Inquilab Logo

رسہ کشی سے پُر مقابلے میں لیورپول نے ٹوٹنہم کو شکست دی

Updated: January 13, 2020, 10:20 AM IST | Agency | London

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں لیورپول کے ستارے اس وقت بلندی پر ہیں اور وہ ٹیم مسلسل کامیابی حاصل کرتی جارہی ہے۔ سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں لیورپول نے رسہ کشی والے اس مقابلے میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کو صفر۔ ایک سے شکست دے کر پوائنٹ ٹیبل میں اپنی پوزیشن مضبو ط کرلی ہے۔

لیورپول نے ٹوٹنہم کو شکست دی ۔ تصویر : آئی این این
لیورپول نے ٹوٹنہم کو شکست دی ۔ تصویر : آئی این این

 لندن : انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں لیورپول کے ستارے اس وقت بلندی پر ہیں اور وہ ٹیم مسلسل کامیابی حاصل کرتی جارہی ہے۔ سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں لیورپول نے رسہ کشی والے اس مقابلے میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کو صفر۔ ایک سے شکست دے کر پوائنٹ ٹیبل میں اپنی پوزیشن مضبو ط کرلی ہے۔ لیورپول نے دوسری پوزیشن پر موجود لیسسٹر سٹی سے پوائنٹس کے فاصلے کو بڑھا دیا ہے۔ 
 سنیچر کو ہونےوالے میچ میں ٹوٹنہم نے اپنے گھریلو میدان  پر زبردست جدوجہد کی لیکن لیورپول کا دفاع اتنا مضبوط تھا کہ اس کے کھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے  اور ٹیبل میں ٹاپ  پوزیشن پر موجود ٹیم فاتح رہی۔ میچ کے پہلے ہی ہاف میں لیورپول کی جانب سے واحد گول ۳۷؍ ویں منٹ میں ہوا۔ یہ گول برازیل سے تعلق رکھنے والے رابرٹو فرمینو نے کیا اور ان کی معاونت محمد صلاح نے کی۔ ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب کے گول کے قریب پہنچ کرلیورپول کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتےہوئے گول کرنے میں کامیابی حاصل کی اور اسکور صفر۔ ایک کردیا ۔ یہی اسکور میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔
 لیورپول فٹبال کلب کی ای پی ایل میں اس سیزن   کے ۲۱؍میچوں میں یہ ۲۰؍ویں فتح ہے ۔ اس کا ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔ لیورپول کے ۲۱؍میچوں میں اب ۶۱؍پوائنٹس ہوگئے ہیں اور دوسری پوزیشن پر موجود لیسسٹر سٹی اور اس کے درمیان ۱۶؍پوائنٹس کافر ق پیدا ہوگیاہے۔
 یورپ میں کھیلی جانے والی ۵؍بڑی لیگز میں ۲۱؍میچو ں میں ۶۱؍پوائنٹس حاصل کرنے کے معاملے میں لیورپول فٹبال کلب پہلا کلب ہے جس نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ایسا کارنامہ اس سے قبل کسی اور فٹبال کلب نے نہیں کیا تھا۔ اس شکست کے بعد ٹوٹنہم فٹبال کلب  اب چھٹے نمبرسے ۸؍ویں نمبر پر پہنچ گیاہے۔لیورپول نے سیزن کے آغاز ہی سے بہت زیادہ فرق بنالیا تھا اور ایسا لگتاہے کہ اب لیورپول کی ۳۰؍سال بعد ای پی ایل خطاب جیتنے کی خواہش پوری ہوگی۔ 
 میچ کے بعد لیورپول کے منیجر یورگین کلوپ نے بتایا’’ہم نے ٹوٹنہم کے باکس میں زبردست فٹبال کھیلا اور ہمیں ۹۰؍ سے ۹۵؍ منٹ تک کھیلنے کیلئے تیار رہنا چاہئے تھا۔ٹیم کے کھلاڑی اس کیلئے تیار تھے لیکن ہم اس سے بھی بہتر کرسکتے تھے۔ ‘ ‘ خیال رہے کہ اب اگلے اتوارکو لیورپول کو ایک اور مضبوط فٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ سے مقابلہ کرناہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK