Inquilab Logo

یکروزہ تاریخ میں ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی فتح

Updated: January 24, 2022, 1:42 PM IST | Agency | Tarouba

انڈر۱۹؍ورلڈ کپ کے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے یوگانڈا کو ۳۲۶؍رن سے شکست دی۔ انگ کرش رگھوونشی اور راج باوا کی شاندار سنچریاں

Run 606 was shared between Bawa and Raghuvanshi. Picture:INN
؍رن۲۰۶؍ کی شراکت باوا اور رگھوونشی کے درمیان ہوئی ۔ تصویر: آئی این این

 انگ کرش رگھوونشی اور راج باوا کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ میں یوگانڈا کو۳۲۶؍ رن کے بڑے فرق سے شکست دے کر یوتھ ون ڈے کی تاریخ میں دوسری سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ دونوں بلے بازوں نے بالترتیب۱۲۰؍ گیندوں پر ۱۴۴؍اور۱۰۸؍ گیندوں پر۱۶۲؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہی نہیں رگھوونشی اور باوا کے درمیان تیسرے وکٹ کی شراکت بھی انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن کی شراکت تھی۔ ہندوستان نے۵۰؍ اوورس میں۵؍ وکٹ پر ۴۰۵؍رن کا بڑا اسکورکیا اور اس کے بعد جب مخالف ٹیم یوگانڈا میدان پر آئی تو ہندوستانی گیند بازوں نے انہیں صرف۷۹؍رن پر ہی ڈھیر کر دیا۔ واضح رہے کہ کووڈ انفیکشن سے پریشان ٹیم انڈیا کے پاس اس میچ سے پہلے انتخاب کیلئے صرف۱۲؍ کھلاڑی دستیاب تھے۔  ۱۶؍ سالہ رگھوونشی اننگز کے آغاز سے ہی کافی جارحانہ نظر آ رہے تھے۔ پہلے ہی اوور میں انہوں نے شاندار کٹ شاٹ کے ذریعے چوکا لگایا اور پھر اپنے اوپننگ پارٹنر ہرنور سنگھ کے ساتھ پہلے  وکٹ کیلئے ۴۰؍رن کی شراکت کی۔ اپنے ساتھی کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی رگھوونشی نے رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور۴۹؍ گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ہرنور ۱۵؍رن  بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان نشانت سندھو بھی کافی جارحانہ نظر آ رہے تھے لیکن وہ اپنی اننگز کو زیادہ دیر نہ بڑھا سکے اور صرف۱۵؍ رن کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد راج باوا بیٹنگ کیلئے آئے اور دونوں بلے بازوں نے۲۲ء۴؍ اوور تک بیٹنگ کرتے ہوئے بہت تیزی سے رن بنائے۔ ۲۲؍ ویں اوور میں رگھوونشی نے پہلے ۲؍ چوکے لگائے اور پھر جب باوا کو اسٹرائیک ملا تو انہوں نے ۲؍ ہائی رائز چھکے لگائے۔۲۶؍ ویں اوور میں رگھوونشی نے گیند باز کے بہت قریب سے ایک شاندار ڈرائیو کھیلا اور پھر ایک ہی اوور میں دو سویپ کے ساتھ ۳؍ چوکے لگائے۔  ۲۷؍ویں اوور میں ہندوستان کا اسکور۲؍ وکٹ پر۱۷۲؍ رن تھا۔۲۸؍ویں اوور میں باوا نے لیگ سائیڈ پر چھکا لگا کر۴۴؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور۳۰؍ویں اوور کے اختتام تک ہندوستان کا اسکور۲۰۰؍رن سے زیادہ ہوگیا۔ رگھوونشی نے اگلے اوور میں ایک شارٹ گیند پر چوکا لگا کر۹۳؍ گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔۳۴؍ویں اوور تک دونوں بلے باز ہر اوور میں کم از کم ایک چوکا لگا رہے تھے۔ اس وقت ہندوستان کا رن ریٹ ۷؍ کے آس پاس تھا اور ۴۰۰؍سے زائد رن کاامکان تھا۔ اس کے بعد سنچری بنانے کی باری باواکی تھی اور انہوں نے صرف۶۹؍ گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ تاہم  باوا رکنے والے نہیں تھے اور۴۰؍ویں اوور میں انہوں نے ایکسٹرا کور پر چھکا مار کر ہندوستان کے اسکور کو۳۰۰؍رن تک پہنچا دیا۔ وہ آسانی کے ساتھ باؤنڈریز تلاش کرتے رہے اور۱۰۱؍ گیندوں پر اسکور۱۵۰؍رن  تک پہنچا دیا۔ آخر میں ہندوستان نے پہاڑ جیسا اسکور۴۰۵؍ رن  تک پہنچا دیا۔یوگانڈا کیلئے ہدف کاتعاقب بالکل بھی آسان نہیں رہا۔ اس کے ۶؍ بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ راج وردھن ہاگنارگیکر اور اسٹینڈان کپتان نشانت سندھو نے یوگانڈا کے ٹاپ آرڈر کو تباہ کردیا۔ میچ سے چند گھنٹے قبل ہندوستان کی ٹیم میں شامل ہونے والے وکی اوستوال اور واسو وتس نے ایک ایک وکٹ لیا۔ کوارٹر فائنل میں ہندوستان کا اگلا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK