Inquilab Logo

کولکاتا کے نائٹ رائیڈرس ، ممبئی کا سامنا کرنے کیلئے بیقرار

Updated: April 06, 2022, 11:57 AM IST | Agency | Pune

آئی پی ایل میں کولکاتا کو ممبئی پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑی ہے ۔ کیا شریس ایّر اس بارممبئی کو زیر کرپائیں گے؟

Shreyas Iyer.Picture:INN
شریس ایّر ۔ تصویر: آئی این این

 اگرممبئی انڈینس کی ٹیم موجودہ آئی پی ایل میں فتح کاکھاتہ کھولنا چاہتی  ہے تو اس کے گھریلو گیند بازوں کو بدھ کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے خلاف میچ میں اپنا بہترین مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ۵؍ بار کی آئی پی ایل چمپئن ممبئی انڈینس اس سیزن میں اب تک اپنے دونوں میچ ہار چکی ہے۔اسے پہلے میچ میں دہلی کیپٹلس نے ۴؍ وکٹ سے جبکہ دوسرے میچ میں راجستھان رائلز نے۲۳؍ رن سے شکست دی تھی۔ ممبئی کے کپتان روہت شرما کے کے آر کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے کئی شعبوں میں بہتری لانا چاہیں گے۔کے کے آر کی ٹیم پنجاب کنگز کے خلاف ۶؍ وکٹ سے فاتح  رہی تھی اور وہ بلند حوصلے کے ساتھ اس میچ میں کھیلے گی۔ تاہم کے کے آر کی ٹیم نے لیگ میں ممبئی کے خلاف ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ دونوں کے درمیان گزشتہ ۱۳؍ میچوں میں کے کے آر کو صرف ۲؍ ہی کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو آئی پی ایل میں سب سے زیادہ نقصان صرف ممبئی انڈینس کے خلاف ہوا ہے۔راجستھان کے خلاف آخری میچ میں تیز گیند باز باسل تھمپی اور اسپنر مروگن اشون ممبئی کیلئے کمزور ثابت ہوئے تھے۔ تھمپی نے ایک اوور میں۲۶؍ رن اور اشون نے ۳؍ اوور میں۳۲؍ رن دیئے تھے۔ آسٹریلیا کے  تیز گیندبازڈینیل سیمس نے بھی گزشتہ ۲؍ میچوں میں زیادہ رن  دئیے ہیں اور وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ کے کے آر کے بلے بازوں کو روکنے کیلئے تینوں کو صحیح لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کرنی ہوگی۔ جسپریت بمراہ نے اگرچہ دکھایا ہے کہ ان کا شمار دنیا کے بہترین گیند بازوں میں کیوں کیا جاتا ہے لیکن انہیں دوسرے کنارے  سے خاطر خواہ تعاون نہیں مل رہا ہے۔
 روہت شرماکو بھی سازگار نتیجہ حاصل کرنے کیلئے  اپنے پسندیدہ حریف کے خلاف دوبارہ بڑی اننگز کھیلنی ہوگی۔ اوپنر ایشان کشن نے اب تک اچھی کارکردگی پیش کی ہے۔ انہوں نے پہلے میچ میں۸۱؍ اور دوسرے میچ میں۵۴؍ رن بنائے ہیں۔ اگر ممبئی بڑا اسکور کرنا چاہتا ہے تو روہت اور کشن کو اچھی شروعات کیلئے میدان پر  اترنا ہوگا۔ سوریہ کمار یادو کو ممبئی نے بہت زیادہ یاد کیا جو انگلی کی چوٹ کی وجہ سے پہلے ۲؍ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ اس بارے میں ابھی تک غیر یقینی کی صورت حال ہے کہ آیا وہ اگلے میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ انمول پریت سنگھ، ٹم ڈیوڈ اور کیرون پولارڈ کو بھی اپنا کردار بخوبی ادا کرنا ہوگا۔ دیکھنا یہ ہے کہ ممبئی جنوبی افریقہ کے ڈیولڈ بریوس کو موقع دیتا ہے یا نہیں۔
 جہاں تک کے کے آر کا تعلق ہے، اس کیلئے سب سے مثبت پہلو اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسیل کی فارم میں واپسی ہے۔ پنجاب کنگز کے خلاف  انہوں نے اپنی چھکے مارنے کی مہارت کا عمدہ مظاہرہ کیا، جسے وہ جاری رکھنا چاہیں گے۔ اجنکیا رہانے اور وینکٹیش ایّر، ٹاپ آرڈر میں آخری میچ میں نہیں چل سکے تھے۔ یہ دونوں ٹیم کو اچھی شروعات دینا چاہیں گے۔
 کپتان شریس ایّر کی شروعات اچھی ہے لیکن ٹیم کو  ان سے بڑی اننگز کی ضرورت ہے۔ یہی بات سیم بلنگز اور نتیش رانا پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ کے کے آر کے تیز گیند باز امیش یادو نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن انہیں ٹم ساؤدی اور شیوم ماوی کی حمایت کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ ورون چکرورتی اور سنیل نارائن کے بھی ۸؍ اووراہم ہوں گے۔ان دونوں ٹیموں میں زبردست  مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK