Inquilab Logo

کریم بینزیما کے ۲؍گول، ریئل کی شاندار فتح

Updated: January 25, 2021, 12:43 PM IST | Agency | Barcelona

لالیگا میں ریئل میڈرڈ نے الاویس فٹبال کلب کوایک۔۴؍ سے شکست دی۔ ہیزارڈ اور کاسیمیرو نے بھی ایک ایک گول کئے

Karim Benzema. Picture :INN
کریم بینزیما ۔ تصویر:آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے سنیچر کی دیر رات  ہونےو الے میچ میں الاویس فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے ہرا دیا۔ اس میچ میں کریم بینزیما نے ۲؍گول کئے جبکہ ایڈین ہیزارڈ اور کاسیمیرو نے بھی ایک ایک گول کیا۔ خیال رہے کہ ریئل کے کوچ زین الدین زیدان کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب آئسولیشن میں ہیں اس لئے وہ ٹیم کے ساتھ میدان پر موجود نہیں تھے۔ ریئل کی ٹیم نے ان کے بغیر ہی شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ریئل کی ٹیم ٹیبل میں دوسری پوزیشن پر آگئی ہے۔ یہ میچ ایڈین ہیزارڈ کیلئے بہت اہم تھا کیونکہ انہوں نے اسپینی کلب کی جانب سےکھیلتے ہوئے تیسرا گول کیا ہے۔ ہیزارڈکو جب ریئل نے ٹیم میں شامل کیا تھا اس کے بعد سے ہی بلجیم کے اسٹار کھلاڑی زخمی ہیں۔ تاہم اس میچ میں انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے اہم گول کیا۔  سنیچر کی رات ہونے والے میچ میں کریم بینزیما زبردست فارم میں تھے۔ انہوںنے ۲؍ گول کئے۔میچ کا پہلا گول ۱۵؍ویں منٹ میں کاسیمیرو نے ٹونی کروس کی مدد سے کیا اور اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ میچ کے فرسٹ ہاف کے اختتام سے قبل کریم بینزیما نے ایڈین ہیزارڈ کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم   میں اپنے ہنر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایڈین ہیزارڈ نے ٹونی کروس کی مدد سے ٹیم کاتیسرا گول کیا۔ فرسٹ ہاف کے اختتام پر اسکور صفر۔۳؍ رہا تھا اور اس وقت تک ریئل میڈرڈکی ٹیم نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی تھی۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میں الاویس کی ٹیم نے کوشش شروع کی اور اسے ۵۹؍ویں منٹ میں کامیابی ملی۔ جوسیلو نے لوکاس پیریز کی مدد سے ایک گول کیا اوراسکور ایک۔۳؍کردیا۔ میچ کے ۷۰؍ویں منٹ میں کریم بینزیما نے ٹیم کا چوتھا اور اپنا دوسرا گول کیا اور اسکور ایک ۔۴؍کردیا۔ اس کے بعد دونوں جانب سے کوئی گول نہیں ہوا اور ریئل نے یہ میچ ایک۔۴؍ گول سے جیت لیا۔ 
 سنیچر کی رات ملنے والی فتح سے ریئل کو ۳؍ پوائنٹس ملے ہیں اور وہ لالیگا کے ٹیبل میں دوسری پوزیشن پر ہے۔ اس کے ۱۹؍میچوں میں ۴۰؍ پوائنٹس ہیں۔ دوسری طرف ٹیبل میں ٹاپ پر موجود ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب کے ۱۷؍میچوں میں ۴۴؍پوائنٹس ہیں۔ اس وقت ایٹلیٹیکو کی پوزیشن مستحکم ہے۔  ۲؍ گول کرنے کے ساتھ ہی ریئل میڈرڈ کے کریم بینزیما کے لالیگا میں ۱۰؍گول ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ۵؍گول کرنے میں معاونت کی ہے۔ اس معاملے میں ٹاپ پوزیشن پرسیویلا فٹبال کلب کے  یوسف الناصری ہیں  جنہوں نے ۱۲؍گول کئے ہیں۔ میچ کے بعد کریم بینزیما نے ہیزارڈ کے بارےمیں بتایا ’’جب وہ چیلسی میں تھے تو ایک کھلاڑی تھے لیکن ریئل میں آنے کے بعد وہ ایک الگ ہی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ ہیزارڈ ریئل میں اپنا بہترین مظاہرہ کریں۔ ‘‘ ریئل کے کھلاڑی اسسٹنٹ کوچ ڈیوڈ بیٹونی کی نگرانی میں کھیل رہے تھے لیکن وہ بھی ٹچ لائن کے قریب تھے۔ حالانکہ بیٹونی نے متبادل کھلاڑی کے تعلق سے زیدان سے فون پر بات چیت کی تھی لیکن زیدان نے انہیں کہا کہ ریئل کے سبھی کھلاڑی بہترین ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK