Inquilab Logo

ہندوستان کی خواتین ٹیم کی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط

Updated: October 03, 2021, 7:10 AM IST | Canberra

خواتین ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز ۸؍وکٹ پر۳۷۷؍رن بناکر ڈکلیئر کردی۔ آسٹریلیا کی اننگز میں ۴؍کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

jhulan goswami.Picture:Midday
جھولن گوسوامی تصویر مڈڈے

ہندوستان اور آسٹریلیا کی خواتین ٹیموں کے درمیان کھیلے جانےوالے  واحد ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ ہندوستان کی خواتین ٹیم نے میچ کے تیسرے دن سنیچر کو اپنی اننگز ۸؍وکٹ کے نقصان پر ۳۷۷؍رن بناکر ڈکلیئر کردی اور حریف ٹیم کی اننگز میں اس کے ۴؍کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا کا اسکور ۴؍وکٹ پر ۱۴۳؍ رن تھا اور وہ ہندوستان کے اسکور سے ۲۳۴؍رن پیچھے ہے۔ اس وقت کریز پر ایلس پیری ۲۷؍رن اور ایشلے گارڈنر ۱۳؍ رن بناکر موجود تھیں۔ ہندوستان کی جانب سے تجربہ کارگیند باز جھولن گوسوامی نے ۲؍ اور پوجا وستراکر نے ۲؍؍وکٹ لئے۔ 
 آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں ہوا تھا۔ ۱۴؍رن کے نجی اسکورپر بیتھ مونی ۴؍رن بناکر پویلین لوٹ گئیں۔ گوسوامی نے انہیں بولڈ کیا۔ اس کے بعد ایلیسا ہیلی اور کپتان میگ لیننگ نے اننگز کو سنبھالا  لیکن ٹیم کے ۵۳؍رن کے مجموعی اسکور پر ایلیسا ہیلی بھی آؤٹ ہوگئیں۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل ۲۹؍ رن   بنائے تھے اور۳؍چوکے لگائے تھے۔ یہ وکٹ بھی گوسوامی کے کھاتے میں گیا۔ لیننگ نے اس کے بعد پیری کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔ لیننگ بھی ۸۰؍رن کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔ انہوں نے ۷؍چوکوں کی مدد سے ۳۸؍رن بنائے۔ آسٹریلیا کے  ۱۱۹؍رن کے مجموعی اسکور پر چوتھا وکٹ گرا تھا۔ تہیلا میک گرا ۲۸؍رن بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ انہوںنے اپنی اننگز میں ۴؍چوکے لگائے تھے۔ پیری اور گارڈنر میزبان ٹیم کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے گوسوامی اور وستراکر نے ۲۔۲؍ وکٹ لینے میں کامیابی حاصل کی۔
 اس سے قبل دپتی شرما نے ہندوستان  کےلئے ۶۶؍رن  بنائے تھے اور وہ ٹیم کے لیے دوسری بہترین اسکورر تھیں۔ جمعہ کو اوپنر اسمرتی مندھانا نے کھیل کے اس فارمیٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی تھی۔وکٹ کیپر تانیہ بھاٹیہ نے ۲۲؍رن کا تعاون دیا اور انہوںنے ۳؍چوکے بھی لگائے۔ گیندباز پوجا وستراکر نے ۱۳؍رن بنائے اور اپنی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔ جھولن گوسوامی ۷؍ اور میگھنا سنگھ ۲؍رن بناکر ناٹ آؤ ٹ رہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK