Inquilab Logo

محمد صلاح اور سادیو مانی کے گول سے لیورپول فٹبال کلب کی فتح

Updated: February 26, 2020, 10:33 AM IST | Agency | Liverpool

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں لیورپول فٹبال کلب کی جیت کا رتھ رُکنے کا نام نہیں لے رہاہے اور اس نے پیر کی دیررات لیگ میں مسلسل ۱۸؍ویں کامیابی حاصل کی۔

محمد صلاح اور سادیو مانی کے گول سے لیورپول فٹبال کلب کی فتح ۔ تصویر : آئی این این
محمد صلاح اور سادیو مانی کے گول سے لیورپول فٹبال کلب کی فتح ۔ تصویر : آئی این این

 لیورپول : انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں لیورپول فٹبال کلب کی جیت کا رتھ رُکنے کا نام نہیں لے رہاہے اور اس نے پیر کی دیررات لیگ  میں مسلسل ۱۸؍ویں کامیابی حاصل کی۔ لیورپول نے محمد صلاح اور سادیو مانی کے گول کی بدولت ویسٹ ہیم یونائٹیڈ کو اپنے گھریلو میدان اینفیلڈپر ۲۔۳؍ سے شکست دے کر ۳؍ پوائنٹس حاصل کرلئے ۔
 پیر کی دیر رات ہونے والے میچ کے آخری حصے میں ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم اپنے ۲؍پوائنٹس گنوا دے گی لیکن ایسا نہیں ہوا اور سادیو مانی نے ۸۲؍ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو فاتح بنادیا۔خیال رہے کہ گزشتہ اس نے سال اکتوبر میں  مانچسٹر میں یونائٹیڈ سے ڈرا کھیلا تھا اور ۲؍پوائنٹس کا نقصان کروایا تھا۔ 
 پیر کی دیر رات لیورپول نے اپنے گھریلو میدان پر شروعات ہی میں پہلا گول داغ دیا۔ ٹرینٹ الیکزینڈر آرنالڈ کے کراس پاس پر جیارجینیو وجنالڈم نے ہیڈر کے ذریعہ ٹیم کاپہلا گول کیا اور اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ لیکن ۱۲؍ ویں ہی منٹ میں ویسٹ ہیم کے کھلاڑی عیسیٰ ڈائوپ نے رابرٹ اسٹاڈگراس کی مدد سے ٹیم کیلئے برابری کا گول کیا۔ فرسٹ ہاف کے خاتمے پر اسکور ایک۔ ایک سے برابر رہا۔ 
 دوسرے ہاف میں بھی  ویسٹ ہیم کے کھلاڑیو ںنے اپنی کارکردگی سے حیران کرنے کی کوشش کی خصوصی طورپر اس کے گول کیپر نے کئی شاٹ روکے۔ ۵۴؍ویں منٹ میں پیبلو فورنالس نے ڈیکلین رائس کی مددسے ٹیم کا اسکور ایک۔۲؍ کردیا۔ اس کے بعد اینفیلڈ میں خاموشی چھا گئی لیکن محمد صلاح کے گول کی بدولت لیورپول میچ میں لوٹ آیا۔ اینڈی رابرٹسن کے کراس پاس  پرمحمد صلاح نے ہلکی سی کک لگائی اور ویسٹ ہیم کے گول کیپر کی غلطی کی وجہ سے گیند گول میں چلی گئی۔ لوکاس فیبیانسکی گیند کو پکڑنے کی کوشش میں ناکام رہے اور گیند ان کےدونوں پیروں میں سے گول میں سما گئی۔ اسکور ۲۔۲؍ہونے کے بعد لیورپول کے کھلاڑیوں میں ہمت آئی لیکن جس طرح وقت گزر رہا تھا ایسا لگ رہا تھا کہ لیورپول کو ۲؍ پوائنٹس کا نقصان ہوجائے گا لیکن میچ کے آخری وقت  میں  ٹرینٹ الیگزینڈر آرنالڈ کے پاس پر سادیو مانی نے ٹیم کیلئے اہم اور فاتحانہ گول کیا۔ میچ کے آخری حصے میں ہونے والے گول کی بدولت لیورپول  نے کامیابی حاصل کرلی۔ ای پی ایل میں ٹاپ پوزیشن پر موجود لیورپول فٹبال کلب نے ۲۔۳؍سے مقابلہ جیت کر ۳؍پوائنٹس حاصل کر لئے ۔ 
 اس فتح کے بعد لیورپول کے ۲۷؍میچوں میں  ۷۹؍پوائنٹس ہیں اور وہ دوسری پوزیشن پر موجود مانچسٹر سٹی فٹبال کلب سے۲۲؍پوائنٹس آگے ہے۔ لیورپول نے اس سیزن کے ۲۷؍ میں سے ۲۶؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس کا ایک میچ ڈرا ہواہے۔اگر لیورپول فٹبال کلب ایسا ہی کھیلتا رہا تو مارچ کے  وسط تک ای پی ایل چمپئن کا اعلان ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK