Inquilab Logo

ورلڈ کپ جیتنا دھونی کیساتھ بہترین لمحہ: عرفان

Updated: August 18, 2020, 11:23 AM IST | Agency | New Delhi

سابق آل راؤنڈر نے کہا: اکثر دھونی اور میں ایک ساتھ کھانا کھایا کرتے تھے

MS Dhoni and Irfan Pathan - Pic : INN
ایم ایس دھونی اور عرفان پٹھان ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ کرکٹ کریئر کے دوران ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان   مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ ان کا خاص لگاؤ تھا ۔
 دھونی کیلئے کونے کونے سے خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور ہر ایک نے ان کی کامیابیوں کی تعریف کی ہے۔ سابق ہندوستانی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے وہ وقت بھی یاد کیا جب انہوں نے پہلی بار ایم ایس دھونی کی صلاحیتوں کو دیکھا۔عرفان پٹھان نے کرکٹ نیکسٹ کو بتایا کہ دھونی کے تعلق سے ان کی پہلی یاد بنگلہ دیش کے خلاف دورے کی تھی جب وہ صفر پر رن ​​آؤٹ ہوئے۔ لیکن اس سے پہلے میں نے ان کے خلاف پریکٹس میچ کھیلا تھا جب وہ انڈیا اے ٹور سے تازہ دم آئے تھے۔
 انہوں نے کہا کہ ہم بنگلور میں کھیل رہے تھے اور میں نے انہیں ایک باؤنسر کیا اور انہوں  نے اس باؤنسر کو شاندار طریقے سے کھیلا حالانکہ میں نے ڈیپ اسکوائر لیگ پر کھلاڑی لگا رکھا تھا اور اس لئے صرف ایک رن ہی گیا لیکن مجھے احساس ہوا کہ اس کھلاڑی کے پاس طاقت ہے ، یہ مہندر سنگھ دھونی کے تعلق سے میری پہلی یاد تھی ۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ بہترین لمحہ واضح طور پر ایک ساتھ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنا تھا۔ میدان میں اور باہر ہمارے پاس کئی شاندار یادیں تھیں۔ ہم ساتھ کھانا کھاتے تھے۔ ۲۰۰۷ء سے پہلے ایک وقت ایسا تھا جب ہم ایک ساتھ ہی کھانا کھاتے تھے ۔حالانکہ گیندبازی کے تعلق سے میرے اور دھونی کے تعلقات میں عدم اتفاق تھا کیونکہ وہ گیندباز کوآزادی نہیں دیتے تھے۔ کریئر کے آخر میں انہو ں نے یہ رویہ تبدیل کیا۔  
 مہندر سنگھ دھونی نے سنیچر کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا تھا ۔ دھونی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کریئر کی جھلکیوں کی ویڈیو انسٹاگرام پر پوسٹ کیں۔ جس میں انہوں نے تحریر کیا ’’شکریہ. آپ کی محبت اور تعاون کے لئے بہت بہت شکریہ۔ ۱۹۲۹؍ بجے (شام ۷؍بجکر ۲۹؍منٹ)سے مجھے ریٹائرڈ سمجھئے۔ ۲۰۰۷ء کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ، ۲۰۱۱ء ون ڈے ورلڈ کپ اور۲۰۱۳ء چمپئن ٹرافی میں اپنے ملک کو فتح سے ہمکنار کرانے کے بعد دھونی ہندوستان کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان ہیں۔ وہ ہندوستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ون ٹیم بنانے میں بھی کامیاب رہے۔ وہ تمام بڑے ٹورنامنٹ جیتنے والے واحد کپتان ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK