Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو زیر کردیا

Updated: October 09, 2022, 10:00 AM IST | Sylhet

ایشیاکپ میں ہندوستان نے بنگلہ دیش کو ۵۹؍رن سے شکست دےدی۔ شیفالی نے آل راؤنڈ کارکردگی کامظاہرہ کیا

Shefali Verma
شیفالی ورما

 شیفالی ورما (۵۵) کی نصف سنچری اور اسمرتی مندھانا (۴۷) کی کپتانی کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے خواتین ایشیا کپ ۲۰۲۲ء میں سنیچر کو بنگلہ دیش کو۵۹؍ رن سے شکست دے دی۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کے سامنے جیت کے لئے  ۲۰؍ اوورس میں ۱۶۰؍ رن کا ہدف رکھا تھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم ۷؍ وکٹ کے نقصان پر صرف۱۰۰؍ رن ہی  بنا سکی۔ ۱۸؍سالہ شیفالی  ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میںہزار رن مکمل کرنے والی سب سے نوجوان  بلے باز بھی بن گئیں۔
 اس سے قبل  شیفالی ورما (۵۵) کی نصف سنچری اور اسمرتی مندھانا (۴۷) کی کپتانی کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے خواتین ایشیا کپ ۲۰۲۲ء میں سنیچر کو بنگلہ دیش کے سامنے جیت کیلئے ۱۶۰؍ رن کا ہدف رکھا۔ ہرمن پریت کور کی غیر موجودگی میں کپتان اسمرتی نے ٹاس جیت کر شیفالی کے ساتھ مل کر بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو زبردست آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے زبردست بلے بازی کی اور پاور پلے میں ۶۱؍رن جوڑے۔ اسمرتی مندھانانے آؤٹ ہونے سے پہلے شیفالی کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے ۹۶؍ رن کی شراکت قائم کی، حالانکہ بلے باز اننگز کی رفتار کو برقرار نہیں رکھ سکیں۔ اسمرتی ۳۸؍گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے ۴۷؍ رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں۔ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد شیفالی بھی پویلین لوٹ گئیں۔پہلے۱۰؍ اوورس میں۹۱؍ رن بنانے کے بعد ہندوستان نے اگلے ۵؍ اوورس میں صرف۲۴؍ رن کا اضافہ کیا۔ جمائما روڈریگیز اور دپتی شرما نے آخری ۳؍ اوورس میں۳۴؍ رن جوڑ کر رِچا گھوش (۴) اور کرن ناوگیرے (صفر) کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کو۱۵۹/۵؍تک پہنچادیا۔ جمائما نے۲۴؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۵؍ رن  بنائے جبکہ دپتی نے ۵؍ گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے۱۰؍ رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رومانہ احمد نے ۳؍ اوورس میں۲۷؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ سلمیٰ خاتون نے ۳؍ اوورس میں۱۶؍ رن  دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK