Inquilab Logo

کریم بینزیما نے فرانس کی فتح کی بنیاد رکھی

Updated: October 09, 2021, 1:08 PM IST | Agency | Turin

یوئیفا نیشنز لیگ کے سیمی فائنل میں فرانس نے بلجیم کو ۲؍کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی۔ فرانس کیلئے پہلا گول کریم بینزیما نے کیا

Picture of France`s star players.Picture:INN
فرانس کے اسٹار کھلاڑیوں کی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 یہاں یووینٹس اسٹیڈیم میں ہونے والے یوئیفا نیشنز لیگ کے سیمی فائنل کے میچ میں فرانس نے بلجیم کو دندان شکن مقابلے میں ۲؍ کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے دی۔ بلجیم نے برتری کے باوجود اس میچ میں شکست پائی۔ وہ فرانس سے فرسٹ ہاف میں صفر۔۲؍ سے آگے تھا۔ اس مقابلے میں اس کی قسمت اس لئے بھی خراب تھی کہ اس کے اسٹار کھلاڑی رومیلو لوکاکو کے ذریعہ کیا گیاگول  وی اے آر کے تحت منسوخ کردیا گیا۔ فرانس کی جانب سے ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے کریم بینزیما نے اہم گول کیا اور انہوں نے ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی تھی اور اس گول کی وجہ دیگر کھلاڑیوں کو گول کرنے کا حوصلہ ملا۔ کائلیان ایمباپے نے بھی ایک گول کیا۔  جمعرات کی دیر رات ہونے والے میچ میں فرانس اور بلجیم کے گول کیپرس نے زیادہ محنت کی اور انہوںنے دونوں ٹیموں کے اسٹرائیکرس کے حملوں کو بہت ہی چابکدستی سے روکا جس کی وجہ سے میچ کا اسکور ۲۔۳؍ تک محدود رہا ، ورنہ اگر کمزور گول کیپر ہوتے توبہت زیادہ گول اسکور ہوسکتے تھے۔ فرانس کے گول کیپر ہیوگو لورس نے بلجیم کے ایڈین ہیزارڈ اور رومیلو لوکاکو کے حملوں کو ناکام کردیا جبکہ بلجیم کے اسٹار گول کیپر تھیبوٹ کورئیٹس نے فرینچ اسٹرائیکرس کو گول کرنے سے روکے رکھا تھا۔ 
 میچ کا پہلا گول بلجیم کی جانب سے وائی کراسکو نے کیا۔ انہوںنے ۳۷؍ویں منٹ میں کیون ڈی برائن کی مدد سے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔ اس کے بعد جلد ہی بلجیم کو صفر۔۲؍ کی برتری مل گئی۔ چیلسی فٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے رومیلو لوکاکو نے ۴۰؍ویں منٹ میں کیون ڈی برائن کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ فرسٹ ہاف تک بلجیم نے صفر۔۲؍ کی برتری حاصل کرلی۔  دوسرے ہاف میں فرانس نے حملہ کرتے ہوئے ۶۲؍ویں منٹ میں کریم بینزیما کے گول سے اسکور ۱۔۲؍ کردیا۔ اس کے بعدایمباپے نے گول کیا۔ میچ کے انجری ٹائم میں ٹی ہرنانڈیز نے گول کرکے اپنی ٹیم فرانس کو ۲۔۳؍ سے کامیاب بنا دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK