Inquilab Logo

لیورپول بمقابلہ مانچسٹر سٹی :آج ای پی ایل خطاب کے ۲؍مضبوط دعویداروں میں ٹکر

Updated: October 03, 2021, 7:05 AM IST | liverpool

لیورپول اپنے مضبوط گڑھ اینفیلڈ پر مانچسٹر سٹی سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار

Comparison between Liverpool and Manchester City
لیورپول اور مانچسٹر سٹی کے درمیان موازنہ

اتوار کی رات انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں لیورپول اور مانچسٹر سٹی فٹبال کے درمیان مقابلہ ہوگا اور دونوں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی پوری کوشش کریں گے۔ یہ میچ لیورپول کے مضبوط گڑھ اینفیلڈ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔  پوائنٹ ٹیبل پر دونوں نمبروَن اور نمبر۲؍ پوزیشن پر ہیں۔ لیورپول کے ۶؍میچوں میں ۱۴؍پوائنٹس ہیں اور مانچسٹر سٹی کے اتنے ہی میچوں میں ۱۳؍پوائنٹس ہیں۔ لیورپول نے ای پی ایل کا گزشتہ مقابلہ برینٹفورڈ کلب  سے ۳۔۳؍ سے ڈرا کھیلا تھا۔ دوسری طرف مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے چیلسی جیسے مضبوط کلب کو صفر۔ ایک سے شکست دے دی تھی۔ دونوں فٹبال کلبوں کے پاس اسٹار کھلاڑیوں کی ایک فوج ہے۔ 
 اس وقت لیورپول اس سیزن میں ای پی ایل میں ناقابل شکست ٹیم ہے اور اس کا پچھلا مقابلہ ڈرا ہوا تھا۔ اس ڈرا کو بھول کر منیجر یورگین کلوپ کی ٹیم مانچسٹر سٹی سے سخت مقابلہ کرنا چاہے گی۔ گزشتہ ہفتے چمپئن لیگ میں بھی لیورپول نے شاندار فتح حاصل کی تھی اور وہ مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر فتح کی پٹری پر لوٹنا چاہے گی۔ 
 دوسر ی طرف مانچسٹر سٹی کی ٹیم اس سیزن میں ای پی ایل میں اچھا کھیل رہی ہے ،حالانکہ اس کے اسٹار کھلاڑیوں سے اب بھی بہتر کارکردگی کی توقع کی جارہی ہے۔ یوئیفا چمپئن لیگ کے میچ میں گزشتہ ہفتے اسے پیر س سینٹ جرمین کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جس میں اس کے اسٹارکھلاڑی گول کرنے میں ناکام رہے تھے اور پیرس کے کلب نے مقابلہ صفر۔۲؍ سے جیت لیا تھا۔ اتوار کو مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کو لیورپول کے سامنے ایک مضبوط ٹیم میدان پر اتارنے کی ضرورت ہوگی۔ 
 سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے لیورپول کے منیجر یورگین کلوپ کےہاتھوں اپنے کریئر  میں سب سے زیادہ شکست پائی ہیں۔ کلوپ کے سامنے گارڈیالا کو ۸؍میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ لیورپول کے محمد صلاح اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور اپنی ٹیم کے گزشتہ ۵؍میچوں میں ۴؍گول کئے ہیں اور ۲؍گول میں معاونت کی ہے۔ مانچسٹر سٹی کے ونگر رحیم اسٹرلنگ نے لیورپول کے خلاف گزشتہ ۳؍میچو ںمیں ۲؍گول کئے ہیں۔ وہ اتوار کو اپنے سابقہ کلب کے خلاف ایک بار پھر اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرنا چاہیں گے۔ لیورپول کی ٹیم لیگ کے ۱۶؍ میچوں میں ناقابل شکست رہی ہے اور وہ اتوا کو بھی مانچسٹر سٹی کے سامنے اسی کارکردگی کو دُہرانا چاہے گی۔ 
 لیورپول کے منیجر یورگین کلوپ نے کہاکہ  مجھے نہیں معلو م کہ میںنے پیپ گارڈیالا کے بارے میں کبھی غلط الفاظ استعمال کئے ہوں گے۔ ان کی حکمت عملی مجھے پسند آتی ہے اور وہ مختلف انداز میں ٹیم کو ترتیب دیتے ہیں۔ لیکن جب سٹی کے اسٹاف میں سے کوئی یہ کہتا ہے کہ کلوپ نے یہ کہا ہے تو مجھے بہت غصہ آتاہے۔ میں اس کیلئے معذرت کرتا ہوں۔  انہوںنے مزید کہاکہ میں پیپ کی بہت عزت کرتا ہوں کیونکہ وہ اچھے منیجر ہیں اور انہوں دنیا کی بہترین ٹیموں کو مینج کیا ہے۔ ہم فٹبال کے میدان پر ایک دوسرے کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں۔ 

football Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK