Inquilab Logo

شعیب اختر نے اٹھوا لینے کی دھمکی دی تھی:عرفان پٹھان

Updated: June 02, 2020, 11:29 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے انکشاف کیا ہے کہ ۲۰۰۶ءمیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز شعیب اختر نے انہیں اور دھونی کو اٹھوا لینے کی دھمکی دی تھی۔

Shoaib Akhtar, Irfan Pathan and Dhoni -  Pic : INN
شعیب اختر، عرفان پٹھان اور دھونی ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے انکشاف کیا ہے کہ  ۲۰۰۶ءمیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز شعیب اختر نے انہیں اور دھونی کو اٹھوا لینے کی دھمکی دی تھی۔
 اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اپنے وقت میں سب سے زیادہ خطرناک گیند بازوں میں سے ایک تھے، مگر وہ کھلاڑیوں کے ساتھ سلیجنگ کرنے کے لئے بھی بدنام تھے۔کھلاڑیوں کو الٹا سیدھا کہنا، دھمکیاں دینا ان کی عادت میں شمار تھا۔
 اسپورٹس تک سے بات کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے انکشاف کیاکہ ۲۰۰۶ء میں شعیب اختر نے انہیں اور دھونی کو اٹھوا لینے کی دھمکی دی تھی۔۲۰۰۶ءمیں فیصل آباد میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں عرفان نے۹۰؍ رن بنائے تھے اور اس اننگز کی بدولت ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز میں۱۵؍ رن کی برتری حاصل کرلی تھی۔پہلی اننگز میں شعیب اختر نے سچن تینڈولکر کو آؤٹ کیا اور اس وقت شعیب کافی جارحانہ نظر آ رہے تھے۔انہوں نے باؤنسر کے ساتھ عرفان پٹھان کا خیر مقدم کیا۔عرفان نے کہا کہ کریز پر آتے ہی انہوں نے دھونی سے پوچھا کہ کیا چل رہا ہے۔دھونی نے مجھ سے کہا کہ کچھ نہیں آرام سے کھیلو۔ اختر کی پہلی گیند باؤنسر تھی جو میں دیکھ نہیں پایا اور گیند کان کے پاس سے وکٹ کیپر کے پاس چلی گئی۔اس وقت ٹیم لڑكھڑائی ہوئی تھی اور ہمیں اننگز کو سنبھالنا تھا۔ ایسے میں میں نے اور دھونی نے منصوبہ  بنایا کہ اختر کے اسپیل کو ختم کیا جائے۔اس کے بعد میں نے معاملہ اپنے ہاتھ میں لیا اور دھونی سے کہا کہ میں اختر کو سلیج کروں گا آپ صرف ان پر ہنسنا۔ دھونی میری بات مان گئے۔اس کے بعد شعیب اختر بھی سلیجنگ کرنے لگے اور گیند ریورس ہونے لگی تھی۔
 عرفان نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ ریورس سوئنگ نہ ہو، اختر سلیج کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی ہی گیند پھینک رہے تھے۔شعیب اختر نے سلیجنگ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بات دس ہے تو وہ بیس بولیں گے۔اس کے بعد میں نے اختر کو کہا کہ پاجی اگلے اسپیل میں اتنی ہی جان لگے گی۔اس سے اختر ناراض ہو گئے اور کہا کہ بہت زیادہ بات کرتے ہو، تیرے کو میں اٹھوا لوں گا ادھر سے۔اس پر میں نے بھی کہا کہ پٹھان ہوں، آپ ایسی بات نہیں کر سکتے۔اس کے بعد شعیب اختر نے ناراض ہوکر بائونسر مارنا شروع کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کی یہ حکمت عملی کامیاب رہی اور ٹیم انڈیا اس میچ کو بچانے میں کامیاب رہی۔
 اس ٹیسٹ میچ میں عرفان پٹھان اور ایم ایس دھونی نے چھٹے وکٹ کے لئے۲۱۰؍رن کی اہم شراکت کی تھی۔ دھونی نے اس میچ میں ۱۵۳؍ گیندوں پر ۱۹؍ چوکے اور۴؍  چھکوں کی مدد سے۱۴۸؍ رن کی اننگز کھیلی تھی۔ شعیب اختر کیلئے  وہ میچ زیادہ اچھا نہیں رہا تھا اور انہیں صرف سچن کا وکٹ ہی مل پایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK