Inquilab Logo

لیونل میسی نے ژاوی کے ریکارڈ کی برابری کرلی

Updated: March 17, 2021, 12:17 PM IST | Agency | Barcelona

بارسلونا کیلئے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔ بارسلونا نے لالیگا میں ہیوسکا فٹبال کلب کو ایک ۔۴؍گول سے شکست دی

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی۔تصویر :آئی این این

  لیونل میسی نے بارسلونا میں رہتے ہوئے ایک اور ریکارڈ کی برابری کر لی ۔ انہوں نے اسپینش کلب کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کے  ریکارڈکی برابری کرلی ہے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ پیر کی دیررات ہونے والے میچ میں ہیوسکا فٹبال کلب کے خلاف بنایا۔ خیال رہے کہ بارسلونا کے مڈ فیلڈر ژاوی ہرنانڈیز نے کلب کیلئے  ۷۶۷؍میچ کھیلنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔   پیرکی دیر رات ہونے والے میچ میں بارسلونا فٹبال کلب نے ہیوسکا کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دے کر ۳؍ پوائنٹس حاصل کئے اور اسپینش لیگ لالیگا کے ٹیبل میں دوسری پوزیشن پر بھی دوبارہ قبضہ کر لیا۔  اس میچ میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے بھی ۲؍گول کئے اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول اداکیا۔   بارسلونا فٹبال کلب نے میسی کے  اعزاز میں ایک بڑی تصویر آویزاں کی۔ اس تصویر میں لیونل میسی کے ساتھ ساتھ ژاوی بھی نظر آ رہے تھے۔ اس تصویر میں ۷۶۷؍کے اعدادوشمار بھی لکھے ہوئے تھے اور اس پر لکھا ہوا تھا کہ ’۷۶۷؍میچ اور آسمان کی بلندی کی چھولو۔‘  بارسلونا فٹبال کلب کے نئے کوچ رونالڈ کوئمین نے کہا ’’یہ غیرمعمولی کامیابی ہے اور انہوں نے اس کلب کیلئے بہت سی خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی موجودگی سے ٹیم اچھا کھیلتی ہے اور وہ کامیاب رہتی ہے۔ بارسلونا ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کرے گا۔‘‘  بارسلونا کلب نے پیر کی دیر رات ملنے والی کامیابی سے لالیگا کے ٹیبل میں ٹاپ پر موجود ایٹلیٹیکو میڈرڈ پر دباؤ ڈال دیا ہے۔ ایٹلیٹیکو نے ۲۷؍میچوں میں ۶۳؍پوائنٹس حاصل کئے ہیں جبکہ ۲۷؍میچوں میں بارسلونا نے ۵۹؍ پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں اور اب ان دونوں کے درمیان صرف ۴؍پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا ہے۔ دوسری طرف تیسری پوزیشن پر موجود ریئل میڈرڈ فٹبال کلب اور بارسلونا کے درمیان ۲؍پوائنٹس کا فرق ہے۔   پیر کی دی رات ہونے والے میچ میں  بارسلونا نے شروعات ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا۔ اس میچ کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے ۱۳؍ویں منٹ میں پہلا گول کرکے حریف ٹیم پر صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے بعد انٹوئین گریزمین نے اس برتری کو دُگنا کردیا اور اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ دوسری طرف ہیوسکا کی جانب سے رافا میر نے فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں پنالٹی پر ایک گول کرکے اسکور ایک۔۲؍کردیا۔ میچ کے دوسرے ہا ف میں بھی بارسلونا نے زبردست دباؤڈالا اور اس کی جانب سے تیسرا گول آسکر من گیزا نے ۵۳؍ ویں منٹ میں کیا۔ میچ کے آخری حصے میں بھی لیونل میسی نے ایک اور گول کرکے اسکور ایک۔۴؍ کر دیا۔اس کے بعدکوئی اور گول نہیں ہوسکا اور دوسرے نمبرپر موجودبارسلونا نے یہ میچ ایک۔۴؍ سے جیت لیا۔   خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی بارسلونا فٹبال کلب چمپئن لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ سے باہر ہوگیا تھا اور اس کے بعد وہ پیر کی دیر رات میچ کھیلنے کیلئے میدان پر آیا تھا۔ اس نے میچ پر پورا کنٹرول کیا تھا اور حریف ٹیم کو کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ میسی نے اسپینش لیگ میں ۱۳۰؍ویں بار ایک میچ میں ۲؍گول کئے ہیں۔ارجنٹائناسے تعلق سے رکھنے والے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے لیگ میں ۲۱؍گول کردیئے ہیں اور وہ ایٹلیٹیکو کے لوئیس سواریز سے ۳؍گول آگے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK