Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین سری لنکا کیخلاف برتری حاصل کرنے کیلئے بیقرار

Updated: June 25, 2022, 2:12 PM IST | Agency | Dambulla

آج ہندوستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ۲۰؍ میچ ۔ ہندوستان سیریز میں صفر۔ ایک سے آگے۔ اسپنر س سے بہتر کھیل کی امید

In the first T20 International, Jaima batted well against Sri Lanka.Picture:INN
پہلے ٹی ۲۰؍انٹرنیشنل میچ میں جمائما نے سری لنکا کے خلاف اچھی بلے بازی کی تھی۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم سنیچر کو سری لنکا کے خلاف دوسرےبین الاقوامی ٹی ۲۰؍میچ  میں ٹاپ آرڈر بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کی امید کرتے ہوئے۳؍ میچوں کی سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ہندوستان نے جمعرات کو پہلےٹی ۲۰؍ میں ۳۴؍ رن کی جیت کے ساتھ دورے کا آغاز مثبت انداز میں کیا۔ ہندوستانی ٹیم اب نہ صرف سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی بلکہ اپنے کمزورپہلوؤںپر بھی نظر رکھے گی اور سنیچر کو برمنگھم کامن ویلتھ گیمز سے قبل اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کرے گی۔ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز۲۸؍ جولائی سے۸؍ اگست تک منعقد ہوں گے۔ ان کھیلوں میں پہلی بار خواتین کرکٹ کو ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے پہلے میچ میں ۶؍ وکٹ پر صرف۱۳۸؍ رن بنا سکا لیکن بائیں ہاتھ کی اسپنر رادھا یادو کی قیادت میں گیند بازوں کی اچھی کارکردگی سے  کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا  لیکن ہندوستانی بیٹنگ کو بہت زیادہ بہتری کی ضرورت ہے۔ شیفالی ورما (۳۱؍ رن)، کپتان ہرمن پریت کور (۲۲؍رن) اور ریچا گھوش (۱۱؍رن) سبھی کو اپنے اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ہرمن پریت کو ۲۴؍ رن درکار تھے جس کیلئے وہ گزشتہ میچ میں ناکامی کی وجہ سے مختصر ترین فارمیٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا میتھالی راج کا ریکارڈ نہیں توڑ سکیں۔
 حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والی میتھالی نے ۸۹؍ میچوں میں۲۳۶۴؍رن بنائے ہیں۔ نائب کپتان اسمرتی مندھانا اور سبھینینی میگھنا پچھلے میچ میں ناکام رہی تھیں۔ اگر ہندوستان بڑا اسکور کرنا چاہتا ہے تو دونوں کو بڑی اننگز کھیلنی ہوگی۔ اگر ہندوستان قابل احترام اسکور تک پہنچنے میں کامیاب رہاتو اس کا کریڈٹ جمائما روڈریگز (۲۷؍ گیندوں پر۳۶؍رن  ناٹ آؤٹ) اور دپتی شرما (۸؍ گیندوںپر۱۷؍ رن ناٹ آؤٹ) کو جاتا ہے۔ ہندوستان ٹاپ آرڈر بلے بازوں سے اسی طرح کی کارکردگی چاہتا ہے۔ دوسری طرف ہندوستانی گیند بازوں نے اچھی کارکردگی پیش کی۔ رادھا (۲۲؍رن پر ۲؍ وکٹ)، دپتی (۹؍ رن پرایک وکٹ) اور پارٹ اسپنر شیفالی (۱۰؍رن پر ایک وکٹ)کی اسپن تینوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تینوں ٹی ۲۰؍ میچ ایک ہی مقام پر ہونے سے دونوں ٹیموں کے اسپنرس اہم کردار ادا کریں گے۔ سری لنکا بھی اپنےبلے بازوں سے بہتر کارکردگی کی توقع کرےگا۔ پہلے میچ میں مڈل آرڈر بلے باز کاویشا دلہاری (  ناٹ آؤٹ ۴۷؍رن)کریز پر موجود رہیں لیکن انہیں دوسرےکنارے سے کوئی تعاون نہیں ملا۔ کپتان چماری اٹاپٹو، وشمی گونارتنے، ہرشیتا مادوی اور نیلاکشی ڈی سلوا کو بلے کے ساتھ زیادہ ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ بولنگ میں انوکا رنویر (۳۰؍ رن پر ۳؍وکٹ) اور اوشاڈی رانا سنگھے (۲۲؍ رن پر ۲؍وکٹ) کی اسپن جوڑی نے ہندوستانی بلے بازوں کو باندھے رکھا۔ انہیں دوسرے گیند بازوں کا بھی تعاون درکار ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK