Inquilab Logo

مانچسٹر سٹی کا ریکارڈ توڑنے سے لیورپول محروم

Updated: July 17, 2020, 12:01 PM IST | Agency | London

آرسنل نے پریمیر لیگ چمپئن کو شکست دیتے ہوئے اسے ایک سیزن میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے سے روک دیا

Sadioma
لیورپول کےلئے آرسنل کے خلاف سادیو مانے نے واحد گول کیا۔

انگلش پریمیر لیگ کا خطاب پہلے ہی لیورپول اپنے نام کر چکی ہے حالانکہ گزشتہ رات کھیلے جانے والے مقابلے میں اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے اس کا مانچسٹر سٹی کا ایک سیزن میں ریکارڈ پوائنٹس حاصل کرنے کا خواب ٹوٹ گیا۔بدھ کی دیر رات کھیلے جانے والے مقابلے میں لیورپول کو آرسنل کے ہاتھوں ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 واضح رہے کہ لیورپول نے ۳۰؍سال کے طویل عرصہ کے بعد پریمیر لیگ کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔اس کی نگاہیںمانچسٹر سٹی کے ذریعے ایک سیزن میں بنائے گئے ۱۰۰؍پوائنٹس پر لگی ہوئی تھیں اور اس ریکارڈ کو توڑنے کا لیورپول کے پاس موقع بھی تھا لیکن وہ اس میں ناکام ہو گئے۔ سادیو مانے نےکھیل کے ۲۰؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے لیورپول کو ایک صفر کی برتری دلا دی تھی لیکن آرسنل کے الیکزانڈرے لکاجیٹے نے پہلے ہاف کے ۳۲؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے آرسنل کو برابری پر لاکر کھڑا کر دیا۔ اس کے ۱۲؍منٹ بعد ہی ریس نیلسن نے آرسنل کےلئےگول کر دیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔
 میچ کے بعد لیورپول کے کوچ یرگون کلوپ نے کہا ’’ ہم سبھی انسان ہی ہیں۔ میںاتنی ڈھیر ساری مثبت باتوں میں سے کوئی منفی بات نہیں تلاش کر سکتا ۔ہم اس سیزن میں کافی پہلے ہی چمپئن بن گئے تھے۔ہمارے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطاب جیتا ہے۔انہوںنے پورے سیزن کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس  کامیابی کو کوئی کم نہیں کرسکتا۔‘‘
 واضح رہے کہ لیورپول نے اپنے گزشتہ مقابلوں میں سے صرف ایک پوائنٹ ہی حاصل کیا ہے۔اسے برنلے نے بھی ایک ایک سے برابری پر روک دیا تھا۔آرسنل کے ہاتھوں ملنے والی شکست اس سیزن میں لیورپول کی محض تیسری شکست ہے۔لیورپول کے اب ۹۳؍پوائنٹس ہیں اور بقیہ دونوں میچ جیتنے پر بھی اس کے ۹۹؍پوائنٹس ہی ہوںگے جو کہ مانچسٹری سٹی کے ذریعے بنائے گئے ایک سیزن میں ۱۰۰؍پوائنٹس سے کم ہوں گے اور اس طرح لیورپول کا سٹی کا ریکارڈ توڑنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK