Inquilab Logo

ہندوستان کی سنگا پورپر شاندار فتح، سیمی فائنل میں داخل

Updated: January 26, 2022, 11:15 AM IST | Agency | Muscat

ہندوستانی ہاکی کی خواتین ٹیم نے اسپین اور نیدرلینڈس میں ہونےوالے عالمی کپ کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا

Indian team qualifies for Hockey World Cup.Picture:INN
ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ہندوستانی ٹیم ۔ تصویر: آئی این این

انڈین ویمن ہاکی ٹیم نے سنگاپور کو پیر کو۱۔۹؍گول سے ہراکر ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں داخل ہونے کے ساتھ ہی اسپین  اور نیدر لینڈس میں ہونے والے۲۰۲۲ء ایف آئی ایچ ویمن ہاکی ورلڈ کپ میں بھی اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ ۲۶؍ جنوری کو کوریا  سے ہوگا۔ ہندوستان نے اپنا آخری پول اے میچ پیر کو مسقط میں سنگاپور کے خلاف۱۔۹؍گولسے جیتا تھا۔ اس سے قبل ہندوستان کو جاپان کے ہاتھوں  صفر۔۲؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کو صفر۔۹؍سے شکست دی تھی۔ گرجیت کور نے ۸؍ویں،۳۷؍ویں، ۴۸؍ ویں منٹ میں ہیٹ ٹرک کی جبکہ مونیکا نے ۶؍ویں اور۱۷؍ویں منٹ میں گول کرکے ہندوستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔ اس کے علاوہ جیوتی نے۴۳؍ ویں اور ۵۸؍ویں منٹ میں گول کئے۔ ہندوستان کی جانب سے وندنا کٹاریا اور ماریانا کجور نے ایک ایک گول کیا۔ سنگاپور کی جانب سے واحد گول لی من ٹوہ (۴۳) نے کیا۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں سنگاپور کے سرکل پر حملہ کیا اور پہلے۱۵؍ منٹ پر غلبہ حاصل کیا۔مونیکا نے میچ کے چھٹے منٹ میں واضح ریورس فلک کے ذریعے پہلا گول کیا۔ اس کے فوراً بعد  ہندوستان نے وندنا اور گرجیت کے گول کی بدولت صفر۔۳؍کی برتری حاصل کی جنہوں نے ۸؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو کامیابی سے گول میں بدل دیا۔اگلے ہی منٹ میں ہندوستانی ٹیم نے میچ کا دوسرا پنالٹی کارنر حاصل کیا  تاہم سنگاپور کے گول کیپر یو ٹونگ لیو نے اسے بچا لیا۔ نوجوان فارورڈ ماریانا نے چوتھا گول۱۰؍ویں منٹ میں کیا۔ دوسرے کوارٹر کا آغاز بھی اسی طرح ہوا۔ ہندوستان سنگاپور کے ہاف میں داخل ہوا اور دوسرے کوارٹر کے دوسرے ہی منٹ میں اسے پنالٹی کارنر ملا۔ میچ کی لے سیٹ کرنے والی  تجربہ کار مونیکا نے ہندوستان کا ۵؍واں اور میچ کا اپنا دوسرا گول کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔
 سویتاکی زیرقیادت ہندوستان نے دوسرے ہاف کے ابتدائی منٹوں میں ۲؍ پنالٹی کارنر جیتے لیکن اپنی برتری کو بڑھانے کے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ اس کے بعد ہندوستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا جسے میچ کے۳۷؍ویں منٹ میں ڈریگ فلک ماہر گرجیت نے گول میں بدل دیا۔ سنگاپور نے تیسرے کوارٹر کے۴۳؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا اور لی من ٹوہ کی کوشش سے پہلا گول کرنے میں کامیاب رہی۔ اس کے بعد ہندوستان کی جیوتی نے بھی گول کیا۔ انہوں نے تیسرے کوارٹر کے اختتام پر اسکور لائن کو۱۔۷؍پر دھکیل دیا۔ ہندوستان نے۴۸؍ویں منٹ میں گرجیت کے پنالٹی کارنر کی مدد سے اپنا ۸؍واں گول کیا۔ اس کے بعد جیوتی نے۵۸؍ ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا۔ اس طرح میچ ۱۔۹؍گول کے  اسکور پر ختم ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK