Inquilab Logo

خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ میں ہندوستان کی مسلسل دوسری فتح

Updated: February 25, 2020, 9:50 AM IST | Agency | Perth

نوجوان اوپنر شیفالی ورما کی ۳۹؍ رن کی آتشیں اننگز اور لیگ اسپنر پونم یادو (۱۸؍ رن پر۳؍ وکٹ) کی بہترین بولنگ کے دم پر ہندوستانی خاتون ٹیم نے اپنی شاندار مہم جاری رکھتے ہوئے آئی سی سی خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پیر کو بنگلہ دیش کو۱۸؍ رن سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

شیفالی ورما نے عمدہ بلے بازی کی  ۔ تصویر : پی ٹی آئی
شیفالی ورما نے عمدہ بلے بازی کی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 پرتھ :۱۶؍سال کی نوجوان اوپنر شیفالی ورما کی ۳۹؍ رن کی آتشیں اننگز اور لیگ اسپنر پونم یادو (۱۸؍ رن پر۳؍ وکٹ) کی بہترین بولنگ کے دم پر ہندوستانی خاتون ٹیم نے اپنی شاندار مہم جاری رکھتے ہوئے آئی سی سی خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پیر کو بنگلہ دیش کو۱۸؍ رن سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کو چونکایا تھا اور اب اس نے بنگلہ دیش کا شکار کر لیا۔ ہندوستان نے۲۰؍ اوور میں ۶؍ وکٹ پر۱۴۲؍رن کا مشکل اسکور بنانے کے بعد بنگلہ دیش کے چیلنج کو ۸؍ وکٹ پر ۱۲۴؍ رن پر تھام لیا۔بڑے شاٹ کھیلنے کیلئے مشہور شیفالی  نے محض۱۷؍گیندوں پر ۲؍ چوکے اور۴؍ چھکے لگاتے ہوئے۳۹؍ رن بنائے۔ انہوں نے تانیہ بھاٹیہ (۲؍رن) کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے ۱۶؍رن اور جیمما راڈریگیز (۳۴؍رن ) کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے۳۷؍رن کی ساجھیداری کی۔ شیفالی  چھٹے اوور میں ٹیم کے ۵۳؍رن   کے اسکور پر آؤٹ ہوئیں۔
 شیفالی  نے اننگز کے پہلے ہی اوور میں جہاں آرا عالم کی ۵؍ویں گیند پر چھکا لگا دیا۔ انہوں نے دوسرے اوور میں سلمیٰ خاتون پر بھی چھکا لگایا۔ اگرچہ اس اوور میں تانیہ بھاٹیہ آؤٹ ہو گئیں لیکن شیفالی  پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے تیسرے اوور میں جہاں آرا کی گیندوں پر ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شیفالی  نے چھٹے اوور میں پنا گھوش کو چھکا مارا اور اسی اوور کی تیسری گیند پر وہ آؤٹ ہو گئیں۔ کپتان هرمنپريت کور نے  ۱۱؍ گیندوں میں ۸؍ رن بنائے۔ ان کا وکٹ۷۸؍ رن کے اسکور پر گرا۔ جیمما۳۷؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے۳۴؍ رن بنا کر چوتھے بلے باز کی حیثیت سے۹۲؍رن  کے اسکور پر پویلین لوٹی۔ بنگلہ دیش کے گیند بازوں نے ہندوستان کی طوفانی آغاز کے بعد اچھی واپسی کی اور ہندوستان کو۲۰؍ اوور میں۱۴۲؍ رن تک روک دیا۔رچا گھوش نے۱۴؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں کی مدد سے۱۴؍رن اور ویدا كرشنامورتی نے۱۱؍ گیندوں میں ۴؍چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۲۰؍ ر ن بنائے۔ كرشنامورتی نے۱۸؍ ویں اوور میں ناهیدہ  اختر کی گیندوں پر ۳؍ چوکے  لگائے۔ اس اوور میں  ۱۵؍ رن بنے اور ہندوستان کے اسکور کو رفتار مل گئی۔ ورنہ ۱۷؍اوور کے اختتام تک ہندوستان کا اسکور۱۱۴؍ رن تھا۔ شکھا پانڈے ۷؍ رن پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
 ہندوستان نے گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کے خلاف اپنے پچھلے مقابلے میں۱۳۲؍ رن بنائے تھے۔ ہندوستان کے۱۴۲؍ رن اس ٹورنامنٹ میں اب تک کسی ٹیم کا سب سے زیادہ  اسکور ہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان سلمیٰ نے۲۵؍ رن پر ۲؍ وکٹ اور پنا گھوش نے۲۵؍ رن پر ۲؍ وکٹ لئے۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم ہندوستانی گیند بازوں کی کارکردگی کے سامنے ٹک نہیں پائی۔ لیگ اسپنر پونم نے ۴؍ اوور میں۱۸؍رن پر ۳؍ وکٹ، فاسٹ بولر اروندھتی ریڈی نے ۴؍ اوور میں۳۳؍ رن پر ۲؍ وکٹ اور شکھا پانڈے نے ۴؍ اوور میں۱۴؍ رن پر۲؍ وکٹ اور  راجیشوري گايكواڈ نے ۴؍ اوور میں ۲۵؍ رن پر ایک وکٹ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK