Inquilab Logo

لالیگا کا اختتام، ریئل ٹاپ پر ، میسی ٹاپ اسکورر

Updated: July 21, 2020, 10:39 AM IST | Agency | Mumbai

لالیگا کے سیزن کے آخری میچ میں ریئل نے ڈرا کھیلا۔بارسلونا کی الاویس پر شاندار فتح۔ میسی ریکارڈ ۷؍ویں بارلیگ کے ٹاپ اسکورر بنے

La Liga - Pic : INN
لا لیگا ۔ تصویر : آئی این این

پیر کی دیر رات اسپینش لیگ لالیگا کے ۳۸؍ویں میچ راؤنڈ کے بعد فٹبال لیگ کے اس سیزن کا خاتمہ ہوگیا۔ ریئل میڈرڈ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی جبکہ لیونل میسی نے ریکارڈ ۷؍ ویں بار ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا۔ 
ریئل کا میچ ڈرا اور بارسلونا کی فتح
 لالیگا میں اتوار کی رات ہونےو الے میچ میں ریئل میڈرڈ اور لیگانیس کو مقابلہ ڈرا ہوا۔ دونوں جانب سے ۲۔۲؍گول ہوئے ۔ریئل کیلئے سرجیو راموس اور مارکو اسینسیو نے ایک ایک گول کیا جبکہ لیگانیس کیلئے برائن گل اور راجر اسائل نے ایک ایک گول کیا۔ بارسلونا فٹبال کلب نے الاویس کو صفر۔۵؍ سے روند دیا۔ بارسلونا کیلئے لیونل میسی  نے ۲، آنسو فاتی،لوئیس سواریزاور نیلسن سمیدو نے ایک ایک گول کیا۔ 
ریئل میڈرڈ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی
 لالیگا کے ۲۰۔۲۰۱۹ء کے سیزن میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ لیگ کے ۳۸؍میچوں میں اس کے ۸۷؍ پوائنٹس رہے۔بارسلونا کے اتنے ہی میچوں میں ۸۲؍پوائنٹس رہے اور وہ دوسری پوزیشن پررہا۔ ریئل اور اس کے درمیان ۵؍ پوائنٹس کا فرق رہا۔ تیسری پوزیشن ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب نے حاصل کی اور اس کے ۳۸؍ میچوں میں ۷۰؍ پوائنٹس رہے۔ سیویلا فٹبال کلب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ۔ حالانکہ ایٹلیٹیکو اور اس کے پوائنٹس یکساں تھے لیکن گول کے فرق کی وجہ سے ایٹلیٹیکو کو ترقی ملی۔ ویلا ریئل فٹبال کلب نے ۵؍ویں پوزیشن حاصل کی اور اس کے ۳۸؍میچوں میں ۶۰؍  پوائنٹس رہے۔  
لیونل میسی ٹاپ اسکورر 
 الاویس فٹبال کلب کے خلاف لیونل میسی نے ۲؍ گول اسکور کئے  اورسیزن میں مجموعی طور پر ۲۵؍گول کے ساتھ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بنے۔ انہوںنے اس کے ساتھ ہی نیا ریکارڈ بنایا اور وہ  ۷؍مختلف   لالیگا  سیزن  میں ٹاپ اسکور کرنے والے کھلاڑی بنے۔انہوںنے اس سیزن میں ۲۱؍مرتبہ معاونت بھی کی۔ میسی کے بعد ریئل کے کریم بینزیما دوسرے نمبرپررہے اور انہوں نے ۲۱؍ گول  کئے اور ۸؍گول کرنے میں معاونت کی۔ 
۴؍ٹیمیں چمپئن لیگ کیلئے کوالیفائی
 لالیگا کے اس سیزن سے چمپئن لیگ کے اگلے سیزن کیلئے ۴؍ٹیمیں جن میں ریئل میڈرڈ ، بارسلونا، ایٹلیٹیکو میڈرڈ اور سیویلا نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔ ویلا ریئل فٹبال کلب یوروپا لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہا۔ ریئل سوسائیڈیڈ فٹبال کلب یوروپا لیگ کے کوالیفکیشن کیلئے دیگر ٹیموں  سے مقابلہ کرے گا۔
۳؍ٹیمیں لیگ سے باہر 
 لالیگا کے اس سیزن میں ٹیبل کی نچلی ترتیب کی۳؍ٹیمیں باہر ہوگئی ہیں جن میں لیگانیس، میورکا اور ایسپنیول شامل ہیں۔ لیگانیس نے اپنے آخری میچ میں ریئل میڈرڈ سے ڈرا کھیلا لیکن اسے اس کا فائدہ نہیں ہوا۔ ۳۸؍میچوں میں اس کے ۳۶؍پوائنٹس رہے اور وہ سیلٹا ویگو سے ایک پوائنٹ کے نتیجہ میں باہر ہوگیا۔ سیلٹا کے ۳۷؍ پوائنٹس تھے۔ میورکا کے ۳۸؍ میچوں میں ۳۳؍ پوائنٹس رہے اور وہ ۱۹؍ویں نمبرپر رہا۔ ایسپنیول فٹبال کلب ۳۸؍میچوں میں ۲۵؍پوائنٹس کے ساتھ ۲۰؍ویں نمبرپر  رہا۔ 
زیدان کی بحیثیت کوچ پہلی ٹرافی 
 لالیگا کے اس سیزن میں ریئل میڈرڈ نے کرسٹیانو رونالڈو کے بغیر خطاب اپنے نام کیا۔ اس کے کوچ زین الدین زیدان نے پہلی بار بحیثیت کوچ لالیگا کی ٹرافی اٹھائی ۔ اس  سے قبل وہ ریئل میڈرڈ کیلئے چمپئن لیگ ، کلب ورلڈ کپ اور دیگر ٹرافیز جیت چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK