Inquilab Logo

ہندوستان کی نظر سیریز پر، زمبابوے بھی واپسی کیلئے تیار

Updated: August 20, 2022, 12:24 PM IST | Agency | Mumbai

آج ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا یکروزہ میچ۔ کپتان کے ایل راہل نے بلے بازی کو بہتر کرنے کیلئے زبردست مشق کی

KL Rahul .Picture:INN
کے ایل راہل تصویر:آئی این این

ہندوستانی ٹیم سنیچر کو دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کا مقابلہ کرے گی۔ کپتان کے ایل راہل امید کر رہے ہوں گے کہ وہ ضروری بلے بازی کی مشق کر لیں اور یہ میچ جیت کر سیریز پر بھی قبضہ کرلیں ۔ دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں اتنا فرق ہے کہ یہ سیریز مکمل طور پر یکطرفہ ہو گئی ہے۔ ہندوستانی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا ارادہ کرے گی تاکہ بیٹنگ کا وقت ملے۔ اچھال والی پچ اور تیز ہواؤں کے باعث بلے بازوں کیلئے چیلنج آسان نہیں ہوگا۔ زمبابوے کے پاس جمی اینڈرسن اور جوش ہیزل ووڈ جیسے گیند باز نہیں ہیں لیکن ہندوستانی ٹیم کیلئے اس صورتحال سے نکلنا مشکل ہوگا۔ دیپک چاہر نے پہلے میچ کے بعد کہا کہ دوسرے سیشن میں گیند بازوں کو زیادہ مدد نہیں مل سکی لیکن کھیل کا پہلا گھنٹہ بلے بازوں کے لئے آسان نہیں تھا۔ ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی جیسے گیندبازوں کو کھیلنے سے پہلے ہندوستانی ٹیم کیلئے  بلے بازی کی مشق ضروری ہے۔ پہلے میچ میں شکھر دھون اور شبھمن گل کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے کپتان راہل نے قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا لیکن اب ایشیا کپ سے قبل بلے باز راہل کو بھی دوبارہ فارم  میں آنا ہوگا۔ انہیں پہلی گیند سے ہی ہندوستان کی حملے کی حکمت عملی کو فوراً اپنانا ہوگا۔ زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کے خلاف راہل کیلئے  یہ سنہری موقع ہے۔ دوسری طرف اگر دیپک ہڈا کو بیٹنگ آرڈر میں  پہلے بھیجا جاتا ہے تو ان کا اعتماد بڑھے گا۔ اگر سنجو سیمسن چوتھے نمبر پر اترتے ہیں تو وہ اننگز کے معمار کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ قائم مقام کوچ وی وی ایس لکشمن پہلے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔اگر اوپنر شکھر دھون کی بازو کی چوٹ سنگین ہو جاتی ہے تو ایشان کشن اور راہل کا لیفٹ رائٹ کمبی نیشن اننگز کا آغاز کرنے کیلئے اچھا ہو گا۔ دیپک چاہر نے لگاتار۷؍ اوور پھینکے جو اس بات کی اچھی علامت ہے کہ وہ کام کے بوجھ کو سنبھال رہے ہیں۔ پرسدھ کرشنا بھی تغیرات لانا چاہیں گے جبکہ محمد سراج کی نظریں وکٹ پر ہوں گی۔دوسری طرف زمبابوے کی ٹیم بھی سیریز میں لوٹنا چاہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK