Inquilab Logo

لیونل میسی نےبارسلونا کی جانب سے ۷۶۸؍میچ کا سنگ میل عبور کرلیا

Updated: March 23, 2021, 1:19 PM IST | Agency | London

میسی نے ژاوی کے کلب کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ لالیگا میں بارسلونا نے سوسائیڈیڈ کو ایک۔۶؍ سے روند دیا

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی۔تصویر :آئی این این

  لیونل میسی نے بارسلونا کی جانب سے ۷۶۸؍ میچ کھیلنے کا سنگ میل عبور کرلیا اور ژاوی ہرنانڈیز کاکلب کیلئے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ خیال رہے کہ پچھلے ہفتے انہوںنے اس ریکارڈ کی برابری کرلی تھی اور اس ہفتے انہوں نے ریئل سوسائیڈیڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے اس ریکارڈ کو توڑ دیا۔ اس میچ میں انہو ںنے ۲؍گول بھی کئے اور ان کی ٹیم نے ایک۔۶؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ بارسلونا نے اس فتح کے ساتھ ہی اسپینش لیگ لالیگا کے ٹیبل میں سرفہرست فٹبال کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈپر دباؤ ڈال دیا ہے۔ ۲۸؍ میچوں میں ایٹلیٹیکو کے ۶۶؍پوائنٹس ہیں اور دوسری پوزیشن پر موجود بارسلونا کے ۲۸؍میچوں میں ۶۲؍پوائنٹس ہیں۔ دونوں کے درمیان ۴؍پوائنٹس کا فرق ہے۔ لیونل میسی کیلئے یہ میچ بہت اہم تھا اور انہوںنے اس میں ۲؍گول بھی کئے ۔ 
 میچ کا پہلاگول انٹوئین گریزمین نے ۳۷؍ ویں منٹ میں کیا اور۴۳؍ویں منٹ میں ایک اور گول سرجینو ڈیسٹ نے کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد میچ کے ہیرو لیونل میسی نے کی۔ فرسٹ ہاف میں اسکور صفر۔۲؍ رہا۔ میچ کے دوسرے ہا ف میںبارسلونا کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے میدان پر زبردست مقابلہ کیا اور یکے بعد دیگرے ۴؍گول کئے۔  ۵۳؍ویں منٹ میں سرجینو ڈیسٹ نے ایک اور گول کرکے ٹیم کا اسکور صفر۔۳؍ کردیا۔ انہوں نے اپنا دوسرا گول کیا۔ ۵۶؍ویں منٹ میں لیونل میسی نے سرجیو بُسکیٹس کی مدد سے ٹیم کا چوتھا اور اپنا پہلا گول کیا۔ ۷۱؍ویں منٹ میں عثمان دیمبیلے نے بارسلونا کا ۵؍واں گول کیا اور اسکور صفر۔۵؍ کردیا۔ اس کے بعد ۷۷؍ویں منٹ میں اینڈر برینٹزی نے سوسائیڈیڈ کی جانب سے ایک گول کرکے شکست کے فرق کوکم کرنے کی کوشش کی ۔ میچ کے آخری حصہ میں لیونل میسی نے جارڈی البا کی مدد سے ٹیم کا چھٹا اور اپنا دوسرا گول کیا اور اسکور ایک ۔۶؍ کردیا۔ اسی اسکور پر میچ کا خاتمہ ہوا اور بارسلونا نے ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔  بارسلونا نے لیگ میں مسلسل ۵؍ویں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ۹؍ویں بیرون شہر فتح اس کے نصیب میں آئی ہے۔ دوسری طرف میسی نے لیگ کےاس سیزن کا اپنا ۲۲؍واں اور ۲۳؍واں گول کیا۔ خیال رہے کہ بارسلونا کا اگلا مقابلہ ویلاڈولڈ سے ہوگا اور ایٹلیٹیکو کی ٹکر سیویلا سے ہوگی جو اس وقت چوتھی پوزیشن پر ہے۔میچ کے بعدبارسلونا فٹبال کلب کے کھلاڑی انٹوئین گریزمین  نے کہا ’’ہم مسلسل کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔اس کے بعد ہم دیکھیں گے آخر میں کیا ہوتاہے۔ اگر ہم جس طرح ابھی کھیل رہے ہیں تو امید ہے کہ  سیزن کے اختتام پر ہم چمپئن ضرور بنیں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK