Inquilab Logo

چنئی سپرکنگز کی ٹیم میں ہربھجن سنگھ کی جگہ لینا بہترین احساس: کرشنپّاگوتم

Updated: February 20, 2021, 11:02 AM IST | Agency | Ahmedabad

کرناٹک کے آف اسپنر نے کہا: مجھے بہت خوشی ہے کہ میں مہندر سنگھ دھونی اور دیگر کے ساتھ کھیلوں گااور ان کے تجربات سے استفادہ کروں گا

Krishnappa Gowtham - Pic : INN
کرشنپا گوتھم ۔ تصویر : آئی این این

آئی پی  ایل کی تاریخ کے سب  سے  مہنگے  انکیپڈ کھلاڑی بننے والے کرناٹک کے آف اسپین آل راؤنڈرکرشنپّا  گوتم  نے  آئی  پی ایل نیلامی میں ملنے والی  حیرت  انگیز  قیمت پر کہا کہ چنئی  سپرکنگز میں آنا  خواب  کے سچ  ہونے جیسا ہے  اور اس ٹیم  میں میرے لئے رول ماڈل ہربھجن کی  جگہ  لینا ایک شاندار احساس ہے۔ جمعرات کو منعقدہ نیلامی میں چنئی نے گوتم کو۹ء۲۵؍ کروڑ روپے کی بڑی قیمت پر خریدا ہے۔
 گوتم کرشنپّا نے بتایا ’’ہم سب جانتے ہیں کہ چنئی سپر کنگز کس طرح کی فرنچائزی ہے۔  وہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ کھلاڑی کی بہترین کارکردگی سامنے آئے۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں مہندر سنگھ دھونی اور دیگر کے ساتھ کھیلوں گا۔‘‘ گوتم کا بیس پرائس۲۰؍ لاکھ روپے تھا اور انہیں اپنے بیس پرائس سے۴۶ء۲۵؍گنا زیادہ قیمت ملی جو آئی پی ایل کی تاریخ میں نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ لیگ اسپنر مُرگن اشون کے نام تھا جنہیں۲۰۱۶ء کی نیلامی میں۱۰؍ لاکھ  روپے  کے بیس پرائس کے مقابلے۴ء۵۰؍ کروڑروپے ملے تھے۔ 
 انہوں نے مزیدکہا ’’ہم احمد آباد میں اپنے کمروں میں تھے اور کشیدہ ماحول تھا۔ میں بہت گھبرا گیا تھا اور میں نروس تھا۔ بیوی کے ساتھ فون پر بات کر رہا تھا۔ چنانچہ ہاردک اور روہت مجھ سے ملنے آئے۔ دونوں میرے لئے بہت خوش تھے۔ انہوں نے مجھے گلے لگایا اور مجھے تہ دل سے مبارک  باد دی۔ یہ لمحہ میرے لئے بہت خاص تھا۔   کرناٹک کے آف اسپنر گوتم نے اپنے رول ماڈل ہربھجن سنگھ کی چنئی ٹیم میں اہم آف اسپنر کی شکل میں جگہ لینے کے بارے  میں کہا ’’جب  آپ کا کوئی آئیڈیل ہو اور آپ کو اس کے مقام کو پر کرنے کا  موقع ملے تو بہت اچھا لگتا ہے۔ میں اس خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ یہ کچھ  ایسا ہوتا  ہے جسے ہم  صرف سوچ سکتے ہیں اور کبھی کبھی  جب یہ سچ ہوتا ہے تو سچ  پر حیرت ہوتی ہے۔
 ۳۲؍سالہ گوتم نے اب تک ہندوستان کی طرف سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے اور انہوں نے ٹی۲۰؍ میچوں میں۶۲؍ میچوں میں۵۹۴؍رن  بنانے کے علاوہ۴۱؍ وکٹ  لئے ہیں۔ گوتم آئی پی ایل کے سب سے مہنگے ان کیپڈ کھلاڑی بنے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ کرونال پانڈیا کے نام تھا جنہیں ممبئی انڈینس نے۸ء۸؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ دہلی کیپٹلس  نے آل راؤنڈر پون نیگی کو۲۰۱۶ء میں۸ء۵؍کروڑ میں اور پنجاب کی ٹیم نے۲۰۱۹ء میں لیگ اسپنر ورون چکرورتی کو۸ء۴؍ کروڑ میں خریدا تھا۔
 آئی پی ایل کے آخری دو سیزن کے بارے میں بات چیت کریں تو گوتم  کی پنجاب میں کارکردگی  بہترین نہیں رہی ہے ۔ دونوں سیزن میں گوتم نے صرف ۹؍ میچ کھیلے اور ۲؍ وکٹ  لئے تھے۔ساتھ ہی بہت زیادہ رن ریٹ سے رن بھی دیئے ہیں حالانکہ اس پر چنئی سپر کنگز کے گیندبازی کوچ لکشی پتی بالاجی نے کہا کہ پنجاب کنگز میں گوتم کے اعدادوشمار نے چنئی ٹیم انتظامیہ کو پریشان نہیں کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK