Inquilab Logo

ریکارڈ فتح کے ساتھ لیورپول نے ای پی ایل میں لیسسٹر سٹی کو شکست دے دی

Updated: November 24, 2020, 11:44 AM IST | Agency | Liverpool

لیورپول نے لیسسٹر سٹی کو صفر۔۳؍ سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے گھر یلو میدان پر مسلسل ۶ا۴؍ میچوں میں ناقابل شکست رہنا کا ریکارڈ بنایا

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

انگلش پریمیرلیگ (ای پی ایل ) کے دفاعی چمپئن لیورپول فٹبال کلب نے کلب ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مسلسل ۶۴؍میچوں میں اپنے گھریلو میدان اینفیلڈ میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بنایا۔یہ کارنامہ لیورپو ل کے فٹبال کلب نے اتوارکی رات لیسسٹر سٹی کے خلاف ہونےوالے میچ میں انجام دیا۔ دفاعی چمپئن نے لیسسٹرکے کلب کو صفر۔۳؍ سے شکست دے دی اور ٹیبل میں  دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔  اتوار کی فتح کے بعد لیورپول فٹبال کلب کے ۲۰؍پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ حالانکہ ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب  کے بھی  ۲۰؍پوائنٹس ہیں لیکن گول کے فرق کی وجہ سے لندن کا کلب ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ لیورپول نے سیزن کا اچھا آغاز کیا ہے اور ابھی سیزن ختم ہونے میں بہت وقت باقی ہےتب تک پوائنٹ ٹیبل میں کئی بار ردوبدل ہوگا۔ اتوار کی رات ہونے والے میچ میں پہلا گول لیسسٹر سٹی کے کھلاڑی  نے اپنے ہی گول میں ڈال کرکیا۔ اینفیلڈ میں ۲۱؍ویں منٹ میں لیسسٹر کے کھلاڑی جانی ایوانس نے اون گول کر کےاسکور صفر۔ ایک کردیا۔ میچ کے ۴۱؍ویں منٹ میں ڈیگو جوٹا نے اینڈریو رابرٹسن کی مدد سے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں رابرٹو فرمینو نے لیورپول کی جانب سے تیسرا گول کرکے اسکور صفر۔۳؍کردیا اور اسی اسکورپر میچ کا اختتام ہوگیا۔اس فتح کےساتھ ہی لیورپول کو ۳؍ پوائنٹس ملے۔ اس شکست کے باوجود لیسسٹر ٹاپ ۴؍میں شامل ہے اوروہ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اس کے۱۸؍پوائنٹس ہیں۔ اپریل ۲۰۱۷ء سے لیورپول کی ٹیم اچھی کارکردگی کررہی ہے اور اس نے اپنے گھریلو میدان پر ناقابل شکست رہنےکاریکارڈ بنایا۔ یہ ٹیم ۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ء کی دہائی کی عظیم لیورپول ٹیم کی طرح ہے جو مسلسل کامیابی حاصل کررہی ہے اور ٹیبل میں اچھی پوزیشن پر ہے۔ اس میچ میں لیورپول کے اسٹار کھلاڑی محمد صلاح شامل نہیں تھے کیونکہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ مصر کے بین الاقوامی میچ میں بھی شرکت نہیں کرپائے تھے۔ محمد صلاح کی طبیعت اس وقت اچھی اور ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیاہے۔ اس میچ میں وہ لیورپول کی جانب سے نہیں کھیل سکے۔ دوسر ی طرف لیسسٹر سٹی کے اسٹار جیمی ورڈی  ناکام ثابت ہوئے اور وہ گول نہیں کرسکے۔ حالانکہ انہوں نے گول کرنے کی کئی بار کوشش کی  جو ناکام رہی۔ لیورپول اور ٹوٹنہم کے درمیان اب یکساں ۲۰۔۲۰؍ پوائنٹس ہیں  اور دونوں بالترتیب دوسری اور پہلی پوزیشن پر ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK