Inquilab Logo

کلدیپ اوراشون نے رائل چیلنجرز بنگلورکو شکست دےدی

Updated: April 28, 2022, 12:43 PM IST | Agency | Mumbai

راجستھان نے بنگلور کو ۲۹؍رن سے شکست سے دوچار کردیا۔ کلدیپ نے ۴؍ اور اشون نے ۳؍وکٹ لئے

After defeating Bangalore, Rajasthan players are gathered in one place.Picture:INN
بنگلور کو شکست دینے کے بعد راجستھان کے کھلاڑی ایک جگہ جمع ہیں۔ تصویر: آئی این این

تیز گیند باز کلدیپ سین (۲۰؍ رن پر۴؍وکٹ) اور آف اسپنر روی چندرن اشون (۱۷؍ رن پر۳؍وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت راجستھان رائلز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو کم اسکور والے آئی پی ایل میچ میں۲۹؍رن سے شکست دی۔ راجستھان کی ۸؍ میچوں میں یہ چھٹی جیت ہے اور وہ ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔بنگلور نے محمد سراج، جوش ہیزل ووڈ اور وینندو ہسرنگا کے ۲۔۲؍ وکٹ کی بدولت راجستھان رائلز کو مقررہ۲۰؍ اوورمیں ۸؍ وکٹ پر۱۴۴؍ رن پر روک دیاتھا لیکن بنگلورکے بلے باز اس چھوٹے ہدف کو حاصل نہ کر سکے اور بنگلور کی ٹیم ۱۹ء۳؍ اوور میں۱۱۵؍ رن پر سمٹ گئی۔ اس طرح بنگلور کو ۹؍ میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلور کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ فارم میں بہتری کیلئے  اوپننگ میں اتارے گئے وراٹ کوہلی کی بدقسمتی نے ان کا پیچھا نہ چھوڑا اور وہ دوسرے اوور میں پرسدھ کرشنا کی گیند پر ریان پراگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وراٹ نے۱۰؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں کی مدد سے۹؍رن بنائے۔ کپتان فاف ڈو پلیسس۲۱؍ گیندوں پر۲۳؍ رن بنانے کے بعد کلدیپ سین کا شکار بنے۔ سین نے پھر گلین میکسویل کی شکل میں بڑا شکار کرلیا۔ میکسویل کا توکھاتہ ہی نہیں کھلا۔ اننگزکے۱۰؍ویں اوور میں آف اسپنر روی چندرن اشون کی گیند پررجت پاٹیداربولڈ ہو گئے۔ پاٹیدار نے۱۶؍ رن بنائے۔ سویش پربھو دیسائی کو اشون نے اپنا دوسرا شکار بنایا۔ بنگلور کے مسٹر فنشر کہے جانے والے دنیش کارتک اس بار ۶؍رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ بنگلورنے اپنا چھٹا وکٹ۷۲؍ رن کے اسکور پرگنوادیا۔ یزویندر چہل فالو تھرو میں گیند کو ٹھیک سے پکڑ نہیں پائے لیکن گیندسنبھال کرانہوں نے کارتک کو رن آؤٹ کردیا۔ شہباز احمد ۲۷؍گیندوں پر۱۷؍ رن بنا کر اشون کی گیند پر پراگ کوکیچ دے بیٹھے۔ ہسرنگا نے۱۳؍ گیندوں پر۱۸؍ رن بنانے کے بعد کلدیپ کو اونچا کیچ دے دیا۔ بنگلور کا۸؍ واں وکٹ۱۰۲؍رن کے اسکور پر گرا۔ پرسدھ کرشنا نے تھرڈ مین پر محمد سراج کو کیچ کروادیا۔ سراج نے ۵؍ رن بنائے۔ بنگلور نے اپنا آخری وکٹ۱۱۵؍رن کے اسکور پرگنوادیا اوراسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس سے قبل بنگلور نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور اس کے گیند بازوں نے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے راجستھان کے ۳؍ وکٹ۴ء۱؍ اوور میں۳۳؍رن کے اسکور تک گرا دیئے۔ ان ۳؍ وکٹوں میں ٹورنامنٹ میں ۳؍ سنچریاں لگاچکے جوس بٹلر کا وکٹ بھی شامل تھا جو ۸؍رن بناکر ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ محمد سراج نے بٹلر کا کیچ لیا۔ سراج نے اس سے قبل دیودت پڈیکل اور روی چندرن اشون کا وکٹ بھی لیاتھا۔ کپتان سنجو سیمسن۲۱؍ گیندوں پر۲۷؍ رن بنا کر ہسرنگا کی گیند پر۱۰؍ویں اوورمیں بولڈ ہوئے۔ نوجوان بلے باز ریان پراگ نے۳۱؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۶؍ رن بنا کر راجستھان کو ۱۴۴؍ رن تک پہنچادیا۔ پراگ نے ہرشل پٹیل کی اننگز کے آخری اوور میں ۲؍ چھکے اور ایک چوکا لگا کر ۱۸؍ رن بنائے۔پراگ نے فیلڈنگ کرتے ہوئے ۴؍کیچ بھی لئے  اور راجستھان کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK