Inquilab Logo

کریم بینزیما نے چمپئن لیگ میں ریئل کی اُمیدوں کو زندہ رکھا

Updated: April 28, 2022, 12:31 PM IST | Agency | Manchester

سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں سٹی نے ریئل میڈرڈ کو ۳۔۴؍ گول سے شکست دے دی۔ کریم بینزیما نے ریئل کیلئے ۲؍گول کئے

Karim Benzema. Picture:INN
کریم بینزیما۔ تصویر: آئی این این

چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے کے میچ میں کریم بینزیما نے پنالٹی پرگول کرکے ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کی اُمیدوں کوزندہ رکھاہے۔ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے پہلے مرحلے کے میچ میں مہمان فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کو ۳۔۴؍گول سے شکست  دی۔ اسے ۴؍گول کا فائدہ ہوا لیکن اس نے ۳؍گول کھائے بھی۔ اس لئے اب اسے پہلے مرحلے میں صرف ایک گول کی برتری حاصل ہے۔ ریئل میڈرڈ نے ۳؍گول کرکے اگلے مرحلے میں فائنل میں داخل ہونے کی امیدو ںکو زندہ رکھا ہے۔ سیمی فائنل کے اگلے مرحلے کا مقابلہ ریئل کے میدان سنٹیاگو برنابیو میں ہوگا۔  کریم بینزیما نے میچ کے آخری لمحات میں چمپئن لیگ کی اب تک کی سب سے خوبصورت پنالٹی کک لگائی اور اپنی ٹیم ریئل میڈرڈ کو سیمی فائنل میں برقرار رکھا۔ منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے اپنے گھریلو میدان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آغاز ہی میں گول کردیا۔ میچ کے دوسرے منٹ میں ریاض محرزکے کراس پاس پر کیون ڈی برائن نے ہیڈر سے سٹی کا پہلا گول کیا۔ اس گول کے بعد گیبرئیل جیزس نے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا۔ انہوںنے کیون ڈی برائن کی مدد سے ملنے والے پاس پر گول کرکے اسکور صفر۔۲؍کردیا۔ میچ کے ۳۳؍ویں منٹ میں ریئل میڈرڈ کے اسٹار کریم بینزیما نے ایف مینڈی کے پاس کو گول میں بتدیل کردیا اور اسکور ۱۔۲؍ کر دیا۔فرسٹ ہاف کے اختتام پر اسکور ۱۔۲؍ رہا۔  میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کے کھلاڑیوں نے دوبارہ حملہ شروع کیا۔ ۵۳؍ویں منٹ میں فل فوڈین نے فرنانڈنہو کے پاس پر گول کرکے اسکور ۱۔۳؍ کردیا اور سٹی کو میچ میں لوٹایا۔تاہم اس کے ۲؍منٹ بعد ہی برازیل کے وینیشیس جونیئر نے میدان کے نصف حصہ سے سٹی کے کھلاڑیوںکو چکمہ دیتے اور دوڑاتے ہوئے شاندار گول کیا۔ انہوںنے سٹی کے کھلاڑیوں کو خود کو روکنے کا موقع فراہم نہیں کیا اور ٹیم کیلئے تیسرا گول کیا۔ میچ کے ۷۴؍ویں منٹ میں سٹی کے برنارڈو سلوا نے ریئل کے کھلاڑیوں کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک اور شاندار گول کرکے سٹی کے اسکور کو ۲۔۴؍ کردیا۔ میچ کے ۸۲؍ویں منٹ میں سٹی کے کھلاڑی کے ہاتھ پر گیند لگی اور ریفری نے ریئل میڈرڈ کو پنالٹی سے نواز دیا ۔ حالانکہ اس پر سٹی کے کھلاڑیوں نے ریفری سے بحث کی اور اس فیصلے کو بدلنے کیلئے کہا تاہم ریفری نے اپنے فیصلہ کو برقرار رکھا۔ کریم بینزیما نے اس پنالٹی پر چمپئن لیگ کا ایک خوبصورت گول کرکے اسکور ۳۔۴؍ کردیا۔     اس کے بعد میچ میں کوئی گول نہیں ہوسکا اور مانچسٹر سٹی نے یہ میچ ۳۔۴؍گول سے جیت لیا۔ پہلے مرحلے میں تو سٹی نے اپنے گھریلو میدان کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اب اگلے مرحلے کا مقابلہ میڈرڈ میں ہوگا اور وہاں   ریئل میڈرڈ کو اپنے گھریلو میدان سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ اس میچ میں مانچسٹر سٹی نے ۴؍گول تو کئے لیکن ۳؍گول کھائے بھی ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK