Inquilab Logo

سپرکنگز اور نائٹ رائیڈرس میں آج خطابی جنگ

Updated: October 15, 2021, 1:40 PM IST | Agency | Dubai

آج انڈین پریمیر لیگ کے ۱۴ویں سیزن میں دھونی اور مورگن کی ٹیمیں آمنے سامنے۔ چنئی چوتھی بار اور کولکاتا تیسری بارخطاب جیتنے کیلئے بے قرار

MS Dhoni And Eoin Morgan.Picture:INN
ایون مورگن اورمہندر سنگھ دھونی۔ تصویر: آئی این این

ایون مورگن کی قیادت والی ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرس آئی پی ایل میں تیسری بار اور مہندر سنگھ دھونی کی قیادت والی چنئی سپرکنگز چوتھی مرتبہ خطاب جیتنے کےمقصد سے جمعہ کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔  یہ چنئی کا ۹؍واں فائنل ہے جبکہ کولکاتا کی ٹیم تیسری بار فائنل کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں نے لیگ مرحلے میں ٹاپ پررہنے والی  دہلی کیپٹلس کو شکست دی اور فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ۔ چنئی نے پہلے کوالیفائر میں دہلی کو ۴؍ وکٹوں سے جبکہ کولکاتا نے بدھ کو سنسنی خیز مقابلے میں دہلی کو ۳؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ جمعہ کو فائنل میں چنئی اور کولکاتا کے بیچ زبردست مقابلہ ہوگا۔  دو بار کے فاتح کولکاتا کے لیے یہ تیسرا فائنل ہے اور اس نے اپنے پچھلے دونوں فائنل جیتے ہیں جبکہ چنئی کے لیے یہ ۹؍واں فائنل میچ ہوگا اور وہ  ۳؍ بار فاتح رہا ہے۔کولکاتا کے کپتان مورگن اور چنئی کے کپتان دھونی میدان میں کافی پرسکون  رہتے  ہیں لیکن کارکردگی کے لحاظ سے دونوں کپتانوں میں بہت فرق ہے۔ دھونی نے دہلی کے خلاف پہلے کوالیفائر میں صرف ۶؍ گیندوں پرناٹ آؤٹ ۱۸؍رن  بنا کر اپنی ٹیم کو ایک ناممکن نظر آنے والی جیت دلائی جبکہ دوسرے کوالیفائر میں مورگن بغیر کوئی  رن  بنائے  پویلین چلے گئے تھے لیکن راہل ترپاٹھی نے روی چندرن اشون کے آخری اوور کی ۵؍ویں گیند پر سیدھے چھکا لگاکر کے کے آر کو فائنل میں پہنچا یا تھا۔  چنئی کو تجربہ کار کھلاڑیوں اور نوجوان اوپنر ریتوراج گائیکواڈ سے  امید رہے گی ۔  شاندار فارم میں کھیلنےوالے گائیکواڈ ٹورنامنٹ میں ۶۰۰؍  سے زیادہ رن بناچکے ہیں  جبکہ ابھی فائنل باقی ہے۔ تجربہ کی بات کی جائے تو کپتان دھونی کی عمر۴۰؍برس   سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ ڈیون براوو۳۸؍ سال، فاف ڈوپلیسس ۳۷؍ سال، رابن اتھپا ۳۶؍سال، امباتی رائیڈو۳۶؍ سال، معین علی۳۴؍ سال اور رویندر جڈیجا۳۲؍ سال سے زائد ہوچکے ہیں ۔ ان تجربہ کار کھلاڑیوں کو فائنل میں کولکاتا کے موجود ۳؍ عالمی سطح کے اسپنرس سے نمٹناہوگا جن میں ورون چکرورتی کا اکنامی ریٹ۶ء۴۰ ، سنیل نارائن ۶ء۴۴؍ اور شکیب الحسن کا ۶ء۶۴؍ ہے۔ تینوں اسپنرس نے اب تک بہت اچھی گیندبازی کی ہے۔ تاہم یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا کہ فائنل جیسے بڑے میچ میں تینوں کی کارکردگی کیا ہوگی۔ چوتھی بار چنئی کی جیت اس بات پر بھی منحصر ہوگی کہ ان کے تجربہ کار بلے باز ان تینوں اسپنرس کو فائنل میں کیسے کھیلتے ہیں۔ کولکاتا کی بلے بازی کی ذمہ داری اس کے نوجوان سلامی بلے بازوں وینکٹیش ایّر اور شبھمن گل  پر ہوگی   جنہوں نے دوسرے کوالیفائر میں اوپننگ شراکت میں ۹۶؍رن جوڑے تھے۔ ایّر نے شاندار نصف سنچری اسکور کی تھی۔ آئی پی ایل کا فائنل بھی دونوں کپتانوں کے درمیان کا بھی مقابلہ ہوگا۔ مورگن بھی دھونی کی طرح میدان میں  پرسکون رہتے ہیں ۔ دھونی کو  آئی پی ایل  کے فائنل  میں کھیلنے کا کافی تجربہ ہے اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ فائنل کے دباؤ میں کیسے پرفارم کرنا ہے۔ مورگن کا بلہ اب تک خاموش ہے لیکن انگلینڈ کی ٹیم کے لئے  ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان مورگن بھی بخوبی واقف ہیں کہ کیسے انہیں کامیابی حاصل کرنی  ہے۔ دونوں کی کپتانی اس فائنل کا فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK