Inquilab Logo

کریم بینزیما کی ہیٹ ٹرک،ریئل میڈرڈ نے چیلسی کو ہرایا

Updated: April 08, 2022, 11:37 AM IST | Agency | Madrid

چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں ریئل میڈرد نے دفاعی چمپئن کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی،کریم بینزیما کی لگاتار دوسری ہیٹ ٹرک

Karim Benzema scored 3 goals for Real Madrid against Chelsea..Picture:INN
کریم بینزیما نے چیلسی کے خلاف ریئل میڈرڈ کےلئے ۳؍گول کئے۔۔ تصویر: آئی این این

:چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کے مقابلے میںچیلسی کو جس بات کا ڈر تھا وہ سچ ثابت ہوگیا۔ فرانسیسی اسٹرائیکر  نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ آج دنیا کے سب سے خطرناک کھلاڑی کیوں ہیں۔ریئل میڈرڈ کے کپتان کے کریم بینزیما کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت ریئل میڈرڈ نے چیلسی کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے دی۔ واضح رہے کہ کریم بینزیما کی یہ لگاتار دوسری ہیٹ ٹرک ہے۔ اس سے قبل انہوںنے راؤنڈ۔۱۶؍کے مقابلے میں پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) کے خلاب بھی شاندار ہیٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ چمپئن لیگ مقابلوں میں لگاتار ۲؍میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کریم بینزیما چوتھے کھلاڑی ہیں۔ان سے قبل کرسٹیانو رونالڈو بھی ریئل میڈرڈ کیلئے یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ریئل میڈرڈ کی جیت میںگول کیپر تھیباٹ کٹوئس کا بھی شاندار رول رہا۔انہوںنے اپنی سابقہ ٹیم چیلسی کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی گول کو روک کر ریئل میڈرڈ کی جیت کی راہ ہموار کی۔لندن کے اسٹیمفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں کریم بینزیما نے میچ کے ۲۱؍ویں منٹ میں یار ڈ کے اندر ملے پاس کوہیڈر کے ذریعے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر سے آگے کردیا۔چیلسی کی ٹیم پہلے گول سے ابھی سنبھل بھی نہیں پائی تھی کہ ۳؍منٹ بعد کریم بینزیما نے ۲۴؍ویں منٹ میںگول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی برتری کو دُگنی کردیا۔ ہاف ٹائم ختم ہونے سے قبل چیلسی کے کھلاڑی کائی ہیورٹز نے گول کرتے ہوئے اسکور دو ایک کردیا۔اس گول کے بعد ایسی امید تھی کہ چیلسی اس میچ میں واپسی کرتے ہوئے اسکور برابر کر لے گا لیکن ایسا ہو نہ سکا۔ہاف ٹائم کے ٹھیک ایک منٹ بعد کریم بینزیما نے پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم اور اپنا تیسرا گول کردیا۔اس گول کے ساتھ ہی انہوںنے گزشتہ ۴؍ میچوں میں ۱۰؍گول مکمل کرلئے۔موجودہ سیزن میںتمام ٹورنامنٹ میں کھیلتے ہوئے کریم بینزیما نے اب تک ۳۶؍ مقابلوں میں ۳۷؍گول کئے ہیں۔دریں اثنا چیلسی کے پاس گول کے فرق کو کم کرنے کا انجری ٹائم میں موقع تھا لیکن متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان پر اترنے والے رومیلو لوکاکو موقع گنوا بیٹھے اور وہ حاکم زیاچ کے پاس کو گول میں تبدیل نہیں کر سکے۔ اس فتح کے ساتھ ہی ریئل میڈرڈ گروپ ’ ڈی‘ میں پہلے مقام پر پہنچ گیا ہے جبکہ چیلسی گروپ’ایچ‘ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ریئل میڈرڈ اور چیلسی کے درمیان کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کا میچ ۱۳؍اپریل کو ریئل میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ میں کھیلا جائےگا۔دفاعی چمپئن چیلسی کو اگر خطاب بچانے کی مہم کو برقرار رکھنا ہے تو اسے پہلے ۲؍گول کرتے ہوئے اسکور کو مجموعی طور پر برابر کرنا ہوگا اور اس کے بعد ایک گول کرتے ہوئے مقابلہ جیتنا ہوگا۔اس کے ساتھ چیلسی کو یہ بھی کوشش کرنی ہوگی کہ ریئل میڈرڈ گول نہ کرسکے۔ویسے چیلسی کے موجودہ فارم اور گھریلو میدان پر کھیلنے سے ہونے والے فائدہ کو دیکھتے ہوئے چیلسی کا جیتنا مشکل ہی نظر آرہا ہے۔
ولا ریئل نے بائرن میونخ کو ہرایا
 ولا ریئل نے گزشتہ روز دیر رات کھیلے جانے والے چمپئن لیگ کےکوارٹر فائنل کے پہلے  مرحلے کے مقابلے میںبائرن میونخ کو ایک صفر سے شکست دے دی۔بائرن میونخ کو اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کیلئے ویلا رائل کے خلاف جیت کی ضرورت تھی لیکن ولاریئل نے مخالف ٹیم کے ارادوں پر پانی پھیر دیا۔کھیل کے آٹھویں منٹ میں ولا ریئل کے کھلاڑی ڈینجومانے گول کیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK