Inquilab Logo

لیونل میسی نےاگیورو کےلئےجذباتی پیغام پوسٹ کیا

Updated: December 17, 2021, 1:39 PM IST | Agency | Barcelona

فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سرجیو اگیورو کے تعلق سے میسی نے کہا کہ ان کی کمی محسوس ہوگی

Lionel Messi shared his photo with Sergio Aguero on social media..Picture:INN
لیونل میسی نے سرجیواگیورو کے ساتھ اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔۔ تصویر: آئی این این

پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے گزشتہ روز فبٹال کو خیر باد کہنے والے سرجیو اگیورو کےلئے دل کو چھو لینے والا جذباتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔واضح رہے کہ میسی اور سرجیو گزشتہ ۱۵؍ سال سے ارجنٹائنا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔۳۳؍سالہ سرجیو اگیورو نے گزشتہ روز کیمپ ناؤ میں اپنے موجودہ اور سابق فٹبال  کے ساتھی کھلاڑیوں کی موجودگی میں دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے سبب فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔اس تقریب میں سرجیو کے قریبی دوست لیونل میسی شرکت نہیں کر سکے تھے لیکن انہوںنے سوشل میڈیا پر ان کےلئے ایک جذباتی پیغام پوسٹ کیا ہے۔
 لیونل میسی نے اپنے ساتھ سرجیو کی قومی ٹیم کی جرسی میں تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا’’ ہم نے اپنا تقریباً پورا کریئر ساتھ گزارا ہے۔اس دوران ہم نے بہت ہی خوبصورت لمحات ساتھ گزارے ہیں۔قومی ٹیم نے ہمیں ایک اچھا دوست بننے کا موقع فراہم کیا۔ہم میدان کے باہر بھی اچھے دوست بنے رہیںگے۔ابھی کچھ دنوں پہلے ہم نے ارجنٹائنا کےلئے کوپا امریکہ کی ٹرافی ساتھ اٹھائی تھی۔آپ نے انگلینڈ میں بھی شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس بات سے مجھے کافی تکلیف پہنچی ہے کہ اب آپ میدان میں کھیل نہیں سکیںگے جس کیلئے  آپ میں  جنون تھا۔ میں جانتا ہوں کہ یہ فیصلہ  اپنی مرضی سے نہیں کیا ہے۔‘‘ لیونل میسی نے مزید لکھا کہ ’’آپ آئندہ بھی خوش رہنا جاری رکھیںگے کیوںکہ آپ ایسی شخصیت کے مالک ہیں جو دوسروں کو خوش کرنا  جانتے ہیں۔میں  اور جو بھی آپ سے پیار کرتے ہیں وہ آئندہ بھی آپ سے پیار کریںگے۔اب جبکہ آپ کی زندگی کا نیا باب شروع ہورہا ہے تو مجھے پورا یقین ہے کہ آپ اس کا سامنا بھی چہرے پر شاندار مسکراہٹ کے ساتھ کریںگے۔آپ کو میں نیک خواہشات پیش کرتا ہوں میرے دوست۔ ارجنٹائنا کےلئے جب بھی میچ کھیلوں گا تو میدان پر مجھے آپ کی کمی محسوس ہوگی۔‘‘
 لیونل میسی کے اس پیغام کا سرجیو اگیورو نے سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’’ میں آپ سے پیار کرتا ہوں میرے دوست۔‘‘ یاد رہے کہ بدھ کو سرجیو اگیورو نے دل کی بیماری کے سبب کھیل کو الوداع کہہ دیا تھا۔ارجنٹائنا کے اسٹرائیکر ۳۰؍اکتوبر کو الاویز کے خلاف ہونے والے میچ کے دوران سینے پر ہاتھ رکھ کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ڈاکٹروںسے مشورہ کے بعد نم آنکھوں سے اگیورو نے گزشتہ روز فٹبال سے سبکدوش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK