Inquilab Logo

ہندوستانی خاتون ٹیم کی۸؍وکٹوں سے شکست

Updated: July 16, 2021, 1:51 PM IST | Agency | Chelmsford

انگلینڈ نے ٹی۔۲۰؍سیریز پر ایک کے مقابلے ۲؍میچ سے جیت کر قبضہ کر لیا،اسمرتی مندھانا کی محنت رائیگاں

England team trophy.Picture:INN
ہندوستانی خاتون ٹیم کو شکست دینے والی انگلینڈ کی ٹیم ٹرافی کے ساتھ۔۔تصویر :پی ٹی آئی

 انگلینڈ کی خاتون ٹیم نے   تیسرے ٹی۔۲۰؍ مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دے کر ۳؍ میچ کی اس سیریز کو  ایک کے مقابلے۲؍میچ  سے جیت لیا۔ سلامی بلے باز ڈینیئل ویاٹ (۸۹) اور نتالی سائیور (۴۲) نے انگلینڈ کی اس شاندار جیت میں اہم رول ادا کیا۔
 ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کرپہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍اوور میں ۱۵۳؍ رن کا اسکور بنایا لیکن یہ کافی ثابت نہیں ہوا۔ ڈینیئل ویاٹ اور نتالی سائیور کی شاندار بلے بازی کی بدولت انگلینڈ نے  اننگز میں ۸؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۲؍وکٹ کھوکر ۱۵۴؍ رن بنا کر میچ اور سیریز جیت لی۔ ٹَیمی بیومونٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کیلئے ۱۱۲؍رنوں کی اہم شراکت داری کی۔  ویاٹ نے جہاں ۱۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۶؍گیندوں پر ۸۹؍رن بنائےوہیں نتالی نے ۴؍ چوکوں کی بدولت ۳۶؍گیندوں پر ۴۲؍ رنوں کی فاتحانہ  اننگز کھیلی۔  ہندوستان کی جانب سے نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے سب سے زیادہ ۷۰؍ رن، کپتان ہرمن پریت کور نے ۳۶؍اور وکٹ کیپر بلے بازرچا گھوش نے ۲۰؍رن بنائے جبکہ گیندبازی میں محض دیپتی شرما اور اسنیہہ رانا نے ایک ایک وکٹ لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے صوفی ایکلیسٹون نے سب سے زیادہ۳؍، کیتھرین برنٹ نے ۲؍اور نتالی سائیور نے ایک وکٹ لیا۔ دھماکہ خیز نصف سنچری بنانے کے لئے ڈینیئل ویاٹ کو ’پلیئر آف دی میچ‘ اور نتالی سائیور کو پوری سیریز میں ۳؍ وکٹ لینے اور ۹۸؍رن بنانے کے لئے’ پلیئر آف دی سیریز‘ منتخب کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK