Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ میں’ آئی لینڈرس‘ کی آئر لینڈ پر فتح

Updated: October 24, 2022, 1:36 PM IST | Agency | Hobart

سری لنکا نے آئر لینڈ کو ۹؍وکٹ سے شکست دے دی۔ کوسل مینڈس نے ناٹ آؤٹ ۶۸؍رن بنائے۔ لنکن اسپنرس نے اچھی گیندبازی کی

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 کوسل مینڈس (ناٹ آؤٹ۶۸؍رن) کی نصف سنچری اور گیند بازوں کی جانب سے اچھی کارکردگی کے بعد سری لنکا نے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کے سپر۱۲؍ مرحلے میں اتوار کو آئرلینڈ کو ۹؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ نے سری لنکا(آئی لینڈرس) کو۱۲۹؍ رن کا ہدف دیا جو سری لنکا نے ۱۵؍اوورس میں حاصل کر لیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے ہیری ٹیکٹر نے۴۵؍ رن بنائے، حالانکہ اس کیلئے انہوں نے۴۲؍گیندیں کھیلی تھیں۔ اوپنر پال اسٹرلنگ نے بھی ۳۴؍رن کا تعاون دیا لیکن سری لنکا نے کسی اور آئرش بلے باز کو رفتار حاصل نہیں ہونے دی۔ سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے مینڈس اور دھننجے ڈی سلوا نے پہلے وکٹ کیلئے۶۳؍ رن کی شراکت کے ساتھ اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ڈی سلوا۲۵؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد مینڈس نے چریتا اسلنکا کے ساتھ۷۰؍ رن جوڑ کر سری لنکا کو ہدف تک پہنچا دیا۔ اسلنکا نے۲۲؍گیندوں پر ۲؍ چوکوں کی مدد سے۳۱؍رن  جبکہ مینڈس نے ۴۳؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۶۸؍ رن  بنائے۔ سری لنکا کو ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں نمیبیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی لیکن اس کے بعد سے ایشین چمپئن ٹیم اپنے تمام میچ جیت چکی ہے۔  اس  سے قبل اسٹرلنگ نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد آئرلینڈ کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ اوپنرس شاندار بلے بازی کر رہے تھے لیکن ڈی سلوا نے انہیں سپن میں کیچ کر کے پویلین بھیج دیا۔ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے ٹیکٹر نے آئرلینڈ کی اننگز کو سہارا دیا، حالانکہ سری لنکا نے مسلسل وکٹ لے کر رن ریٹ کو قابو میں رکھا۔ ٹیکٹر نے۴۲؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۴۵؍ رن بنائے جبکہ ان کی جدوجہد کا خاتمہ بنورا فرنانڈیس نے کیا۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی آئرش بلے باز بڑی شراکت نہ کر سکا۔ سری لنکا کی شاندار گیندبازی کی وجہ سے آئرلینڈ آخری ۵؍ اوورس میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۸؍ رن ہی بنا سکی۔ ونیندو ہسرنگا اور مہیش ٹیکشنا نے ۲۔۲؍ جبکہ بنورا فرنانڈو، لاہیرو کمارا، چمیکا کرونارتنے اور ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK