Inquilab Logo

ای پی ایل چمپئن بننے کے بعد لیورپول کی پہلی ہار

Updated: July 04, 2020, 3:02 AM IST | Manchester

مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے ای پی ایل کے میچ میں صفر۔۴؍ سے شکست دی۔ لیورپول کے سبھی اسٹار کھلاڑی گول کرنے میں ناکام۔

Manchester City players. Photo: INN
مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی۔ تصویر: آئی این این

 انگلش پریمیرلیگ (ای پی ایل ) میں حال ہی میں چمپئن بننے والے لیورپول فٹبال کلب کوچمپئن بننے کے بعد پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے ای پی ایل کے نئے چمپئن لیورپول کو جمعرات کی رات صفر۔۴؍ سے شکست دی ۔ اس میچ میں لیورپول کے سبھی اسٹار کھلاڑی ناکام رہے اور وہ گول کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے نئے چمپئن لیورپول کو گارڈ آف آنر دیا اور اسی وقت لیورپول فٹبال کلب چمپئن نظر آیا بقیہ میچ میں مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے اس کی دُرگت بنادی۔ لیورپول کی ناقص کارکردگی پر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے بھی طنز کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ہفتے لیورپول کے کھلاڑیوں نے زیادہ بیئر پی لی ہوگی۔ اس کی وجہ سے وہ اچھا فٹبال کھیلنے میں ناکام رہے۔ 
 جمعرات کی رات کو میچ کے ۲۵؍ویں منٹ میں سٹی کو پنالٹی ملی اور اس کے کھلاڑی کیون ڈی برائن نے اسے گول میں تبدیل کردیا۔ اس گول کے ۱۰؍منٹ بعد ہی رحیم اسٹرلنگ نے فل فوڈین کے پاس پر سٹی کیلئے دوسرا گول کیا اوراسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ بغیر شائقین کے ہونے والے میچ میں سٹی کی ٹیم اپنے گھریلو میدان اتحاد اسٹیڈیم میں زبردست حملے کررہی تھی۔ میچ کے فرسٹ ہاف کے اختتام سے قبل فل فوڈین نے کیون ڈی برائن کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کیا اورای پی ایل کے نئے چمپئن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میں بھی سٹی کے کھلاڑیوں نے لیورپول کے کھلاڑیوں کو آگے بڑھ کر کھیلنے نہیں دیا اور انہیں مسلسل روکے رکھا۔ ۶۶؍ویں منٹ میں لیورپول کے الیکس آکسلیڈ چیمبرلین نے اپنے ہی گول میں گیند ڈال کر اسکور صفر۔۴؍ کردیا۔ مانچسٹر سٹی کا اسکور صفر۔۵؍ ہوسکتا تھا لیکن ریفری نے سٹی کے ایک گول کو مسترد کردیا۔ ریاض محرز کے گول کو ریفری نے مسترد کر دیا اور سٹی اور لیورپول کے میچ کا اختتام صفر۔۴؍  کے اسکور پر ہوا۔
 میچ کے بعدلیو رپول کے منیجر یورگین کلوپ نے کہاکہ وہ ہم سے بھی تیز کھیل رہے تھے۔ ہمارے کھلاڑیوں میں تیزی کی کمی تھی۔ انہو ں نے کہاکہ ایک چمپئن کو مانچسٹر سٹی کے سامنے اس طرح کی کارکردگی کامظاہرہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ لیورپول اپنے سیزن کو یادگار بنا سکتاہے اور ایک سیزن میں ۱۰۰؍سے زائد پوائنٹس حاصل کرنے کا ریکارڈ بناسکتاہے لیکن سیزن کے اختتام پر لیورپول کے کھلاڑی ناقص کارکردگی مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ یاد رہے کہ ۱۸۔۲۰۱۷ءکے سیزن میں مانچسٹر سٹی نے ۱۰۰؍پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے لیگ چمپئن شپ جیتی تھی۔ 
 کلوپ نے کہاکہ سٹی کے کھلاڑی جارحانہ رویے کے ساتھ کھیل رہے تھے جبکہ ہمارے کھلاڑی چمپئن کی طرح نہیں کھیل رہے تھے۔ انہو ں نے کہاکہ اس شکست سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا تاہم ہم اس سیزن میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔۳۲؍میچوں کے بعد لیورپول فٹبال کلب ۸۶؍پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ مانچسٹر سٹی ۳۲؍میچوں میں ۶۶؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپرہے۔ لیسسٹر سٹی ۵۵؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ چوتھے نمبرپر ہے چیلسی کی ٹیم جس کے ۳۲؍ میچوں میں ۵۴؍ پوائنٹس ہیں ۔
جوزے مورنہو کی ٹیم کی شکست 
انگلش پریمیر لیگ میں جوزے مورنہو کی ٹیم ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب کو شیفیلڈ یونائٹیڈ کے ہاتھوں ایک۔۳؍ سے شکست ہوئی ۔اس شکست کے بعد منیجر جوزے مورنہو کی ٹیم ٹیبل میں ۹؍ویں نمبرپر ہے۔ جمعرات کی دیر رات ہونے والے میچ میں شیفیلڈ کے کھلاڑیوں نےاچھی کارکردگی کی اور ۳؍گول کئے۔ میچ کا پہلا گول شیفیلڈ کی جانب سے سینڈر برگ نے کیا۔ میچ کے ۳۳؍ ویں منٹ میں ہیری کین نے برابری کا گول کیا تھا لیکن ریفری نے اسے مسترد کردیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں لیس موسیٹ نے اینڈا اسٹیونس کی مدد سے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا اور اسکور ایک۔۲؍ کردیا۔میچ کے ۸۴؍ ویں منٹ میں اولیورمیک برنی نے سینڈر برگ کی مدد سے شیفیلڈ کیلئے تیسرا گول کیا اور ٹوٹنہم ہاٹسپرپر زبردست دباؤ ڈالا۔ میچ کے آخری لمحات میں ہیری کین نے ٹوٹنہم کی جانب گول کرکے شکست کے فرق کو کم کیا۔ کین نے ہنگ من سن کی مدد سے ٹیم کیلئے گول کیا اوراسکور ایک۔۳؍ کردیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK