن سندر نے۲۹؍ گیندوں میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۲؍رن بنائے۔ آسٹریلیا اپنی شاندار گیندبازی کے باوجود ٹیم   انڈیا کے حوصلوں کو پست نہیں کر پایا  اور ہندوستان نے ۱۔۲؍کی فتح کے ساتھ  آسٹریلیائی دورے کا خاتمہ کیا۔ ہندوستان  نے اس دورے میں ون ڈے سیریز۱۔۲؍ سےہاری تھی لیکن ٹی  ۲۰؍ سیریز  ایک۔۲؍ سے  اور ٹیسٹ سیریز ایک۔۲؍  سے جیت لی۔
  گابا میدان میں ۷؍ ٹیسٹ میچوں میں ہندوستان کی یہ پہلی فتح ہے۔ ہندوستان کو اس میدان پر اپنے گزشتہ۶؍ ٹیسٹ میچوں میں ۵؍ میں شکست ملی تھی اور ایک ڈرا کھیلا تھا۔ ہندوستان نے ۴؍ میچوں کی اس سیریز میں ایڈیلیڈمیں کھلے گئے پہلے دن رات میچ میں دوسری اننگز میں۳۶؍ رن کے اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہوکر۸؍ وکٹوں سے شکست پائی تھی۔ لیکن ٹیم انڈیا نے اجنکیا رہانے کی کپتانی میں میلبورن  میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ۸؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور سیریز ایک ۔ایک سے برابری پر لاکھڑا کیا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈمیں تیسرے ٹیسٹ کے ۵؍ویں دن جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیسٹ  ڈرا کروایا اور برسبین میں ۵؍ویں اور آخری دن تاریخی فتح اپنے نام کرلی۔ ہندوستان کی ٹیسٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کی سر زمین پر مسلسل دو ٹیسٹ  سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آسٹریلیا نے اس مقابلے کی پہلی اننگز میں ۳۶۹؍رن بنائے تھے جبکہ ہندوستان شاردل ٹھاکر اور واشنگٹن سندر کی نصف سنچری سے پہلی اننگز میں۳۳۶؍رن بنائے تھے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں۳۳؍رن کی سبقت حاصل کی تھی۔ ہندوستان نے تیز گیند باز محمد سراج کے ۵؍ وکٹوں کی بدولت آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں ۲۹۴؍رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کو جیت  کے لئے ۳۲۸؍ رن کا ہدف ملا تھا جو اس نے ۵؍ ویں اور آخری دن اپنی شاندار بلے بازی سے حاصل کرلیا۔ ہندوستان نے حالاں کہ صبح روہت شرما کا وکٹ جلد ہی گنوا دیا لیکن بعد ازاں بلے بازوں نے جس فہم و فراست اور سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا اور آخری اوور میںکامیابی حاصل کی، وہ قابل تحسین ہے۔ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں برسبین کی یہ جیت ایک تاریخی لمحہ ہے جو ہمیشہ کے لئے سنہری حروف میں درج ہوگیا ہے۔ کئی کھلاڑیوں کے زخمی ہونے اوراس فیصلہ کن معرکہ آرا ئی میں نووارد کھلاڑیوں کے بل بوتے پر رہانے کی فوج نے وہ کارنامہ انجام دیا جو آج تک کوئی بھی ہندوستانی کپتان نہیں کر پایا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK