Inquilab Logo

خواتین عالمی کپ: آج ہندوستان کی آسٹریلیا سے ٹکر

Updated: March 19, 2022, 1:22 PM IST | Agency | Auckland

خواتین ٹیم انڈیا ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی۔ آسٹریلیا کے پاس سیمی فائنل میں داخل ہونے کا موقع

The Indian team`s focus is on the World Cup..Picture:INN
ہندوستانی ٹیم کی نظر ورلڈ کپ ٹرافی پر مرکوز ہے۔ تصویر: آئی این این

ء۲۰۱۷ءعالمی کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو چت کرتے ہوئے ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھایا تھا۔ سنیچر کو ایک بار پھر دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہونے والا ہے لیکن اس عالمی کپ میچ سے پہلے دونوں ہی خیمے گزشتہ عالمی کپ کی یادکو پیچھے چھوڑ کر نئے میچ کی تیاری کرنے کا دعوی کررہے ہیں۔ سنیچر کو ایڈن پارک میں ہونے والے بڑے مقابلہ سے قبل ہندوستانی ٹیم کی سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا اور آسٹریلیا ٹیم کے چیف کوچ میتھیو ماٹ کا یہی کہنا ہے۔ آسٹریلیائی خیمہ۲۰۱۷ءمیں ملنے والی  شکست کو اب تک بھلا نہیں سکا ہے لیکن کوچ ماٹ نے اتنا ضرور کہا کہ گزشتہ برسوں میں اس شکست کا درد کم ضرور ہوا ہے۔ ماٹ نے میچ سے قبل کی شام کہا کہ یہ ہمارے لئے ایک مقابلے کی طرح ہے۔ سیمی فائنل میں داخل ہونے کے لئے ہمارے پاس بہترین موقع ہے اور ہم اسی کے لئے یہاں آئے ہیں۔ اس وقت ہر کوئی ایک دوسرے کو شکست دیتا نظر آرہا ہے۔ لہٰذا ایک اور جیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہمارے لئے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا اور ہم فائنل میں اپنی شرائط پر کھیل سکیں گے۔ کھیلنے کیلئے ابھی بہت کچھ باقی ہے۔ ماٹ نے گزشتہ  عالمی کپ کی کڑوی یاد پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو۵؍ سال پہلے ہوا تھا وہ ہماری یاد میں سب سے آخری مقام پر ہے۔اس وقت ان کی توجہ ہندوستان پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے ہندوستانی ٹیم پر کافی ریسرچ کی ہے۔ہندوستانی ٹیم کی سلامی بلے باز اسمرتی نے بھی پچھلی بار عالمی کپ  میں ان دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے جانےوالے میچ کو کم اہمیت دی۔ اس نتیجہ کو ذہن میں رکھنے کے بجائے اسمرتی نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم۲۰۲۱ءکے آسٹریلیائی دورہ پر کی گئی اپنی کارکردگی سے ترغیب لے رہی ہے جب انہیں ۳؍ ون ڈے میچوں کی سیریز میں ۱۔۲؍ سے شکست ملی تھی۔اسمرتی مندھانانے کہاکہ ہم تمام جانتے ہیں کہ۲۰۱۷ءمیں کیا ہوا تھا لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ بہتر ہے کہ ہم اصل میں اس کے بارے میں نہ سوچیں کیونکہ سنیچر ایک نیا دن ہوگا۔ ہم نے گزشتہ دورہ پر ہمارے کھیل پر بات چیت ضرور کی ہے اور اس نے ہمیں خوداعتمادی سے بھر دیا ہے کیونکہ ہم نے آخری میچ میں ان کے خلاف کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ سلامی بلے باز نے کہاکہ یقیناً ہم وہ سیریز جیت نہیں سکے تھے لیکن ہم نے دوسرا میچ بھی تقریباً جیت لیا تھا۔ اس لئے یہ ایک سیریز جیت کی طرح ہوتا ہے، ہمیں جس طرح کرکٹ کھیلنا چاہئے تھا، وہاں ہم کھیلے۔اس ٹورنامنٹ میں اب تک آسٹریلیائی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے اب تک اپنے تمام چاروں مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دوسری طرف ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی ہے۔۴؍ میچوں میں ہندوستان کو ۲؍ شکست کا سامناکرنا پڑا ہے جس کے نتیجہ میں سیمی فائنل میں داخلہ  حاصل کرنے کیلئے ٹیم کی راہ کافی مشکل نظر آرہی ہے۔ ماٹ نے ہندوستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ انہیں ایک خطرناک ٹیم کے طورپر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ان کی مکمل توجہ اس طرف مرکوز ہے کہ وہ ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ کیسے کریں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK