Inquilab Logo

کریم کے ۲؍گول ، ریئل دوسری پوزیشن پر

Updated: March 22, 2021, 11:58 AM IST | Agency | Barcelona

لالیگا کے میچ میں سیلٹا ویگوکو ایک۔۳؍ سے شکست دی۔ اسینسیو نے ایک گول کیا

Karim Benzema.Picture:INN
کریم بینزیما ۔تصویر :آئی این این

  اسپینش لیگ لالیگا میں خطاب کی جنگ دلچسپ ہوتی جارہی ہے اور ٹاپ ۳؍کی ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہی ہیں۔ سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ نے کریم بینزیما کے ۲؍گول کی بدولت سیلٹا ویگو کو ایک۔ ۳؍ سے شکست دےدی اور۳؍پوائنٹس حاصل کر لئے۔ اب وہ ٹیبل میں دوسری پوزیشن پر ہے۔ دیگر ایک میچ میں سیویلا کے گول کیپر نے آخری وقت میں گول کرکے ویلاڈولڈ سے اسکور ایک ایک سے برابر کردیا۔  لالیگا کے میچ میں ریئل نے آغاز ہی سے سیلٹا پر دباؤ ڈالا اور حریف ٹیم کو گھٹنے ٹیکے پر مجبور کر دیا۔ کریم بینزیما نے ۲۰؍ویں منٹ میں ٹونی کروس کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا اور اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ ۳۰؍ویں منٹ میں انہوں نے ایک اورگول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مددایک بار پھر ٹونی کروس نے کی۔ میچ کے ۴۰؍ویں منٹ میں سینٹی مینا نے ڈینس سواریز کی مدد سے سیلٹا ویگو کیلئے پہلا گول کیا۔ اس گول سے اسکورایک۔۲؍ہوگیا۔ میچ کے دوسرے ہاف کے آخری حصے میں ریئل کی جانب سے ایک اور گول مارکو اسینسیو نے کیا۔ انجری ٹائم کے چوتھے منٹ میں ہونے والے گول میں کریم بینزیما نے  مارکو اسینسیو کی مدد کی۔  ریئل میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیدان نے کہا ’’جب آپ کواسکور کرتےہوئے دیکھنا ہے تو آپ کریم بینزیما کو دیکھیں۔ کریم خود کو دیگر افراد سے الگ کرتے ہیں اور وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔ میں ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔ ‘‘  اس فتح کے بعد ریئل میڈرڈ کے ۲۸؍ میچوں میں ۶۰؍پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ لالیگا کے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر موجود  ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب سے ۳؍پوائنٹس پیچھے ہے۔ ایٹلیٹیکو کے ۲۷؍میچوں میں۶۳؍پوائنٹس ہیں۔ تیسری پوزیشن پر بارسلونا فٹبال کلب ہے جس کے ۲۷؍ میچوں میں ۵۹؍پوائنٹس ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK