Inquilab Logo

لیسسٹرسٹی فٹبال کلب کی چیلسی پر فتح، ای پی ایل کے ٹیبل میں سر فہرست

Updated: January 21, 2021, 2:48 PM IST | Agency | Leicester

لیسسٹر نے چیلسی کو صفر۔۲؍سے شکست دی۔ میڈیسن اور ایندیدی نے ایک ایک گول کیا۔ مانچسٹر کے دونوں کلب کو پیچھے چھوڑ دیا

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

منگل کی دیر رات ہونے والے انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کے میچ میں لیسسٹر سٹی فٹبال کلب نے چیلسی کو صفر۔۲؍سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ سیزن کے وسط میں لیسسٹر سٹی نے ای پی ایل کے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ہر میچ راؤنڈ کے ساتھ ہی ای پی ایل میں دلچسپ پوزیشن دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس فتح کے بعد لیسسٹر سٹی فٹبال کلب کے  منیجر برینڈن راڈجرس بہت خوش ہیں کیونکہ ان کی ٹیم بھی چمپئن شپ کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے اور ان کے کھلاڑی بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ وہ اپنی توانائی اور بہتر کھیل کو مسلسل برقرار رکھ رہے ہیں جس کی  وجہ سے ٹیم  ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گئی ہے۔ لیسسٹر سٹی گزشتہ ۶؍مقابلوں میں ناقابل شکست رہی ہے۔ اس وقت لیسسٹر سٹی کے اسٹار کھلاڑی جیمی ورڈی گول کرنے میں ناکام ہیں اور انہوں نے گزشتہ ۵؍میچوںمیں سے کوئی گول نہیں کیا ہےاس کے باوجود اس ٹیم میں چیلسی جیسی مضبوط ٹیم کوشکست دینے کی صلاحیت تھی۔ دوسری طرف گزشتہ ۸؍لیگ میچوں میں چیلسی کو ۵؍ویں ہار برداشت کرنی پڑی جس کی وجہ سے اس کے کوچ فرینک لمپارڈ پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ چیلسی نے اگلے سیزن میں مضبوط ٹیم بنانے کیلئے ۳۰۰؍کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے لیکن اس شکست کے بعد ٹیم ٹیبل میں ۸؍ ویں نمبرپرآگئی ہے۔ 
 منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں لیسسٹر کی جانب سے پہلا گول ولفریڈ ایندیدی نے کیا۔ انہوں نے چھٹے ہی منٹ میں ہاروی برنس کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ اس کے بعد دوسرے ہاف کے اختتام سے قبل اسٹار کھلاڑی جیمس میڈیسن نے لیسسٹرسٹی کیلئے ایک اور گول کرکے اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مددمارک برائٹن نے کی۔ میڈیسن نے اپنا تیسرا گول کیا۔ وہ گزشتہ ۳؍ میچوںمیں ۳؍گول کرچکے ہیں۔ فرسٹ ہاف میں اسکور صفر۔۲؍ اور دوسرے ہاف میں دونوں جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا جس سے اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔ 
 میچ کے بعد لیسسٹر سٹی کے منیجر برینڈن راڈجرس نے کہا ’’منگل کی رات کھلاڑیوں نے اتحاد کا مظاہرہ کیا اور چیلسی جیسی مضبوط ٹیم پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہا’’ہمیں فارورڈ کھلاڑی کا مسئلہ تھا۔ٹیم نے جس کھیل اور کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ہمیں معلوم تھا کہ ہم ایک باصلاحیت ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں اور اپنے کھیل میں صحیح حکمت عملی واضح کررہے  تھے۔‘‘شکست پانے والی ٹیم چیلسی کے منیجر فرینک لمپارڈنے کہا’’ٹیم میں ایسے کئی کھلاڑی ہیں جواچھا نہیں کھیل رہے ہیں اور یہی ہماری ناکامی کا سبب ہے۔ ‘‘ انہو ںنے مزید کہا ’’میں لیسسٹر سٹی کی جانب سے کئے جانے والے ۲؍گول سے مایوس تھا کیونکہ ہم اچھا کھیل رہے تھے لیکن ہم نے انہیں گول کرنے کا موقع دیا۔ ٹیم اپنے فارم کو حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ کھلاڑیوں کو معلوم ہے کہ انہیں ایک اچھی ٹیم سے شکست ہوئی ہے جوہم سے آگے ہے۔ ہماراپرفارمنس اچھا نہیں تھا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK