Inquilab Logo

میسی کا بارسلونا کو۱۶؍ سال بعد چھوڑنے کا فیصلہ

Updated: August 27, 2020, 9:43 AM IST | Agency | Barcelona

چھ؍مرتبہ کے بیلون ڈی اور فاتح میسی نے فیکس کے ذریعہ کلب چھوڑنے کے فیصلے سے مطلع کیا۔ شائقین کا کیمپ ناؤ کے باہر مظاہرہ

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی۔ تصویر: آئی این این

 دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے فٹبال کلب بارسلونا کو ۱۶؍ سال بعد چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔لیونل میسی نے اپنے کریئر کے واحد فٹبال کلب بارسلونا سے تبادلے کی درخواست بھیج دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹائنا سے تعلق رکھنے والے۳۳؍سالہ نامور فٹبالر لیونل میسی نے ہسپانوی کلب بارسلونا کو چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیاہے۔انہوں نے انتظامیہ کو فیکس بھیجا جس میں اپنے معاہدے میں شامل شق کا حوالہ دیتے ہوئے کلب سے فوری رخصت کا مطالبہ کیاہے۔ خیال رہے کہ بارسلونا کے ساتھ لیونل میسی کا اگلے سال تک کا معاہدہ ہے اور اس میں ایک اور شق کے مطابق اگر کوئی اور کلب میسی کو خریدنا چاہتا ہے تو اس کے لئے  انہیں۷۰؍ کروڑ یوروز ادا کرنے ہوں گے۔ نامور فٹبالر کی جانب سے کلب چھوڑنے کی خبر کے بعد بارسلونا کے حامیوں کی بڑی تعداد ان کے اسٹیڈیم کیمپ ناؤکے باہر جمع ہوئی اور انہوں نے انتظامیہ اور بورڈ کے خلاف مظاہرے کئے۔ یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ اگر بارسلونا کے صدر جوزپ ماریا بارٹومیو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں تو ممکن ہے کہ لیونل میسی کلب کو چھوڑنے کا اپنا فیصلہ واپس لے لیں تاہم یہ گمان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فٹ بالر کلب کو چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کر چکے ہیں۔ میسی کا فیکس سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں یہ خبر آگ کی طرح پھیل چکی ہے اور لوگ طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں، اسی دوران یہ چہ مگوئیاں بھی ہو رہی ہیں کہ لیونل میسی آئندہ کون سے کلب کا انتخاب کریں گے۔اس ضمن میں بلیچر رپورٹ کی ایک خبر ہے جس کے مطابق لیونل میسی نے بطور کلب مانچسٹر سٹی کا انتخاب کیا ہے۔ ارجنٹائنا  سے تعلق رکھنے والے لیونل میسی نے ۲۰۰۴ء میں بارسلونا میں شمولیت اختیار کی تھی، یہ ان کے کریئر کا واحد کلب تھا جس سے وہ مسلسل ۱۶؍ سال تک منسلک رہے۔ لیونل میسی بارسلونا کلب کے ساتھ۴؍ مرتبہ چمپئن لیگ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں یہی نہیں بلکہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی میسی کو اسی کلب میں شمولیت کے دوران ملا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK