Inquilab Logo

کرن رجیجو کو ہندوستانی نشانہ بازوں سے ٹوکیو اولمپک میں بہتر کارکردگی کی امید

Updated: March 26, 2021, 12:40 PM IST | Agency | New Delhi

کھیلوں کے مرکزی وزیرکرن رجیجو نے نشانہ بازی عالمی کپ کے فاتحین کو تمغے پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں جانے والے نشانہ بازوں سے انھیں تمغے کی بہت امید ہے۔

Kiren Rijiju .Picture:INN
کرن رجیجو۔تصویر :آئی این این

 کھیلوں کے مرکزی وزیرکرن رجیجو نے نشانہ بازی عالمی کپ کے فاتحین کو تمغے پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں جانے والے نشانہ بازوں سے انھیں تمغے کی بہت امید ہے۔ رجیجو کو اولمپک میں نشانہ بازی سے کافی امیدیں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ٹیم میں کئی تمغے جیتنے کے دعویدار موجود ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ ہم اولمپک میں سب سے بڑا دستہ بھیجنے والے ہیں۔ کچھ دنوں پہلے ہمارے ملک کے کھلاڑیوں نے ایتھلیٹکس میں اولمپک کیلئے کوالیفیائی کیا تھا اور مجھے امید ہے کہ آنے والے مقابلوں میں ہمارے مزید کھلاڑی اولمپک کے لئے کوالیفائی کریں گے۔ نشانہ بازی میں ہمارے پاس میڈل جیتنے کے لئے کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد ہوگی اور ایک بہت بڑی ٹیم ہوگی ۔‘‘ کرن رجیجو خواتین کے ۲۵؍میٹر پسٹل مقابلے کے فائنل میچ  دیکھنے کے لئے آج نئی دہلی کے ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں موجود تھے۔ انہوں نے فاتحین کو تمغے پیش کئے۔ اس مقابلے کے تینوں  تمغے ہندوستان نے جیتے  جس میں چنکی یادو نے طلائی تمغہ، راہی سرنوبت نے نقرئی اور منو بھاکر نے کانسہ کا تمغہ جیتا ۔ اس سے پہلے نوجوان ہندوستانی نشانہ باز ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر نے مردوں کی  ۵۰؍میٹر رائفل ۔۳؍پوزیشن مقابلے میں طلائی کا تمغہ حاصل کیا۔ ایشوریہ  کے طلائی تمغہ کے ساتھ ، ہندوستان ۹؍طلائی،۵؍نقرئی اور ۵؍کانسے کے ساتھ میڈل کی فہرست میں مضبوطی کے ساتھ چوٹی پر موجود ہے۔
   رجیجو نے اس ورلڈ کپ میں کارکردگی کے لئے نشانہ بازوں کی تعریف کی ۔ کورونا وائرس لاک ڈاون کے بعد ہونے والے یہ پہلے بڑے  عالمی مقابلوں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر رجیجو نے کہا ’’ اس ورلڈ کپ میں کل ملاکر ہندوستان کی مجموعی کارکردگی غیرمعمولی رہی ہے۔ ہمیں اپنے نشانہ بازوں سے کافی امیدیں تھیں کیونکہ ہم نے اس وباء کے مشکل دور کے دوران بھی کھلاڑیوں کی ہرممکن مدد کی ہے۔  ہم نے یہ یقینی بنایا ہے کہ ہندوستان میں نشانہ بازوں اور سبھی کھلاڑیوں کو مسلسل سہولیات اور سازوسامان فراہم کئے جائیں۔‘‘ وزیرکھیل نے ہندوستان میں  نشانہ بازی ترقی  پر بھی بات کی اور بتایا کہ کہ پچھلے کچھ برسوں میں ہندوستان نے کس طرح سے مختلف مقابلوں میں مسلسل شاندار کارکردگی پیش کی ہے۔ مسٹر رجیجو نے کہا ‘‘ یہ ہندوستانی نشانہ بازی ٹیم کے لئے ایک طویل سفر ہے ، کچھ سال پہلے ہم صرف کچھ مقابلوں میں ہی حصہ لیا کرتے تھے ، لیکن اچانک ہندوستان نشانہ بازی میں ایک اہم طاقت بن گیا ہے تو مجموعی طور پر یہ ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے۔جس طرح کی سہولیات ملک بھر میں کھلاڑیوں کو حاصل ہورہی ہیں اور کھلاڑیوں میں ملک میں جس طرح کا جوش و خروش اور دلچسپی نظرآرہی ہے اور حکومت کی ہرممکن مدد کے ساتھ پوری کوشش ،ان سبھی کا ایک امتزاج ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK