Inquilab Logo

کوہلی یکروزہ میں سب سے تیز۱۲؍ ہزار رن کے ریکار ڈ سےچند قد م دور

Updated: November 27, 2020, 11:37 AM IST | Agency | Sydney

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں۱۳۳؍ رن بنانے کے بعد وراٹ ون ڈے میں۱۲؍ ہزار رنوں کی چوٹی تک پہنچنے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن جائیں گے

Virat Kohli .Picture :INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی کپتان اور رن مشین وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف  جمعہ سے  شروع  ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں سب سے تیز۱۲؍ ہزار رن بنانے کے  مقصد کے ساتھ اتریں گے۔ ہندوستانی کپتان کو کرکٹ کے لیجنڈ سچن تنڈوولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لئے سب سے مضبوط دعویدار مانا جاتا ہے۔ وراٹ  کے پاس  ون ڈے سیریز میں سب سے تیز۱۲؍ ہزاررن بنانے کا موقع رہے گا۔ وہ  ابھی اس کامیابی سے صرف۱۳۳؍رن دورہیں ۔ تین میچوں کی اس سیریز میں وراٹ  اس ریکارڈ کو حاصل کرسکتے ہیں۔ سیریز میں۱۳۳؍ رن بنانے کے بعد ، وراٹ  ون ڈے میں۱۲؍ ہزار رنوں کی چوٹی تک پہنچنے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن جائیں گے۔
 وراٹ کے پاس ون ڈے میں سب سے تیز۱۲؍ ہزاررن  بنانے کا بھی موقع ہوگا اور اس معاملے میں وہ ماسٹر بلاسٹر سچن کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ سچن  نے۱۲؍ ہزار رنز تک پہنچنے کیلئے ۳۰۰؍ اننگز کھیلیں اور۱۳؍ سال ۷۳؍دن کا وقت لگایا تھا۔ وراٹ  کے ابھی۲۴۸؍ میچوں  میں۱۱۸۶۷؍ رن ہیں اور انہوں  نے۲۳۹؍ اننگز کھیلی ہیں۔  وراٹ  نے اپنے ون ڈے کریئر کا آغاز۱۸؍ اگست ۲۰۰۸ء کو کیا تھا اوریک روزہ کرکٹ میں انہیں ابھی۱۲؍  سال سے کچھ زیادہ وقت ہوا ہے۔ اسی بنیاد پروہ سچن کی اننگز اور وقت کے  دونوں ریکارڈ  توڑ سکتے ہیں۔ ون ڈے میں اب تک پانچ کھلاڑیوں نے۱۲؍ ہزار رنز مکمل کئے ہیں۔ سچن  نے۴۶۳؍ میچوں میں۱۸۴۲۶؍  رن ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا  نے۴۰۴؍  میچوں میں۱۴۲۳۴؍  رنز ، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ  نے۳۷۵؍  میچوںمیں۱۳۷۰۴؍  رن ، سری لنکا کے سنت جےسوریہ نے۴۴۵؍میچوں میں۱۳۴۳۰؍ رن اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے  نے۴۴۸؍  میچوںمیں ۱۱۸۶۷؍ رن بنائے ہیں۔ وراٹ اس سیریز کا دوسرا میچ کھیلتے ہی ون ڈے میں ۲۵۰؍ میچ مکمل کرلیں گے اور وہ یہ کارنامہ  انجام دینے والے آٹھویں ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے ۔ سچن ، مہندر سنگھ دھونی ، راہل دراوڑ ، محمد اظہرالدین ، ​​سورو گنگولی ، یوراج سنگھ اور انل کمبلے نے۲۵۰؍ یا اس سے زیادہ ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ اس دورے میں وراٹ کے پاس تینوں فارمیٹ میں۲۲؍ ہزار رن مکمل کرنے کا بھی موقع ہوگا۔ ان  کے پاس فی الحال تینوں فارمیٹ میں کل۴۱۶؍ میچوں میں۲۱۹۰۱؍رن ہیں۔وراٹ تینوں فارمیٹ میں کل سنچریوں کے معاملے میں  آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کی برابری کرسکتے ہیں یا انہیں  پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔پونٹنگ کی۵۶۰؍میچوں میں۷۱؍ سنچریاں ہیں جبکہ وراٹ  نے۴۱۶؍ میچوں میں ۷۰؍ سنچریاں بنائیں۔ وراٹ نے ٹیسٹ میں۲۷؍ اور ون ڈے میں۴۳؍ سنچریاں بنائی ہیں۔ وراٹ کی ٹی ٹوینٹی میں کوئی بین الاقوامی سنچری نہیں ہے اور اس فارمیٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور۹۴؍ ناٹ آؤٹ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK