Inquilab Logo

لالیگا :میڈرڈ ڈربی میچ میں ایٹلیٹیکو پر ریئل کی فتح ، ٹاپ پوزیشن پر قابض

Updated: September 20, 2022, 2:11 PM IST | Agency | Madrid

ریئل نے ایٹلیٹیکو کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے دی۔راڈریگو اور والورڈی نے ایک ایک گول کیا۔بارسلونا کو ٹاپ سے بے دخل کردیا

Valverde (white) of Real receives the ball.Picture:INN
ریئل کے والورڈی (سفید) گیند حاصل کرتے ہوئے ۔ تصویر:آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا کے میڈرڈ ڈربی میچ میں ایٹلیٹیکو فٹبال کلب کو اپنے ہی گھریلو میدان پر شکست کا سامنا کرناپڑا ۔اتوار کی دیر رات ہونےو الے میچ میں  ریئل نے ایٹلیٹیکو کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔ ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی جانب سے راڈریگو اور والورڈی نے ایک ایک گول کیا۔  اسپینش لیگ لالیگا کے میچ میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے اچھی شروعات کی اور ۱۸؍ویں منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی ۔ میچ کے پہلے ہاف میں راڈریگو نے اے چوامینی کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا اور حریف ٹیم کے میدان پر سبقت دلائی۔ میچ کے ۳۶؍ویں منٹ میں ریئل کی برتری دُگنی ہوگئی ۔فیڈریکووالورڈی نے ایک شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو صفر۔۲؍ سے آگے کردیا۔  ایٹلیٹیکو کی ٹیم اپنے گھریلو میدان پر گول کرنے کیلئے جدوجہد کرتی رہی   اوراسے میچ کے آخری لمحے میں کامیابی نصیب ہوئی۔ میچ کے ۸۳؍ویں منٹ میں ایم ہرموسو نےایٹلیٹیکو کیلئے پہلا گول کیا اور میچ میں واپسی کی امیدپیداکی لیکن میچ کے آخر تک اسکور ۱۔۲؍ گول رہا اور ریئل نے اسی اسکورپر کامیابی حاصل کرلی۔ ایٹلیٹیکو کیلئے گول کرنے والے کھلاڑی  ہرموسو کو  انجری ٹائم میں ریڈ کارڈ ملا ۔اب وہ ایٹلیٹیکو کی جانب سے لالیگا کا اگلامیچ نہیں کھیل سکیں گے۔   اس فتح کے بعد ریئل کے ۶؍ میچوں میں ۱۸؍ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ وہ ٹاپ پوزیشن پر دوبارہ قابض ہوگیاہے۔ خیال رہے کہ سنیچر کو بارسلونا نے ایلچے کلب کو  شکست دے کرٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی لیکن  اب وہ دوسرے نمبرپر ہے۔ بارسلونافٹبال کلب کے ۶؍ میچوں میں ۱۶؍پوائنٹس ہیں۔  اس طرح ریئل نے ۲؍پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی ہے۔  کریم بینزیما کی غیرموجودگی میں بھی ریئل کے نوجوان کھلاڑی  اچھا کھیل رہے ہیں ، خصوصی طورپر وینیشیس جونیئر ، والورڈی اور راڈریگو نے ٹیم کی جانب سے پچھلے چند میچوں میں زیادہ گول کئے ہیں۔ وینیشیس جونیئر اس وقت لالیگا میں ٹاپ اسکورر کی فہرست میں چوتھے نمبرپر ہے۔ وہ ریئل کی جانب سےاب تک سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنےوالوں میں ٹاپ پر ہیں۔  میچ کے بعد وینیشیس نے ٹویٹر پر لکھا ’’جب بھی آپ کا دل کرے آپ رقص کرسکتے ہیں۔ ‘ ‘ انہوںنے اس پیغام کے ساتھ ہی راڈریگو کے ساتھ رقص کرنے کی ایک تصویر بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔  دوسری طرف میچ کے بعد راڈریگو نے کہاکہ میڈرڈ ڈربی  الگ ہی میچ ہوتاہے۔ یہ ایک الگ ہی میچ ہوتاہے۔ میرے لئے یہ میچ بہت ہی الگ رہا  کیونکہ میں نے اس میں گول کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK