Inquilab Logo

لیورپول فٹبال کلب کو چمپئن قرار دیا جانا چاہئے

Updated: March 31, 2020, 7:38 AM IST | Inquilab Desk | London

مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ایلکائی گنڈوگن نے کہا :لیورپول ای پی ایل چمپئن شپ کا حقدار ہے اور اس کا اعلان کردیا جانا چاہئے

Liverpool - Pic : INN
لیورپول ٹیم ۔ تصویر : آئی این این

مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے مڈ فیلڈر ایلکائی گنڈوگن نے کہاکہ  لیورپول فٹبال کلب کو انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) کا اس سیزن کا چمپئن قرار دیا جانا چاہئے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب ایسا لگتاہے کہ  اگلے مقابلے نہیں ہوں گے۔ خیال رہے کہ لیورپول کی ٹیم ۱۹۹۰ء سے ای پی ایل کے خطاب کیلئے کوشش کررہی ہے اور اس سیزن میں اس کے جیتنے کے امکانات زیادہ تھے۔ اس وقت لیورپول کے ای پی ایل کے پوائنٹ ٹیبل میں ۲۹؍میچ کھیل کر ۸۲؍ پوائنٹ ہیں جبکہ دوسرے نمبرپر موجود مانچسٹر سٹی کے ۵۷؍پوائنٹس ہیں۔ اس لئے سٹی کے مڈ فیلڈر نے لیورپول کو چمپئن شپ کا حقدار قرار دیا ہے  اور اسے ٹرافی دینے کی بات کہی ہے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ میں کورونا وائرس کی وجہ سے ۳۰؍ اپریل تک شٹ داؤن  کا اعلان کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ای پی ایل کا کوئی میچ نہیں ہورہاہے۔ 
 جرمنی سے تعلق رکھنے والے سٹی کے کھلاڑی نے کہاکہ اگر سیزن  کا اختتام کیا جاتاہے تو لیورپول کو ٹرافی دی جانی چاہئے اور میں اس کیلئے زیادہ غوروفکر نہیں کروں گا۔ ایک کھلاڑی ہونے کے ناطے میں چاہوں گا لیورپول کے ساتھ  انصاف ہو۔ یاد رہے کہ گنڈوگن کی ٹیم سٹی لیورپول سے ۲۵؍پوائنٹس پیچھے ہے او ر ابھی سیزن ختم ہونے میں محض ۷؍ میچ باقی ہیں اور اگرچہ کوئی بھی ٹیم لیورپول فٹبال کلب کو چیلنج نہیں کرسکتی۔ انہوں نے مزید کہاکہ دیانتداری سے کہوں تو مجھے یقین نہیں ہورہاہے کہ فٹبال سیزن تھم گیا ہے اور کوئی  میچ نہیں ہورہا ہے۔  انہوں نے کہاکہ ہم ساتھی کھلاڑی پریکٹس بھی نہیں کرپارہے ہیں جس کی وجہ سے فٹبال کا بہت نقصان ہورہاہے۔
   جرمنی کے مسلم کھلاڑی نے کہاکہ لیورپول کا پورا سیزن دیکھئے شاندار رہا ہے اور اس کے کھلاڑی جس انداز میں کھیل رہے تھے اسے دیکھ کرلگتاہے کہ وہی چمپئن ہے ۔ اس لئے میں چاہوں گاکہ ای پی ایل چمپئن لیورپول کو قرار دیا جائے۔ خیال رہے کہ ۳۰؍ اپریل کے بعد ای پی ایل کے آغاز کا امکان کم ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK