Inquilab Logo

لیورپول کی سرخ فوج کی اپنے مضبوط قلعہ اینفیلڈ میں ۶۸؍میچ کے بعدہار

Updated: January 23, 2021, 12:14 PM IST | Agency | Liverpool

انگلش پریمیر لیگ کے میچ میںبرنلے فٹبال کلب نے صفر۔ ایک سے ہرا دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں برنس نے پنالٹی پر گول کیا

Liverpool - Pic : INN
لیورپول ۔ تصویر : آئی این این

لیورپول کی سرخ فوج کو اپنے مضبوط قلعہ اینفیلڈ میں مسلسل ۶۸؍میچ میں ناقابل شکست رہنے کے بعد جمعرات کی دیر رات انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل)کے میچ  میں برنلے فٹبال کلب کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا۔ اس میچ میں برنلے کی جانب سے واحد گول برنس نے کیا۔ 
 پریمیرلیگ کے میچ میں لیورپول فٹبال کلب نے برنلے  کے خلاف بھرپور حملے کئے اور اسے گول کرنے کا آسان موقع بھی ملا لیکن ضائع ہوگیا۔ میچ کے۸۳؍ویں منٹ تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعدبرنلے کو پنالٹی کک ملی اور ایشلے برنس نے گول کرکے  اپنی ٹیم کو صفر۔ایک  سے کامیابی دلا دی۔ واضح رہے کہ یہ لیورپول کی۶۸؍ میچوں کے بعد گھریلو میدان  پر پہلی شکست ہے۔ اس شکست کے بعد اسے ۳؍پوائنٹس کا نقصان ہوا ہے اور اس کے ٹاپ ۴؍سے باہر نکلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ 
 دفاعی چمپئن لیورپول کے اس وقت ۱۹؍میچوں میں ۳۴؍  پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں چوتھی پوزیشن پر ہے۔ اس وقت مانچسٹر یونائٹیڈ ٹاپ پوزیشن پر ہے اور ای پی ایل کے ٹیبل کی پوزیشن ہر میچ راؤنڈ کے بعد مسلسل تبدیل ہورہی ہے۔ مانچسٹر سٹی کو اگلے میچ میں کامیابی کے بعد ٹاپ پوزیشن پر قابض ہونے کا موقع ملے گا۔ خیال رہے کہ اس میچ میں ٹیم کے اسٹار کھلاڑی محمد صلاح اور رابرٹو فرمینو اسٹارٹس لائن اپ میں شامل نہیں تھے ۔ فرمینو بھی بعد میں میدان پر آئے لیکن تب تک دیر ہوچکی تھی  اور وہ کھیل کو سمجھ بھی نہیں پائے تھے۔
 برنلے نے ۱۹۷۴ء کے بعد اینفیلڈ میں پہلی بار کامیابی حاصل کی ہے۔ اس شکست کے بعد یورگین کلوپ کی ٹیم مانچسٹر یونائٹیڈ سے ۶؍پوائنٹس پیچھے ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اس کی چمپئن شپ کی دفاعی مہم کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ کلوپ کے کھلاڑیوں نےگزشتہ ۴؍مقابلوں میں گول نہیں کیا ہے۔ 
 میچ کے بعد منیجرکلوپ نے کہاکہ میری حکمت عملی برنلے کے خلاف کام نہیں آئی ہے اور اس سے قبل میں نے اس کا اعتراف کیا ہے۔ یہ میری غلطی ہے کیونکہ میں نے لیورپول کے کھلاڑیوں کو دفاعی حکمت عملی پر عمل کرنے کیلئے کہا۔ انہو ںنے کہاکہ میں اب بھی ٹیم کا دفا ع کرتا ہوں اور چاہتاہوں کہ وہ اس شکست کو بھول کر اگلے میچ کی تیاری کرے ۔ میچ میں فیبنہو او ر برنس کے درمیان معمولی جھگڑا ہوگیا تھا۔ اس پر کلوپ نے کہاکہ میچ کے بعد دونو ںمیں دوستی ہوگئی اور اب سب کچھ ٹھیک ہے۔ 
 میچ میں اہم گول کرنے والے برنس نے کہا کہ ٹیم کو خود پر یقین ہےاس لئے وہ ایسی مضبوط ٹیموں کو بھی شکست دینے میں یقین رکھتی ہے۔ ہم اپنے کھیل میں بہتر ہورہے ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ ہمارا کام کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اپنے کام میں بہتری لارہے ہیں او رحریف ٹیم پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ہمیں معلوم ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوجائیں گے۔ لیورپول کو شکست دے کر بہت خوشی ہورہی ہے اور امید کرتے ہیں کہ ایسے بڑے مقابلے ہمارےنام رہیں۔ برنلے کے ٹیبل میں ۱۸؍ میچوں  میں۱۹؍پوائنٹس ہیں او روہ ۱۶؍ویں نمبرپر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK