Inquilab Logo

ہندوستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کو ٹکر دینے کے لئے تیار

Updated: December 25, 2021, 1:44 PM IST | Agency | Centurion

ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کے ایل راہل کا کہنا ہے کہ اس بار ٹیم انڈیا کی تیاری بہتر ہے

KL Rahul .Picture:PTI
کے ایل راہل۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان لوکیش راہل نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستانی ٹیم پچھلی بار کے مقابلے اس بار کچھ بہتر تیار ہے۔نائب کپتان  کے ایل راہل نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل جمعہ کو ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا ’’ہم اس بار ۱۸۔۲۰۱۷ء میں جنوبی افریقہ کے دورے کے مقابلے کچھ بہتر تیار ہیں۔ امید ہے کہ مینک اگروال اور میں اچھی شروعات کریں گے اور ٹیم کو ایک اچھا پلیٹ فارم دیں گے۔ میری توجہ نئی گیند کے پہلے ۳۰۔۳۵؍ اوور میں وکٹیں نہ گنوانے پر ہے۔‘‘
 ٹاپ آرڈر بلے باز جنہوں نے جنوبی افریقہ میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی ہے، نے کہا ’’یہاں کی پچ  چیلنج پیش کر سکتی ہیں۔ میں نے جنوبی افریقہ میں زیادہ میچ نہیں کھیلے ہیں لیکن میرا تجربہ کہتا ہے کہ پچ  چیلنجنگ ہو سکتی ہیں۔ آسٹریلیا کی تیز اور باؤنسی پچوں کے مقابلے میں یہاں  یہی اہم  فرق ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا نائب کپتانی سے کوئی فرق پڑے گا تو  راہل نے کہا ’’نائب کپتان بننے سے ذمہ داری  بڑھ گئی ہے۔  میں مزید ذمہ داری کے ساتھ کھیلوں گا۔ بصورت دیگر، مجھے نہیں لگتا کہ اس سے کوئی فرق پڑے گا۔ بحیثیت ٹیم ہمارے لئے یہ ایک بڑی سیریز ہے۔ ہم ہمیشہ سیریز کو گھر سے دور ایک چیلنج کے طور پر لیتے ہیں۔ ہم نے اس پر بہت محنت کی ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں جیت نے ہمیں اچھا اعتماد دیا ہے۔ 
 واضح رہے کہ اس سے قبل روہت شرما کو ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا تھا۔ تاہم، روہت کو ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو نا پڑا تھا جس کے بعد راہل کو ٹیسٹ  ٹیم کی نائب کپتانی سونپی گئی  ہے۔
 ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز ۲۶؍دسمبر سے سنچورین میں ہو رہا ہے، جو آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے ۲۳۔۲۰۲۱ء سائیکل کا حصہ ہے۔ ہندوستان نے آخری بار۱۸۔۲۰۱۷ء  میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا اور یہاں ۳؍  میچوں  کی ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جسے میزبان جنوبی افریقہ نےایک۔۲؍سے جیتا تھا۔ تاہم، ہندوستانی ٹیم اس وقت جوش و خروش سے بھرپور ہے کیونکہ اس نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے۔ ہندوستان اس وقت ڈبلیو ٹی سی پوائنٹ ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا سرفہرست ہے  ویں  آسٹریلیا دوسرے اور پاکستان  تیسرے مقام پر ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK