Inquilab Logo

کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے سامنے ممبئی انڈینس کو روکنے کا چیلنج

Updated: October 16, 2020, 10:38 AM IST | Agency | Abu Dhabi

دنیش کارتک اپنی ٹیم کو کامیابی کی پٹری پر دوبارہ لانے کی کوشش کریںگے جبکہ روہت شرما کا مقصد پلے آف کیلئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہوگا

Rohit Sharma And Dinesh Karthik. Picture:INN
روہت شرما اور دنیش کارتک۔ تصویر: آئی این این

کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کےکے آر) کی ٹیم جمعہ کو مضبوط ممبئی انڈینس کے خلاف آئی پی ایل میچ میں واپسی کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی جبکہ ممبئی کا مقصد پلے آف کے لئے اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہوگا۔کولکاتا کے سامنے مضبوط ممبئی کو روکنے کا سخت چیلنج رہےگا۔ ممبئی ۷؍ میچوں میں ۵؍ جیت اور ۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کولکاتا ۷؍ میچوں میں ۴؍ جیت اور ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔روہت شرما کی زیر قیادت ممبئی اس ٹورنامنٹ میں مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اوراس نے اپنے آخری میچ میں دہلی کپیٹلز کو ابوظہبی میں۵؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دوسری جانب کولکاتا کو اپنے گزشتہ مقابلے میں شارجہ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں ۸۲؍ رنوں کی زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کولکاتا کو اپنی بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تبھی وہ ممبئی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف واپسی کرسکیں گے۔ ان دونوں نے ۲۳؍ستمبر کو ابوظہبی میں موجودہ آئی پی ایل میں آمنا سامنا کیا تھا جہاں ممبئی ۴۹؍رنوں سے جیت گیا تھا۔ اس میچ میں ممبئی نے اپنے کپتان اور اوپنر روہت شرما کے ۸۰؍رنوں کی عمدہ اننگز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی نے ۵؍ وکٹ پر ۱۹۵؍ رن بنانے کے بعد کولکاتاکو ۹؍ وکٹوں پر ۱۴۶؍رنوں  پر روک دیا تھا۔ کولکاتا نے اس طرح ہار کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ روہت ایک بار پھر اس گراؤنڈ پر کولکاتا کے خلاف ایک بڑی اننگز کھیلنا چاہیں گے۔ ابوظہبی میں اپنے پچھلے میچ میں ممبئی نے کوئنٹن ڈی کاک (۵۳) اور سوریہ کمار یادو (۵۳) کی شاندار نصف سنچریوں کے ساتھ دہلی کپیٹلز کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دہلی نے ۴؍ وکٹ پر ۱۶۲؍رنوں کا مشکل اسکور بنایا تھا جبکہ ممبئی نے۱۹ء۴؍اوور میں ۵؍وکٹ پر ۱۶۶؍ رن بنائے تھے۔ آخری میچ میں روہت صرف ۵؍ رن بناسکے تھے لیکن اس بار ان کا ہدف ٹیم کے لئے ایک بڑی اننگز کھیلنا ہوگا۔اس میچ میں فتح کے باوجود روہت نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم کو ابھی بھی کئی شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ روہت نے کہا کہ ہم نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے  فارم کو برقرار رکھیں۔ ہم نے سبھی چیزیں ٹھیک کرلی لیکن پھر بھی ہمیں کسی نہ کسی شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہم بہتر بولنگ کررہے ہیں اور بیٹنگ میں بھی اچھی اننگز بھی کھیل رہے ہیں لیکن ہمیں اسے آخر تک برقرار رکھنا ہوگا۔ دوسری طرف کولکاتا کو اپنے پچھلے میچ کی مایوس کن کارکردگی پر قابو پانا ہوگا۔ شارجہ کے چھوٹے گراؤنڈ پر بنگلور نے ۲؍ وکٹوں پر ۱۹۴؍ رن کا مضبوط اسکور کیا تھا جبکہ کولکاتا صرف۹؍ وکٹوں پر ۱۱۲؍ رن ہی بنا سکی تھی۔ نوجوان اوپنر شبھمن گل کو چھوڑ کر دوسرے بلے باز آیا رام گیا رام کی طرز پر پویلین لوٹتے رہے۔ گِل نے ۳۴؍ رن بنائے ، اس کے بعد آندرے رسل اور راہل ترپاٹھی نے ۱۶۔۱۶؍ رن بنائے تھے۔آئی پی ایل میں ڈیبو کھلاڑی ٹام بینٹن آٹھ ، نتیش رانا نو ، ایون مورگن آٹھ اور کپتان دنیش کارتک صرف ایک رن بنا سکے۔ کولکاتہ اس طرح کے بیٹنگ کے ساتھ ممبئی کی مضبوط بالنگ کے خلاف جیتنے کی امید نہیں کرسکتا ہے جس میں جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ جیسے بہترین فاسٹ بولر موجود ہیں۔
 کولکاتا کے کپتان  دنیش کارتک نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ٹیم کو بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ کارتک نے کہا کہ ہمیں بہت سی چیزوں میں اصلاح کرنی ہوگی اور اپنی غلطیوں سے سبق لینا ہوگا۔ بیٹنگ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں ہمیں بہتری کی ضرورت ہے۔
 کُل ملاکر کہا جائے تو ممبئی انڈینس کی جارحانہ بلے بازی اور ڈیتھ اووروں میں شاندار گیندبازی کی وجہ سے کولکاتا کے خلاف ان کا پلڑا بھاری رہنے کی امید ہے۔ممبئی کے خلاف اگر کولکاتا کو جیت حاصل کرنی ہے تو کپتان دنیش کارتک کو صحیح اور جارحانہ فیصلے کرنے ہوںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK