Inquilab Logo

یووینٹس مسلسل ۹؍ویں مرتبہ سیری اے پر قابض

Updated: July 28, 2020, 11:42 AM IST | Agency

اطالوی فٹبال لیگ کے میچ میں سیمپڈوریا کوصفر۔۲؍ سے شکست دے کر خطاب یقینی کرلیا۔ رونالڈونے بھی اہم میچ میں گول کیا

Juventus
یووینٹس فٹبال کلب کے کھلاڑی ڈریسنگ روم میں جشن مناتے ہوئے

یو رپ کی سبھی بڑی فٹبال لیگ کے فاتح کا فیصلہ ہوچکا تھا اور صرف اطالوی فٹبال لیگ سیری اے کے فاتح کا فیصلہ باقی تھا اور اتوار کی دیر رات وہ بھی طے ہوگا۔ یووینٹس فٹبال کلب نے اتوارکوہونے والے میچ میں سیمپڈوریا فٹبال کلب کو صفر۔۲؍ سے شکست  دے کر مسلسل ۹؍ویں مرتبہ ٹرافی اٹھانا یقینی کرلیاہے۔ اس سیزن میں یووینٹس کی کامیابی میں کرسٹیانو رونالڈو نے اہم کردار  اداکیا ہے اور وہ فٹبال کلب کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے ہیں۔
 ۳۶؍ویں میچ راؤنڈ کے بعد یووینٹس فٹبال کلب کے اب  ۸۳؍پوائنٹس ہوگئے ہیں۔  یووینٹس دوسرے نمبرپر موجود انٹرمیلان سے ۷؍ پوائنٹس کی برتری حاصل کئے ہوئے ہے۔ لیگ ختم ہونے کیلئے ۲؍میچ باقی ہیں اور انٹرمیلان دونوں میچ جیتنے اور یووینٹس اپنے دونوں میچ ہارنے کے بعد بھی فاتح رہے گا کیونکہ انٹرکو۲؍میچوں میں کامیابی کے بعد ۶؍پوائنٹس ملیں گے جبکہ یووینٹس اور اس کے درمیان ۷؍پو ائنٹس کا فرق ہے۔اس طرح یووینٹس نے ۲؍میچ باقی رہتے ہوئے خطاب پر قبضہ یقینی کرلیاہے۔
 اتوار کو ہونےو الے میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں انہوں نے میر الیم کے پاس پر گول کرکے ٹیم کا اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ میچ کے آخری حصے میں یووینٹس کو ایک پنالٹی ملی اور اس پر بھی کرسٹیانو رونالڈو نے گول کرکے اسکور صفر۔۲؍کردیا اور سیمپڈوریا کی شکست یقینی اور یووینٹس کیلئے مسلسل ۹؍واں خطاب یقینی کردیا ۔ 
 کرسٹیانو رونالڈو اس میچ میں ۲؍گول کرنے کے بعد ٹاپ اسکورر میں اب بھی دوسرے نمبرپر ہیں کیونکہ لازیو فٹبال کلب کے سائرو اموبائل نے ہیٹ ٹرک کی جس کی وجہ سے ان کے گول کی تعداد ۳۴؍ہوگئی ہے اور رونالڈو کے گول کی تعداد ۳۱؍ہے۔حالانکہ ابھی سیزن ختم ہونے میں ۲؍میچ باقی ہیں اور اگر رونالڈو اگلے دونوں میچوں میں زیادہ گول کرتے ہیں تو وہ اس سیزن میں اطالوی لیگ کے ٹاپ اسکورر ہوں گے۔رونالڈو کے ایک سیزن میں یووینٹس کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کے ریکارڈ کی برابری کرنے کیلئے ایک گول درکار ہے۔ ۳۴۔۱۹۳۳ء کے سیزن میں فیلس بورل نے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔رونالڈو نے لاک ڈاؤن کے بعد شروع ہونے والے سیزن میں  اب تک ۱۰؍گول کئے ہیں۔ 
 میچ کے بعد گول کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے بتایاکہ ریکارڈ اہم ہوتے ہیں لیکن ان سے اہم ٹیم کی کامیابی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم جیت رہی ہے یہ ہمارے لئے بہت اچھی  بات ہے اور میں ٹیم کیلئے گول کررہا ہوں یہ فطری بات ہے۔میں چاہتا ہوںکہ اگلے میچوں میں بھی ٹیم کیلئے زیادہ سے زیادہ گول کروں اور ٹیم اسی طرح کامیابی حاصل کرتی  رہے۔ 
 میچ کے بعد یووینٹس کے کوچ موریزیو سری نے کہا کہ ۳۵؍برس کی عمر میں بھی وہ اچھا کھیل رہا ہے اور ان کی صلاحیت میں مسلسل نکھا ر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتاہے کہ فٹبال اور اچھا کھیلنا اس کے ڈی این اے میں شامل ہے۔ اس کی اسی صلاحیت کی وجہ سے وہ ایک گول کرنے کے بعد دوسرے گول کی تیاری شروع کردیتاہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد انہوں نے ذہنی اورجسمانی طورپر اچھی مضبوطی دوبارہ حاصل کرلی ہے۔   رونالڈو اور پاؤلو ڈیبالا نے اچھی شراکت کی اور گول کرنے میں ایک دوسرے کی مدد کی ۔ سری نے کہاکہ ان دونوں کے گول کی مجموعی تعداد ۴۰؍سے زیادہ ہوسکتی ہے اور یہ دونوں اچھے کھلاڑی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK