Inquilab Logo

لیسسٹر سٹی کی فتح، دوسرے مقام پر قابض

Updated: January 18, 2021, 1:28 PM IST | Agency | Leicester

ای پی ایل کے میچ میں لیسسٹر فٹبال کلب نے ساؤتھمپٹن کو صفر۔۲؍ گول سے شکست دےدی۔ میڈیسن اور ہاروی برنس نے ایک ایک گول کیا۔ ٹیبل میں۳۵؍پوائنٹس

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں سنیچر کی دیر رات ہونےوالے میچ میں لیسسٹر سٹی  فٹبال کلب نے ساؤتھمپٹن کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے اور پوائنٹ ٹیبل میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ حالانکہ اس کی یہ پوزیشن تبدیل بھی ہوسکتی ہے کیونکہ مانچسٹر یونائٹیڈ اور لیورپول کے میچ کے  بعد ہی پوائنٹ ٹیبل کی تصویر واضح ہوسکے گی۔یہ میچ اتوار کی رات ہونے والا تھا۔جیمس میڈیسن نے گول کرنے کے بعد اکیلے ہی اس کا جشن منایا تھا کیونکہ کوروناکی وباکی وجہ سے کھلاڑیوں کو گلے ملنے اور ایک دوسرے کو ماتھے پر بوسہ دینے کیلئے منع کیا گیا ہے۔ فٹبال اسوسی ایشن نے یہ نئے قوانین بنائے ہیں اور ان پر سبھی کھلاڑیوں کو پابندی کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ سنیچر کی رات ہونےو الے میچ میں لیسسٹرسٹی کے کھلاڑی اپنے میدان پر پُر اعتماد نظرآرہے تھے۔ میچ کے ۳۷؍ویں منٹ میں جیمس میڈیسن نے یوری ٹیلی مینس کی مدد سے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔  فرسٹ ہاف میں لیسسٹر سٹی کے ۲؍کھلاڑیوں ویزلی فوفانا اور مارک البرائٹن کویلوکارڈ ملا۔ فرسٹ ہاف تک اسکور صفر۔ایک رہا ۔ ساؤتھمپٹن کے کھلاڑیوں نے  برابری کا گول کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔ میچ کے دوسر ے ہاف میں ساؤتھمپٹن کے کھلاڑیوں نے اچھا دفاع کیا لیکن اس کا حملہ کمزور رہا جس کی وجہ سے وہ برابری کا گول کرنے میں ناکام رہے۔ لیسسٹرسٹی کے کھلاڑی ہاروی برنس نے میچ کے دوسرے ہاف کے انجری ٹائم میں یوری ٹیلی مینس کی مد د سےگول کر کے اسکور صفر۔۲؍ کردیا  اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔  
 میچ میں  پہلا گول کرنے والے میڈیسن نے اپنے جشن منانے کے طریقے کے تعلق سے کہا ’’یہ معمولی بات  ہے لیکن اگر اس کی وجہ سے فٹبال کھیلنا جار ی رہتا ہے تو ہمیں اس کا پابند ہونا چاہئے۔ ہمیں کہا گیا ہے کہ شائقین سے فاصلہ قائم رکھیں اور ہم اس کی کوشش کررہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا’’ہم فٹبالرس گول کرنے پر بہت جشن مناتے ہیں اور یہاں تک کہ شائقین کے درمیان بھی چلے جاتے ہیں، اس لئے ہمیں ان  نئے اصولوں پر پابندی کرنےکیلئے کہا گیا ہے۔‘‘خیال رہے کہ ساؤتھمپٹن فٹبال کلب کو شکست دینے کے بعد پوائنٹ ٹیبل میں لیسسٹر سٹی کے پوائنٹ کی تعداد ۳۵؍ہوگئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK