Inquilab Logo

لیورپول فٹبال کلب کا ۳۰؍ سال بعد انگلش پریمیر لیگ پر قبضہ

Updated: June 27, 2020, 3:30 AM IST | Liverpool

چیلسی کے ہاتھو ں مانچسٹر سٹی کی شکست نے لیورپول کو چمپئن بنادیا۔ ای پی ایل میں لیورپول نے ۷؍میچ باقی رہتے خطاب پر قبضہ کرلیا۔ لیورپول اور سٹی کے درمیان ۲۳؍پوائنٹس کا فرق۔

Liverpool fans celebrating. Photo: INN
لیورپول کے مداح جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

لیورپول فٹبال کلب کے ۳۰؍ سال کا انتظار ختم ہوا اور وہ انگلینڈ کی گھریلو لیگ کا چمپئن بن گیا۔ جمعرات کی دیر رات مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کیخلاف چیلسی فٹبال کلب کی فتح نے لیورپول کو۳۰؍ سال بعد انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل )کا چمپئن بنادیا۔ اگلے ہفتے لیورپول کو مانچسٹر سٹی کے خلاف ہونے والے میچ کے بعد انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کی ٹرافی دی جائے گی۔خیال رہے کہ ا س سے قبل لیورپول فٹبال کلب نے ۱۹۹۰ء میں پریمیر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ چیلسی فٹبال کلب اور مانچسٹر سٹی کے میچ کے نتیجے کا مطلب یہ ہے کہ سٹی کی ٹیم لیورپول کو میچ کے باقی ۷؍ راؤنڈ میں مات نہیں دے سکے گی۔ لیورپول نے۳۱؍میچوں میں ۸۶؍پوائنٹس حاصل کئے ہیں جبکہ سٹی نے اتنے ہی میچوں میں ۶۳؍ پوائنٹس حاصل کئے ہیں ۔ اب دونوں کے مابین ۲۳؍پوائنٹس کا فرق ہے۔اگر مانچسٹر سٹی اپنے بقیہ ۷؍میچ جیت بھی جاتاہے تو اسے ۲۱؍ پوائنٹس ملیں گے اور ان دونوں ٹیموں کے درمیان ایسے ہی ۲۳؍پوائنٹس کا فرق ہے۔ اس لئے لیورپول نے ای پی ایل میں خطاب یقینی کرلیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل میں چیلسی کے۵۴؍ پوائنٹس ہیں اور وہ چوتھے نمبر پرہے جبکہ لیسسٹر سٹی تیسرے نمبرپر ہے۔ ۵؍ویں نمبر پر مانچسٹر یونائٹیڈ ہے جو چیلسی سے ۵؍ پوائنٹس پیچھے ہے۔
 

لیورپول فٹبال کلب نے یہ اعزاز ایک ایسے وقت میں جیتاہے جب لیگ کورونا وائرس کی وجہ سے تقریباً۳؍ ماہ سے تعطل کا شکار رہی اور اس کے بعد خالی اسٹیڈیم میں میچوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جب اسٹیمفورڈ برج پرآخری سیٹی بجنے لگی تو اسٹیڈیم کے باہر صرف چند درجن شائقین کھڑے ہو گئے لیکن جلد ہی یہ تعداد ایک سو کے پارہوگئی اور انہوں نے آتش بازی سے لیورپول کلب کی جیت کا جشن منایا۔لیورپول فٹبال کلب کے منیجر یورگین کلوپ نے کہا’’ یہ ایک بہت بڑا لمحہ ہے۔ میں بہت خوش ہوں ۔ ‘‘جرمنی سے تعلق رکھنے والے منیجرنے کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایساموقع آئے گا۔ مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے۔ 
 ابھی ای پی ایل کے ۷؍میچ باقی ہیں اور اس سے پہلے ہی لیورپول فٹبال کلب نے خطاب پر قبضہ کرلیا ہے۔ کلب کے امریکی نژاد مالک جان ہینری نے بتایاکہ پوری دنیا نے لیورپول کلب کے کھیل کو دیکھا اور اس کی تعریف کی۔ انہو ں نے کہاکہ ہماری تیاری بہت اچھی تھی اور ہماری ٹیم میں بہت سی صلاحیتیں ہیں ۔ پریمیر لیگ کے سیزن میں لیور پول نے ۳۱؍ میں سے۲۸؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ لیورپول کی کامیابی کے بعدبرطانیہ بھر میں جشن کا سماں رہا۔ خوشی میں من چلوں نے آتش بازی کی اور خوب جشن منایا۔

چیلسی کے ہاتھوں سٹی کی شکست 
انگلش پریمیرلیگ (ای پی ایل)میں جمعرات کی دیر رات ہونے والے اہم مقابلے میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی ٹیم نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے چیلسی نے اسے اپنے گھریلو میدان اسٹیمفورڈ برج میں ایک ۔۲؍ سے شکست دے دی۔ اس کی وجہ مانچسٹر سٹی کی ٹیم کو ۳؍پوائنٹس کا نقصان ہوا۔ جمعرات کی رات ہونےو الے میچ میں پہلا گول چیلسی کی جانب سے ہوا اور یہ گول کرسچین پولیسچ نے کیا۔ انہوں نے بہتر اندازمیں گول کرتے ہوئے پہلے ہاف میں صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں سٹی کے کیون ڈی برائن نے برابری کا گول کرتے ہوئے اسکور ایک ۔ ایک کردیا۔ ۷۷؍ویں منٹ میں سٹی کے کھلاڑی فرنانڈنہو کو ریڈ کارڈ ملا اور چیلسی کو ایک پنالٹی ملی جس پر ویلین نے گول کرکے اسکور ایک۔۲؍ کردیا اور اسی اسکورپر میچ کا اختتام ہوا۔ پریمیر لیگ کے دیگر میچوں میں آرسنل کو گول کیپنگ کی خامیوں کا فائدہ ملا۔ آرسنل نے ساؤتھمپٹن کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ آرسنل کی جانب سے ایڈورڈ نکیٹیا اور جوزف ویلوک نے ایک ایک گول کیا۔ 
کلوپ اور گارڈیالا نے کیا کہا
لیورپول فٹبال کلب کے منیجر یورگین کلوپ نے ٹیم کے خطاب جیتنے کے بعد کہاکہ میں پہلے ہی سے کہتا آیا ہوں کہ ہم چمپئن بنیں گے۔ گزشتہ سیزن میں ہم تھوڑے فرق کی وجہ سے خطاب سے محروم رہے تھے لیکن اس سیزن میں ٹیم نے بہت اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ خیال رہے کہ اس سیزن میں لیورپول نے ۳۱؍میچوں میں سے ۲۸؍میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس کے ۲؍میچ ڈرا ہوئے ہیں اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔یاد رہے کہ ۳؍ماہ قبل لاک ڈاؤن سے قبل ہی لیورپول چمپئن بن سکتا تھا اگر اس کا ایک میچ ڈرا نہیں ہوتا اور وہ ایک میچ میں مات نہیں پاتا۔ دوسری طرف چیلسی سے شکست کے بعد مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے لیورپول کو خطاب جیتنے کی مبارکباد دی اور کہاکہ سرخ فوج نے ای پی ایل میں سٹی کے دور کا خاتمہ کردیا۔ یہ ای پی ایل کی تاریخ کا طویل سیزن ہے جوجو ن کے آخرمیں بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ۲؍سیزن بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اس سیزن میں ٹیم کمزور ہوگئی اور وہ لیورپول سے پیچھے ہوگئی۔ یاد رہے کہ ۲؍سال قبل مانچسٹر سٹی نے لیورپول کو ۲۵؍پوائنٹس کا فرق رہتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK